پیر, 13 جنوری 2025

ایمز ٹی وی (بزنس) پاکستان نے گزشتہ پانچ سال کے دوران قرضوں اور سود کی مد میں 25ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی ہیں جو ملک کی ایک سال کی مجموعی برآمدات کے برابر ہیں۔ پانچ سال کے دوران قرض کی اصل رقم کی مد میں 20ارب ڈالر جبکہ سود کی مد میں تقریباً 5ارب ڈالر ادا کیے گئے۔

معاشی استحکام کے بلند دعوؤں کے باوجود پاکستان قرضوں کے ایک نہ ختم ہونے والے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ پانچ سال کے دوران 25ارب ڈالر ادا کرنے کے باوجود مجموعی غیرملکی قرضوں میں محض ایک ارب 26کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے اور مجموعی غیرملکی قرضوں کی مالیت مالی سال 2014-15کے اختتام پر 65ارب 10کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان کے معاشی چیمپیئن کشکول توڑنے، خودانحصاری کی منزلیں طے کرنے تو کبھی عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بلند کرنے کے دعوے کرتے ہیں تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ عوام کی بے رنگ فاقہ مستی کے خاتمے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے۔

پاکستان کبھی اپنے گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور کبھی پچھلے قرضےاتارنے کے لیے نئے قرضے لینے پر مجبور ہوتا ہے اور کبھی خودانحصاری کی منزل پانے کے لیے عوام کے گردن میں قرضوں کا بھاری طوق ڈالا جاتا ہے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) محققین کہتے ہیں کہ والدین کو اپنے بچوں کے لیے بہت اعلیٰ مقاصد نہیں رکھنے چاہیئں کیونکہ والدین کی بہت زیادہ اُمیدیں بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق والدین جب اپنے بچوں سے تعلیمی کامیابیوں کے لیے زیادہ امیدیں لگاتے ہیں تو ان کے بچے اسکول میں بہتر کارکردگی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تحقیق کاروں نے کہا کہ ہمیں والدین کی خواہشات اور توقعات اور بچوں کے نتائج کے درمیان ایک براہ راست ارتباط ملا ہے۔

'امریکن سائیکولوجی ایسوسی ایشن' کی طرف سے منعقد کرائے جانے والے مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ والدین کی اُمیدوں کے بچوں کی تعلیمی حصولیابی پر مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات ملے ہیں۔

ریڈنگ یونیورسٹی سے وابستہ تحقیق کاروں کے مطابق اگرچہ والدین کی امیدیں بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتی ہیں لیکن ضرورت سے زیادہ تمنائیں بچوں کی تعلیمی کارکردگی کے لیے زہر جتنی مہلک ثابت ہو سکتی ہیں۔

جریدہ 'پرسنلیٹی اینڈ سوشل سائیکولوجی' میں شائع ہونے والی تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر کوو مورائی یاماکہتے ہیں کہ والدین کے لیے پیغام وہی سادہ اور براہ راست ہے کہ والدین بچوں کے لیے اُمیدیں رکھیں جس سے وہ زیادہ کامیابیاں حاصل کریں گے، لیکن حقیقت پسندانہ توقعات سے زیادہ اُمیدیں بچوں کی تعلیمی نتائج خراب کر سکتی ہیں کیونکہ صرف اُمیدیں بڑھا لینے سے بچوں کی تعلیمی کامیابیوں میں اضافہ کرنا ممکن نہیں ہے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عید میلاد النبی ﷺ اوربابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر سرکاری تعطیلات کے اعلان کے باعث ملک بھر میں سرکاری ملازمین رواں ہفتے لگاتار 4 چھٹیاں منائیں گے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر جمعرات کو عام تعطیل ہوگی جب کہ جمعے کو بابائے قوم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے اور اس روز بھی سرکاری طور پر تعطیل ہوتی ہے جب کہ ہفتے اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے، اس طرح ملک بھر میں سرکاری دفاتر، بینک اور اکثر بین الاقوامی نجی کمپنیاں جمعرات سے اتوار تک لگاتار 4 روز بند ہوں گے۔4 چھٹیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے اپنے آبائی علاقوں یا بیرون شہر تفریح کے لئے بدھ کے روز کی بھی چھٹی لے لی ہے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، نئی سیاسی جماعت میں پیپلز پارٹی کے متعدد رہنماؤں کی شمولیت کا امکان ہے۔مخدوم فیصل صالح حیات نئی سیاسی جماعت کیلیے اپنے قریبی معتمدین کے ساتھ صلاح مشوروں میں مصروف ہیں، نئی سیاسی جماعت کا نام پاکستان پیپلزپارٹی عوامی رکھے جانے کا امکان ہے تاہم نام کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، فیصل صالح حیات سے بلاول بھٹو زرداری نے بھی رابطہ کر کے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے اور پنجاب کی صدارت کی پیشکش بھی کی ہے، نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کے بارے میں عام انتخابات سے قبل فیصلہ کر لیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے بھی فیصل حیات سے رابطہ کیا ہے اور نئے سیاسی اتحاد بنانے پر بات چیت کی گئی ہے۔

ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی وزیر پٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گیس بحران آئندہ ماہ بھی جاری رہے گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن دونوں ہی گیس کی طلب پوری کرنے سے قاصر ہیں، بالخصوص گھریلو صارفین کو گیس کی سپلائی مشکل ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال گیس کا بحران گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ سنگین ہے اور حکومت گیس کی طلب اور رسد کے درمیان خلا کو پورا نہیں کر سکی، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں روزانہ دو سو ملین کیوبک فٹ گیس کی قلت ہے، جس سے گھریلو صارفین کے لیے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں حکومت کیا کرے جب صرف پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 3 لاکھ سے زائد نئے گھریلو کنکشنز سسٹم میں شامل ہوچکے ہیں۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ اور بلوچستان میں گیس بحران کا خطرہ نہیں ہے۔

ایمزٹی وی(سکھر)سکھربائی پاس کے قریب تیزرفتار کوچ کی ٹکر سے کار کو دولہا اور دلہن سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں میں دولہا کی تین بہنیں اور ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ ایک لڑکا زخمی ہوا ہے تفصیلات کے مطابق سکھر کا عثمان دو ہی دن پہلے شکارپور سے بشریٰ کو دلہن بنا کر لایا تھا۔ ولیمے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ خوفناک حادثے کاشکار ہوگئے۔حادثے میں دولہا دلہن کی جاں بحق ہونے کی خبر ملنے پر خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ دلہن اور جاں بحق ہونے والے دولہا کی بہنوں کے زیور جائے حادثہ سے اسپتال پہنچنے کے دوران غائب ہو گئے۔اس حوالے سے پولیس اور دیگر لوگ کچھ بھی بتانے سے گریزاں ہیں۔

ایمز ٹی وی (میانوالی) سیلوبرادری کے نمائندے حافظ روشن نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی دھمکی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ اگرانہیں قیمت ملی تووہ جگہ خالی کردیں گے‘کالج کے سنگ بنیاد کے وقت وہ 40کنال راضی بطور عطیہ دے چکے ہیں لیکن اب ان کے پاس اتنی جگہ نہیں کہ وہ کالج کو دے سکیں۔

عمران خان زبردستی زمین چھیننا چاہتے ہیں انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔ آنیوالی نسلوں کے بچوں کے گھر بنانے کیلئے بھی جگہ نہیں، ایک طرف سڑک ہےتو دوسری طرف جھیل ۔ان کاکہناتھاکہ زمین خریدنے کی کسی نے بات ہی نہیں کی ، کہتے ہیں کہ دے دیں تو بہتر ہوگا، ورنہ دوسرے طریقے سے لےلیں گے ، یہ پیسہ نہیں لگاتے، اگر قیمت کی ادائیگی کریں تو ہم متبادل جگہ خرید کریہ جگہ خالی بھی کرسکتے ہیں لیکن ابھی اس بارے میں کوئی سوچا نہیں کیونکہ ہمیں رقم کی کسی نے پیشکش ہی نہیں کی ۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)صدرمملکت ممنون حسین نے دوسری عالمی انٹر نیٹ کانفرنس میں اردو زبان میں تقریر کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔کانفرنس کا انعقاد سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن چائنا اور ژی جیانگ کی صوبائی حکومت نے کیا تھا جس سے چین کے صدر ژی جن پنگ نے بھی خطاب کیا۔ صدرممنون حسین نے کانفرنس سے اپنے خطاب میں جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کی جانب سے انٹرنیٹ اورسائبرسپیس کے غلط استعمال کوچیک کرنے کیلیے اجتماعی عالمی کاوشوں پر زور دیا ہے تاریخ میں پہلی بارہواہے کہ کسی پاکستانی صدر نے اس طرح کے عالمی فورم پر اردو میں تقریرکی ہو۔ اس سے نہ صرف قومی زبان کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ یہ قابل فخربھی ہے اورایک مضبوط ثقافتی ورثہ کی عکا س ہو گی۔

ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) کمشنر کراچی نے کہا ہے منشیا ت سے نجات حا صل کر نے کے لیے معاشرہ اور حکومت کو مل کر کام کر نے کی ضرورت ہے۔ اس سے نجات حا صل کرنے میں تاخیرکے نتائج مستقبل میں تباہ کن ہوں سکتے ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں ڈویثرنل ایڈز کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی ون اسلم کھوسو، تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت اور ایڈز کنٹرول کے لئے کام کر نے والے سر کاری اداروں ،ایڈز کے خاتمہ کے لئے دنیا بھر میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم گلوبل فنڈ کے ذیلی اداروں نئی زندگی پاکستان سو سائٹی اور دیگر مقامی این جی اوز اور ایڈز و ایچ آئی وی کے خاتمہ کے لئے کام کر نے والے ماہرین نے شر کت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں 16 ہزار افراد انجیکشن کے ذریعے منشیات پی رہے ہیں۔ان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔کمشنر نے کہا کہ حکومت اس سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کررہی ہے ا ور مختلف پروگراموں پر عملد رآمد کیا جا رہا ہے ۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) صوبائی محکمہ تعلیم کی ناقص کارکردگی اور قومیائے گئے اسکولوں کو جان بوجھ کر نجی پارٹیوں کے حوالے کرنے کی پالیسی کے باعث سول اسپتال کے قریب کروڑوں روپے مالیت کے طالبات کے سرکاری اسکول کو نجی پارٹی کے حوالے کردیا گیا اس طرح اب تک 150سے زائد قومیائے گئے اسکولوں کو نجی پارٹیوں کے حوالے کیا جاچکا اور چند کے سوا سب کی عمارتیں توڑ کر کمرشل پلازہ مین تبدیل کرکے مافیا اربوں روپے کما چکا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ اسکول قیام پاکستان سے قبل ایک ماریشس کے جوڑے نے علاقے کی طالبات کے لئے قائم کیا تھا جہاں مفت تعلیم دی جاتی تھی قیام پاکستان کے بعد یہ یہ جوڑا ماریشس واپس چلا گیا اور مقامی لوگ اسکو چلاتے رہے بعدازاں اسے قومیا لیا گیا۔ ایم بی گورنمنٹ گرلز سکینڈری اسکول عمارت بظاہر ایک عدالتی حکم پر خالی کی گئی لیکن اس کی اپیل بھی نہیں کی گئی نہ ہی ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا بلکہ سکریٹری تعلیم یا ڈائریکٹر ایجوکیشن کے نوٹیفیکشن کے بجائے اسے خالی کرنے کے احکامات ڈسٹرک ایجوکیشن افسر ایلیمینٹری، سیکنڈری اور ہائرسکینڈری اسکولز جنوبی صبا محمود نے دیئے۔

مکحمہ تعلیم ضلع جںوبی کی کوارڈینیٹر فرزانہ نے بتایاکہ طالبات کو کم کرنے کے لئے مرکزی دروازہ بند کردیا گیا، کبھی چوری کی جاتی کبھی طالبات کو ڈرایا جاتا اور پھر اس کے نتائج خوفناک نکلے طالبات کی تعداد کم ہوتی گئی اور پھر گزشتہ دو سال سے ایک طالبہ بھی نہیں رہ گئی تھی جس کے بعد اسکول کی عمارت میں توڑ بھوڑ کی گئی سامان باہر پھیک دیا گیا۔

Page 12 of 104