پیر, 25 نومبر 2024

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سانحہ ملتان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سانحہ قاسم باغ جلسے کو ناکام کرنے کی کوشش کی گئی۔ انتظامیہ نے جان بوجھ کر اسٹیڈیم کی لائٹیں بند کروائیں۔ انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری تھی۔ عمران خان کی آمد پر بھی انتظامیہ نے کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ ذمے داری لینے کو تیار نہیں تو چھٹی پر چلی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ڈی سی او شہباز شریف کا منشی ہے۔ اس لئے اس سےغیرجانبداری کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

ایمز ٹی وی (لاہور) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماءرانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان دھرنے کی ابتداءسے ہی لاشیں ڈھونڈ رہے تھے اور عمران خان اور شاہ محمود قریشی لاشوں کی سیاست کررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید احمد ان ہلاکتوں کے بلاواسطہ ذمہ دار ہیں ملتان میں جلسے کے دوران بد انتظامی سے 7 کارکن جاں بحق ہوئے ہیں مگر عمران خان اسلام آباد دھرنے پر پہنچ گئے ہیں مگرکوئی فرد ہسپتال تک نہیں گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سمیت سب کے جلسے جنریٹر پر ہی ہوتے ہیں، اسی طرح آج بھی جنریٹر چلا مگر تحریک انصاف نے جنریٹر بند کر کے خود بندے مروانے کا انتظام کیا، جہاں تک وزیر اعلی شہباز شریف سے انکوائری کے مطالبے کی بات ہے تو بندے مروانے کی انکوائری نہیں ہوتی، ایف آئی آر ہوتی ہے اور ملزمان سے تفشیش ہوتی ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سرحدی علاقے سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میران شاہ کا دورہ کیا جو زندگی کا خوشگوار تجربہ تھا، میران شاہ میں آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے پاک فوج کی کامیابابیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ جاری ہے، پاک فوج کے جوان بہادی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانےاور ان سے برآمد ہونے والا اسلحہ دیکھا جب کہ جوانوں کے بلند حوصلے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پیپلز پارٹی کے شر یک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سینٹ میں اکثریت ہے، صحیح ایشوز پر حکومت کی ڈٹ کر مخالفت کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اچھے جمہوری ماحول سے معاشی طور پر مستحکم کرنا ہو گا لائن آف کنٹرول پر جو ہو رہا ہے حکومت اسے احتیاط سے حل کرے، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی منفی سیاست کا راستہ کبھی نہیں اپنائے گی ۔

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں قومی کی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے قوم پیچھے کھڑی رہی تو ضرور وزیراعظم بنیں گے،جنون کے سامنے لیگی کارکنوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔عمران خان کہتے ہیں کہ ملتان میں جلسوں کے تمام ریکارڈ توڑیں گے، گو عمران گو کے نعرے سن کر خوشی ہوئی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ عوامی حمایت حاصل ہوتو بڑے مگر مچھوں کو بھی کٹہرے میں لا سکتے ہیں ،انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم دباؤ میں آکرغلطیاں کررہے ہیں۔عمران خان نےکہا کہ ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ ملک میں جمہوریت نہیں، قبضہ گروپ ہے جو پچیس سال سے باریاں لے رہا ہے مگراب قوم جاگ گئی ہے۔

 

ایمز ٹی وی (لاہور) مریم نواز کا ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے،جس میں انہوں نے کہاہے کہ اب لاہور اورراولپنڈی میں لوگوں کو غیرت دکھانی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ عمران خان اپنے کنٹینر سے باہر نکلتے ہوئے خوف محسوس کرینگے۔

 

ایمز ٹی وی (ملتان)  ملتان میں تحریک انصاف کے جلسےکی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسہ گاہ میں چالیس فٹ اونچا اور اسی فٹ چوڑا سٹیج بنایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق قلعہ کہنہ قاسم باغ کرکٹ اسٹیڈیم میں تحریک انصاف آج اپنا سیاسی میدان سجائے گی ، تحریک انصاف کی ضلعی انتظامیہ ملتان نے جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ، چالیس فٹ اونچا جبکہ اسی فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے ۔ جلسہ گاہ میں تیس ہزار کرسیاں لگائی جائیں گی ، جبکہ آٹھ ہزار کرسیاں خواتین کے لیے مخصوص کی گئی ہیں ۔ تاہم اس کرکٹ سٹیڈیم میں ایک لاکھ افراد آسکتے ہیں جبکہ کارکنوں کے داخلے کے لیے چار گیٹ لگائے گئے ہیں ، اس کے علاوہ واٹر ورکس روڈ پر پارکنگ کا انتظامیہ کیا گیا ہے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،دوسری طرف ملتان پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے ۔ ترجمان ملتان پولیس کے مطابق جلسے کی سکیورٹی کے لئے دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے ۔ چودہ سو چھیاسٹھ پولیس اہلکار جلسہ گاہ کی سکیورٹی پر معمور ہونگے جبکہ چھ سو ریزروز سٹینڈ ٹو ڈیوٹی کریں گی ۔ جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے تمام انتظامات کی نگرانی سی پی او ملتان سلطان احمد چودھری اور ایس ایس پی آپریشنز چودھری سلیم کریں گے۔

 

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی میں کچی شراب پینے سے مزید 2 افراد کی ہلاکت کے بعد جاںبحق ہونےوالوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے،جناح اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کی انچارچ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ آج بھی کچی شراب سے متاثرہ 5 افراد کو اسپتال لایا گیا جس میں سے 2 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ کچی شراب سے مجموعی طور پر اب تک 32 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ کچی شراب پینے کے باعث مرنے والوں میں سے بیشتر کا تعلق لانڈھی اور کورنگی سے ہے۔

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)  وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت بھارتی جارحیت کے حوالے سے قومی سلامتی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی اور وزیر اعظم کو  بتایا جائے گا کہ کہ مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا کس قدر موثر جواب دیا جا رہا ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں پاک فوج کے اہلکار آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاک بحریہ کے نئے نیول چیف ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں جس میں مسلح افواج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام،آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ، ڈی جی ملٹری سمیت وفاقی وزراءاور وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور طارق فاطمی بھی شریک ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (کراچی) پی آئی اے کی پہلی حج پرواز300 سے زائد حاجیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی ہے۔ پہلی حج پرواز کو صبح 5 بجے ایئرپورٹ پہنچنا تھا لیکن پرواز ساڑھے 3 گھنٹے کی تاخیر کے بعد ساڑھے 8 بجے کراچی پہنچی جس پر حاجیوں کے استقبال کے لئے آنے والوں نے پی آئی اے کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ رواں برس دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی ہے جب کہ پاکستان سے بھی ایک لاکھ 43 ہزار حاجیوں نے حج ادا کیا ہے۔