پیر, 25 نومبر 2024

ایمزٹی وی (سیاسی) وزیراعظم کی منظوری کے بعد دہشت گردوں کی سزائے موت پر عمل درآمد ہونا باقی ہے۔ ملک بھر سے سزائے موت کے 17 قیدیوں کی اپیلیں مسترد کردی گئیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق دس مجرموں کا تعلق پنجاب، 6 کا سندھ اورایک کا خیبر پختونخوا سے ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے گزشتہ روز دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے لیے سزائے موت سے پابندی ہٹانے کی منظور ی دی تھی اور اس حوالے سے قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیرتجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پھانسی دینے سے جی ایس پی اسٹیٹس متاثر نہیں ہوگا، یورپی یونین اوردیگر ممالک دہشتگردی کےخاتمے کے لئے تعاون کو تیار ہیں۔ سزائے موت پر پابندی یورپی یونین کے دباؤ پر عائد کی گئی جسکی وجہ سے عدالتوں سے سزائے موت سنائے جانے کے باجود مجرموں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جاسکا ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) لندن میں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے خبردار کیا ہے کہ جس طرح سڈنی کے  کیفے میں دہشت گردی کا حملہ ہوا ہے اس طرح کا حملہ برطانیہ میں بھی ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی سروسز کے لئے اس طرح کے اچانک حملوں کو ناکام بنانا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہا کہ اس طرح کے حملوں کی سازش کو بے نقاب کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی انٹیلی جنس سروسز کی مہارت اور شاندار کارکردگی کی وجہ سے برطانیہ اب تک سڈنی طرز کے حملوں سے بچا ہوا ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے ادارے پاکستان یا افغانستان یا پھر شام اور عراق کے دہشت گرد نیٹ ورکس پر نظر رکھے ہوئے ہیں

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک )  واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ایک ارب 10کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی ہے‘واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی اقتصادی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا‘بورڈکے فیصلے کے مطابق رقم پاکستان کو 55،55 کروڑڈالر کی2اقساط میں ادا کی جائیگی۔  گزشتہ ماہ آئی ایم ایف جائزہ مشن نے وزارت خزانہ سے مذاکرات کے بعد دو اکٹھی اقساط کے اجراءکی سفارش کی تھی جس کی روشنی میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی حتمی منظوردی تھی جبکہ 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کی دو اقساط آئندہ چند روز میں مل جائیں گی ۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

دہشت اور خوفناک مناظر سے بھرپور فلم ’دی وومن ان بلیک‘ کے سیکوئل’ اینجل آف ڈیتھ‘ کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ٹام ہارپر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک نرسری میں زیر تعلیم بچوں کے گرد گھومتی ہے جنہیں دوسری جنگ عظیم کے دوران ان کے ٹیچرز بمباری کی وجہ سے کئی عرصے سے ویران پڑی ایک حویلی میں منتقل کردیتے ہیں۔فلم میں اپنی اداکاری کے جلوے دکھانے والوں میں ہیلن مک کروری،جیریمی ایروائن،ایڈرین رالنس،لیان بیسٹ،اورجوڈ رائٹ سییت دیگر شامل ہیں۔واضح رہے کہ اس سلسلے کی پہلی فلم وومن ان بلیک برطانیہ کی 20سالہ تاریخ کا سب سے زیادہ بزنس سمیٹنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ٹوبن آرمبرسٹ کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی یہ فلم 2جنوری 2015کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کردی جائے گی۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) اب کھانے پینے کی چیزیں بھی پرتعیش اشیاء میں شمار ہونگی جن میں سونے چاندی کے ذرات شامل کیے جارہے ہیں۔ اسپین میں سونے کے ذرات سے بھری دنیا کی مہنگی ترین ڈبل روٹی فروخت کیلئے پیش کردی گئی ہے۔ اسپین کے قصبے الغاطوسن کی پین پینا بیکری میں میدے اور شہد کیساتھ سونے کے ذرات ملاکر ڈبل روٹی بیک کی جارہی ہے جسے117 یورو (93پاؤنڈ ، 145ڈالر) میں فروخت کیا جارہا ہے۔ 400 گرام (14اونس) وزن کی حامل ہر ڈبل روٹی میں 100 یورو قیمت کی حامل 250 ملی گرام گولڈ ڈسٹ شامل کی جارہی ہے ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک)  افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے میں 4 افغان اہلکار ہلاک اور6 زخمی ہوگئے، کابل پولیس کے مطابق خودکش حملہ تنگی ترخیل کے علاقے میں کیا گیا۔ خودکش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی علاقے میں گشت کرنےوالے سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی سے ٹکرادی، افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والےسی آئی ڈی اہلکار ہیں، طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف سے ایئرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور دہشتگردوں کیخلاف فضائی حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے گزشتہ روز وادی تیراہ میں کی گئی کارروائیوں سے متعلق بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ایئرچیف کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کے قاتلوں کو اب اس سرزمین پر ٹکنے نہیں دینگے، معصوم بچوں کے قاتلوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ کے ہواباز دہشتگردوں کو نشانہ بناتے وقت سانحہ پشاور کو سامنے رکھیں۔

 ایمز ٹی وی (پشاور) پولیس نے پشاور کے نواحی علاقوں میں غیر قانونی طورپر مقیم افغانیوں کیخلاف سرچ آپریشن شروع کر دیاہے۔آئی جی کے پی کے ناصر درانی نے بتایا کہ شہید ہونے والے بچوں کا خون ہم پر قرض ہے جسے ہم نے دہشت گردوں کا پاک سر زمین سے خاتمہ کر کے اتارنا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ پشاور حملے کی کڑیاں سرحد پار مل رہی ہیں لیکن ہمیں اس وقت ہوش اور جوش سے کام لینا ہو گا اس کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کابچوں پر حملہ شرمناک فعل ہے اگر لڑنا تھا تو ہم سے لڑتے ہم ان کو جواب دیتے لیکن بچوں پر حملہ کرکے انہوں نے انسانیت کی توہین کی ہے ۔دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھا کریں گے اور ان کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے ۔

 ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور سکول پر حملہ کرکے معصوم بچوں کو شہید کرنے والے سفاک دہشت گردوں نے جدید  ہتھیار استعمال کئے،ان تصاویر میں ان درندوں کو اسلحہ پکڑ کر بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بائیں جانب سے بیٹھے پہلے شخص نے روسی ساخت AK-47 پکڑ رکھی ہے، اس کے ساتھ بیٹھے شخص نے جرمن ساخت ایم پی 5، تیسرے لعنتی نے روسی ساخت PKM، چوتھے خبیس نے آسٹرین ساخت سٹائیر رائفل اور پانچویں روسی ساخت گرینیڈ لانچر RPG7 پکڑی ہوئی ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) حساس ادارے نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کیا ہےکہ  دہشتگرد پشاور کے بعد اب لاہور کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ایک فون کال ٹریس کی گئی ہے جس سے اس بات کی مبینہ طور پر تصدیق ہوئی ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے ساتھی اور بارود سے بھری ہوئی گاڑی بھی لاہور میں موجود ہے۔دہشت گردوں کا نشانہ کیا ہوسکتا ہے یہ ابھی واضح نہیں ہے تاہم حساس ادارے نے لاہور میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ ماضی میں بھی لاہور میں دہشت گردی کے بڑے واقعات ہو چکے ہیں جن میں ایف آئی اے، آئی ایس آئی، پولیس سینٹر مناواں کو دہشت گردی کو نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر بھی لبرٹی گول چکر کے پاس حملہ ہوا تھا۔ اس کے علاوہ آر اے بازار اور مون مارکیٹ اقبال ٹاؤن میں بھی خوفناک دھماکے کئے گئے تھے۔