ایمزٹی وی (سیاسی) کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے 48 گھنٹوں کے لیے پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے پانی کی لائنوں کے پرانے والوز کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ کراچی میں پہلے ہی پانی کا بحران سنگین ہوچکا ہے، کئی ماہ سے شہر کے کئی علاقوں کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے اس صورت حال میں ایک اور بُری خبر سُنا دی ہے کہ منگل سے 48 گھنٹے تک مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ ترجمان کے ڈبلیوایس بی کے مطابق شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مین لائنوں میں نصب پرانے والوز کی تبدیلی کا کام کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں 9 دسمبر کو صبح 10بجے سے 48 گھنٹوں کیلیے گلشن اقبال بلاک نمبر 13,14,15 اولڈ سبزی منڈی، عیسیٰ نگری، لیاقت آباد سندھی ہوٹل، قاسم آباد، سکندرآباد، غریب آباد، شریف آباد، گلبرگ، ناظم آباد، پاک کالونی، ہارون آباد، سائٹ انڈسٹریل ایریا، شیرشاہ، بلدیہ ٹاوٴن، پی اے ایف مسرور، گلبائی، ماڑی پور، آئی لینڈ شمس پیر، بابا بھٹ، صالح آباد اور ان سے ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بند رہے گی ۔ واٹر بورڈ حکام نے مذکورہ علاقوں کے مکینوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس دوران پانی کا مناسب ذخیرہ کرلیں اور پانی کفایت شعاری سے استعمال کریں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے میں واٹر ہائیڈرنٹس کی چاندی ہوجائیگی اور چند سو روپے میں فروخت ہونے والا ٹینکر ہزاروں روپے میں فروخت ہوگا اور شہری مہنگا پانی خریدنے پر مجبور ہوںگے ۔
ایمزٹی وی (کراچی) متحد ہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام حق پرست شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں ”یوم شہدائے حق“ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ یوم شہدائے حق کے سلسلے میں ملک بھر میں ایم کیوا یم کے ضلعی دفاتر، سیکٹرز اور یونٹوں میں تعزیتی اجتماعات منعقد کئے جائیںگے، اور ان اجتماعات میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن و فاتحہ خوانی کی جائیگی۔ پیر کے روز یوم شہدا کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور رابطہ کمیٹی کے ارکان نے جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں یادگارِ شہدائے حق پر حاضری دی، جبکہ مرکزی اجتماع آج تین بجے سہ پہر جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں یادگار شہدائے حق کے سامنے ہوگا ۔
ایمزٹی وی (سیاسی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پارٹی کا وفد چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان سے آج ملاقات کرینگے۔ تحریک انصاف کی طرف سے جاری بیان کیمطابق انکی پارٹی کا وفد دوپہر 12 بجے چیف الیکشن کمشنر سے ملیگا۔ عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف گزشتہ چار ماہ سے ڈی چوک میں دھرنا دیئے بیٹھی ہے، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر انہیں سال 2013 کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی، اسکے بعد پیدا صورت حال سمیت دیگر تحفظا ت سے آگاہ کیا جائیگا ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) واشنگٹن میں ایک رپورٹ سے دنیا بھر میں امریکی تنصیبات اور شہریوں کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں-امریکی سینیٹ کی کمیٹی نے اس خفیہ رپورٹ کو کل عوام کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں سی آئی اے کے تفتیشی طریقوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ سی آئی اے نے القاعدہ کے سیکڑوں قیدیوں سے، دوران تفتیش کس طرح تشدد کے ذریعے معلومات حاصل کیں۔رپورٹ میں 2001 سے 2009 کے دوران پکڑے جانے والے القاعدہ کے 100 سے زیادہ ارکان پر کیے جانے والے تشدد کی تفصیلات بھی بیان کی گئی ہیں۔ اسی بات کے پیش نظر امریکا نے احتیاطی اقدامات کرلیے ہیں، اور امریکی سفارت خانوں کی سیکورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)امریکا میں ایک طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے۔ دارالحکومت واشنگٹن کے نواحی علاقے "گیتھر برگ" میں چھوٹا طیارہ ایک مکان پر گر کر تباہ ہوگیا ، فیڈرل ایوی ایشن حکام کے مطابق دو انجنوں پر مشتمل ایک چھوٹا طیارہ مونٹگومری ایئرپورٹ سے تقریبا ایک میل کے فاصلے پر تھا، اور لینڈنگ کی تیاری کررہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تین افراد جبکہ گھر میں موجود تین افراد ہلاک ہوئے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سنہ 2014 میں ایک اندازے کے مطابق 20 کروڑ 30 لاکھ بچے ایسے ممالک یا علاقوں میں ہیں جہاں مسلح تصادم جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراق میں دولتِ اسلامیہ نے نہ صرف بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے بلکہ کئی بچوں کو یا تو زبردستی پرتشدد کارروائیاں دیکھنے یا ان میں حصہ لینے پر مجبور کیا گیا-
رپورٹ کے مطابق سنہ 2014 میں دنیا بھر میں اتنے مسلح تصادم ہوئے ہیں لوگ یا تو ان کو جلد بھول گئے یا پھر ان پر زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔
افغانستان، کونگو، پاکستان، صومالیہ، سوڈان اور یمن میں کئی عرصے سے جاری مسلح تصادم کے باعث کئی بچے متاثر ہوئے ہیں۔
جنوبی سوڈان کے بارے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی سوڈان میں ایک سال سے جاری مسلح تصادم میں ساڑھے سات لاکھ بچے پناہ ۔زینوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔
ایمزٹی وی (سیاسی) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سرکاری اہل کاروں نے اکسایا، کارکن پر امن احتجاج کرنا چاہتے تھے، کل کورکمیٹی کے اجلاس میں آیندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ جو کچھ فیصل آباد میں ہوا، اسکے پیچھے (ن) لیگ کے وزرا کا ہاتھ ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ معیشت کو نقصان حکومت کی ہٹ دھرمی نے پہنچایا، ہم نے 116 دن سے دھرنے کو پُرامن رکھا، سندھ میں غوث علی شاہ کا کیس بھی ہمارے کیس سے ملتا جلتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے کارکن شہید اور زخمی ہوئے ہیں، جو کچھ ہوا (ن) لیگ کی ایما پر ہوا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو انڈے اور ڈنڈے دیے گئے، میری کارکنوں سے اپیل ہے کہ پُرامن رہیں اور قانون ہاتھ میں نہ لیں، ہم آرہے ہیں، کارکن ڈٹے رہیں ۔
ایمز ٹی وی( نیوز ڈیسک )
کشمور گڈو تھرمل پاور ہاؤس کے پراجیکٹ میں کام کرنے والا چینی شہری اپنے کواٹر میں پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا ۔ گڈو تھرمل پاور ہاؤس کے پراجیکٹ میں کام کرنے والا چینی شہری مسٹر وانگ اپنے کواٹر میں پر اسرار طور پر ہلاک ہو گیا جس کی لاش دروازہ توڑ کر نکال لی گئی اور بعد میں ڈی ا یچ کیو اسپتال کشمور پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دی گئی۔تاہم ایس ایس پی کشمور عمر اجمل کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چینی شہری کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے-
ایمزٹی وی (تجارت) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم و استحکام اوربڑا تجارتی شہربند کرنے سے ملک کا امیج متاثرہورہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ موجودہ صورتحال میں غیر ملکی خریدار پاکستانی صنعتوں کوآرڈرز نہیں دے رہے، کرسمس کےآرڈرز بھی نہیں ملے، اپوزیشن میں موجود ساتھی سیاست کریں لیکن ملک کی معیشت کو اپنی انا کی بھینٹ نہ چڑھائیں ۔
ایمزٹی وی (پنجاب) پنجاب کےوزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی اورقانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دکانیں زبردستی بند کرانے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی، انکا کہنا تھا کہ آزادی کے ساتھ کاروبار کرنا ہر شہری کا حق ہے، حکومت تاجروں اور کاروباری حضرات کو ہرممکن تحفظ فراہم کریگی، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیںگے ۔