ایمز ٹی وی (کوئٹہ) سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسداد پولیو سنٹر کے قریب دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسداد پولیو سنٹر کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکار اور ایف سی اہلکار شہید جب کہ 20 زخمی ہو گئے،
زخمیوں میں سے 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں 7 سے 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خودکش ہو سکتا ہے تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور کے علاقوں میں بھی سنی گئی جب کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔