اسلام آباد:پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کا کہناہے کہ ہم حکومت کے شکر گزارہیں کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے قیام کی مخالفت نہیں کی۔
سپریم کورٹ کے باہرپاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یتیموں اور بیواؤں کی مدد کرنے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں، سپریم کورٹ نے آج انصاف کا بول بالا کر دیا ہے، پانچ رکنی لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کی خوشیاں لوٹا دیں، سپریم کورٹ نے ہمارے لیے انصاف کی امید کا چراغ جلایا ہے۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا اعلیٰ عدلیہ نے واضح کر دیا کہ ملک میں انصاف کی فراہمی کے چراغ گل نہیں ہوئے، ججز نے اطمینان سے میری بات سنی ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کردیا، حکومت نے تحقیقات کے لیے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی، ہم حکومت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے قیام کی مخالفت نہیں کی۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی نئی جی آئی ٹی بنانے کے فیصلے پر سپریم کورٹ نے عوامی تحریک کی درخواست نمٹا دی۔
17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا جس کے دوران مزاحمت پر پولیس کی فائرنگ سے 14 افراد جاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے تھے۔