ھفتہ, 23 نومبر 2024


سانحہ ساہیوال پر عوام کا غم و غصہ بالکل جائز ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: سانحہ ساہیوال پر عوام کے غم و غصے کو جائز قرار دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ ذمہ داران کو مثالی سزا دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'سانحہ ساہیوال پر عوام کا غم و غصہ بالکل جائز ہے'۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ 'میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ میرے دورہ قطر سے واپسی پر نہ صرف واقعے کے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی بلکہ میں پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لینے کے بعد اس میں اصلاحات کا عمل بھی شروع کروں گا'۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سے قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، تاہم وزیراعظم کے اس دورے کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیئے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا گیا، تاہم بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دیا گیا۔
میڈیا پر معاملہ آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی واقعے کا نوٹس لیا، دوسری جانب واقعے میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو حراست میں لے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment