اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جاتی امراء جا کر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہی جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سنگین صورت اختیار کرچکی ہے،
اس حوالے سے میاں صاحب سے بات ہوئی اور آج کی ملاقات اسی ایجنڈے پر محیط رہی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ معیشت نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں ہو تو اندازہ کیا جا سکتا ہے کیا حال ہوگا، نواز شریف اور میں نے موجودہ ملکی حالات پر تشویش محسوس کی، مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو نجات دلانے کیلئے بات ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں آصف علی زرداری صاحب سے بھی ملاقات کروں گا، جمعیت علماء اسلام نے ملین مارچ کی تیاری کر لی ہے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے مزید کہا کہ ایک دو روز میں آصف زرداری سے بھی ملاقات کروں گا، سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ جعلی حکومت ہے، جو وزیراعظم بنا بیٹھا ہے وہ بھی جعلی ہے۔