منگل, 26 نومبر 2024


اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک بھارت سے آزادی چھین نہ لیں، صدرآزادکشمیر


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا ہے جبکہ کشمیری اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک بھارت سے آزادی چھین نہ لیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ باہمی معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، آزاد کشمیر کے عوام پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،دنیا مصلحت کا شکار ہے اس لئے مسئلہ کشمیر پر خاموش ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد دہشت گردی نہیں بلکہ جدو جہد آزادی ہے ، نہ کشمیریوں نے ہمت ہاری ہے اور نہ ہی پاکستان نے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام روزانہ ریفرنڈم کے ذریعے بھارتی قبضہ مسترد کرتے ہیں، سندھ طاس معاہدے کو منسوخ کر کے بھارت بہت بڑی حماقت کرے گا
اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھاکہ بھارت نے گھبرا کر ایل او سی پر نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک کا شوشا گھڑالیکن ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہندوستان سے آزادی چھین نہ لیں، انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے عوام اپنے دفاع سے غافل نہیں، بھارت تباہی ، جنگجو یا نہ محاذ آرائی اور کشیدگی کی راہ پر گامزن ہے ،ہم بھارت کی طرف سے کسی بھی تشدد اور جارحانہ اقدام کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق انسانی کی خلاف ورزی کرنے اور جارحیت کے مرتکب ملک کا آگے بڑھ کر ہاتھ روکے ، واشنگٹن ڈی سی میں ، میں نے امریکی حکومت اور سیاسی جماعتوں کے جن لوگوں سے ملاقاتیں کیں ان پر میں نے زور دیا کہ امریکا صورتحال کو اپنے اسٹرٹیجک مفادات اور سلامتی کے عدسے سے نہ دیکھے اور بھارت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اسے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری اور تباہی سے باز رکھا جائے ۔ اور جموں و کشمیر کے تنازع کے حتمی حل کے لئے بھارت کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment