پشاور میں بس ریپیڈ ٹرانسزٹ (بی آر ٹی) کے تعمیراتی کام کے دوران پل سے لوہے کی بھاری پلیٹس روڈ پر کھڑی گاڑی پر جا گری۔ حادثے میں کرین کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
انتظامیہ کے مطابق پشاور میں شعبہ بازار سے گزرنے والے بی آر ٹی پل سے لوہے کی بھاری پلیٹیں گاڑی پر گرگئیں۔ لوہے کو بھاری پل پر منتقل کرتے ہوئے پلیٹس توازن بگڑنے سے گر گئیں، جس سے ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ، جب کہ پلیٹس کو منتقل کرنے والی کرین بھی متاثر ہوئی۔
لوہے کی پلیٹس 25 فٹ بلندی سے گریں، واقعہ کے دوران کرین کا ڈرائیور زخمی ہوگیا، جسے طبعی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ عینی شاہد نے واقعہ کو غیر ذمہ داری قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ کی انسپیکشن ٹیم نے پشاور میٹرو میں کئی خامیوں اور نقص کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد ایک خاتون بھی آزمائشی سروس کے دوران میٹرو بس کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی تھی۔ اس کے بعد بھی اس منصوبے میں کئی خامیوں کی نشاندہی ہوئی۔
پشاور میٹرو بس کا منصوبہ سابقہ وزیراعلیٰ و موجودہ وزیر دفاع پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا تھا جو اب تک مکمل نہیں ہوسکا، جب کہ اس منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن میں بھی 5 بار توسیع ہوچکی ہے۔