ایمزٹی وی(لاہور) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے معصوم زینب کے قاتل عمران عرف مانا کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور میں پولیس نے ملزم عمران کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شیخ سجاد کے روبرو پیش کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
سماعت کے دوران پولیس حکام نے تفتیش سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے ملزم کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ پولیس نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور پولی گرافک ٹیسٹ سے بھی اس کے بیان کی تصدیق ہوئی ہے۔
عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی وجہ سے متعلق استفسار پر وکیل استغاثہ نے بتایا کہ ملزم 7 دیگر بچیوں سے زیادتی میں بھی ملوث ہے اور اس کے لیے ہمیں اس کا ڈی این اے بچیوں سے ملنے والے ڈی این اے سے میچ کرنا ہے۔ عدالت نے ملزم کے 15 روزہ ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے 14 روز کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔