جمعہ, 26 اپریل 2024


7جون سےصوبےبھرمیں اسکول کھل جائیں گے

لاہور: پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے لاہور کے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کروالیں، کیوں کہ 7 جون سے صوبے بھر میں اسکول کھل جائیں گے۔

لاہور میں گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں اساتذہ کے لیے خصوصی طور پر کھولے گئے ویکسین سینٹر کے افتتاح کے موقع پر پنجاب کے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرادراس کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سے اسکول کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ویکسینیشن سینٹر میں تمام سرکاری و نجی اساتذہ اور اسکولوں کے غیر تدریسی اسٹاف کو ویکسین لگائی جائے گی، شہر بھر میں 16 ہزار اساتذہ اور 4 ہزار غیر تدریسی اسٹاف ہے۔

مراد راس نے اساتذہ اور غیر تدریسی اسٹاف سے اپیل کی کہ وہ 7 جون سے قبل ویکسین لگوائیں، کیوں کہ ہر حال میں جون کے آغاز میں اسکول کھول دیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پنجاب کے دیگر 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی ویکسینیشن سینٹر قائم کرے گی تاکہ جلد سے جلد اور ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی ویکسینیشن کی جا سکے۔

مراد راس نے بتایا کہ اساتذہ کو ویکسین کے لیے اپنا شناختی کارڈ اور ملازمت کا سرٹیفکیٹ ساتھ لانا ہوگا اور اگر اساتذہ مذکورہ ویکسینیشن سینٹر کے بجائے عام سینٹر سے بھی ویکسین لگوانا چاہیں تو انہیں ان کے دستاویزات کی وجہ سے ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائی جائے گی

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment