ایمزٹی وی (کراچی) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آٹھ ،نو اور دس محرم الحرام کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ جلوس سے متصل راستوں اور دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ تین دن تک ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔ محرم الحرام کے مرکزی جلوس اور مجالس عزا کے لیے کراچی میں بھی سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آٹھ ،نو اور دس محرم کے جلوس کی کڑی نگرانی ہوگی۔
جلوس کی گزرگاہوں کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ نمائش سے ٹاور تک اطراف کے راستوں پر کنٹینر، بسیں اور دیگر گاڑیاں کھڑی کر دی گئیں۔ جلوس کے راستے کی تمام دکانیں انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میں سیل کی گئیں۔
تین روز تک ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔ جلوس اور مرکزی مجالس میں آنے والے عزاداروں کے لیے خصوصی واک تھرو گیٹ نصب کردیے گئے ہیں۔ عزاداروں کی حفاظت کے لیے چار ہزار سے زائد پولیس اہلکار،ڈھائی ہزار سے زائد رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتے بھی جلوس کی گزرگاہوں کو چیک کریں گے، جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات ہوں گے۔ کسی ںاخوشگوار صورتحال کے لیے جلوس کے راستوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔