منگل, 26 نومبر 2024


ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں کون ملوث؟

ایمز ٹی وی (کراچی) چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں ایرانی ڈیزل کی غیرقانونی اسمگلنگ سندھ پولیس کی مدد سے کی جاری ہے، 2روز قبل اینٹی کرپشن ٹیم نے منگھوپیر کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرکے 4500 ایرانی ڈیزل برآمد کیا۔

دوران تفتیش ملزمان نے اہم انکشافات کیے ہیں جبکہ دوران تفتیش پولیس کے اعلیٰ افسران کے نام بھی ایرانی ڈیزل اسمگلنگ میں سامنے آئے ہیں جن کو فوری گرفتارکیاجائے گا، غلام قادر تھیبو نے مزید کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن اب نیب اختیارات کی طرح کارروائیاں شروع کرے گا جبکہ کہ سندھ میں 2 ڈائریکٹر جنرل تعینات کیے جارہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خاص ہدایت پر اینٹی کرپشن کو سندھ بھر میں کرپشن کے خاتمے کے لیے متحرک کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر عام سرکاری ملازم کے ساتھ کوئی سیاسی رہنما بھی کسی کرپشن میں ملوث پایا گیاتواسے بھی گرفتارکیاجائے گا، موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ سندھ میں کرپشن کی روک تھام کے لیے بغیر کسی سیاسی یا حکومتی دباؤ کے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائیاں تیز کیں جائیں۔

سوال کے جواب میں چیئرمین اینٹی کرپشن نے کہا کہ کراچی انٹربورڈ نتائج ردوبدل اسکینڈل میں ملوث کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کے بعد کچھ دن قبل جاری کردہ نتائج میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جس میں پہلی بار کسی غریب کے بیٹے یا بیٹی نے پوزیشن حاصل کی ہے، یہ سلسلہ اب سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں جاری رہے گا۔

غلام قادر تھیبو نے آئی جی سندھ سے اختلافات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ معلوم نہیں کیوں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ محکمہ اینٹی کرپشن کو مقررہ کوٹہ کے مطابق نفری فراہم نہیں کر رہے ہیں،بار بار لکھنے کے باوجود اسٹاف فراہم نہیں کیا جا رہا اگر اس بار بھی مراسلے کو نظرانداز کیا گیا تو محکمہ اینٹی کرپشن سے مستقل طور پر پولیس کوٹہ کو ختم کردیاجائے گا،چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو نے مزید بتایا کہ اب اینٹی کرپشن پولیس چھوٹی مچھلیوں کے ساتھ ساتھ بڑی مچھلیوں کا بھی گھیرا تنگ کریگی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment