اتوار, 24 نومبر 2024


پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا بنی گالا تک لانگ مارچ کا اعلان

 

ایمزٹی وی(حیدرآباد) پاکستان تحریک انصاف صوبہ سندھ کے سابق عہدیداروں نے صوبائی صدر عارف علوی اور حلیم عادل شیخ کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر مذکورہ رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو بنی گالا تک لانگ مارچ کریں گے۔ پی ٹی آئی ٹنڈو محمد خان کے سابق صدر محمد حسن نظامانی، سابق جنرل سیکریٹری ٹنڈو محمد خان اسحاق سومرو، سابق صدر سجاول عبدالرحمان ملاح، سابق جنرل سیکریٹری سانگھڑ کاشف امین، سابق صدر ضلع دادواحمد خان جمالی، سابق جنرل سیکریٹری ٹنڈو الہ یار وجاہت قائم خانی، سابق نائب صدر حیدرآباد ریجن ریاض چانڈیو، سابق سینئر نائب صدر ضلع حیدرآباد آصف پل، حیدرآباد سٹی کے سابق عہدیدار عبید خان اور پی ٹی آئی کے دیگر کارکنان نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عارف علوی اور اس کا گروہ غلط فیصلے کرکے پارٹی کو تباہ و برباد کررہا ہے جبکہ حلیم عادل شیخ سندھ میں من پسند عہدیدار تعینات کرنا چاہتےہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلیم عادل شیخ کے کہنے پر پی ٹی آئی صوبہ سندھ کے صدر نے سندھ میں ریجنل باڈیز ختم کرکے ڈویژنل سطح پر تنظیم سازی کی ہے۔ یہ اقدام پارٹی کے لئے خطرناک ہے، دوسری جانب حلیم عادل شیخ کے ذاتی ملازم جاوید اعوان کو سندھ کا انفارمیشن سیکریٹری مقرر کرکے پارٹی کے اصل کارکنوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر عارف علوی اور حلیم عادل شیخ کو نہ ہٹایا گیا تو بنی گالا تک لانگ مارچ کیا جائے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment