کراچی: وزیراعلیٰ سندھ کوسندھ کےچارتعلیمی بورڈزکےچئیرمین کی مدت میں مزیدتوسیع کی سمری محکمہ بورڈزوجامعات نےارسال کردی ہے
جس کی منظوری صوبائی کابینہ سے لی جائے گی اس سے قبل بھی صوبائی کابینہ نےان چار تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کی مدت میں توسیع کی منظوری دی تھی جس کی مدت 18 جولائی کو ختم ہوگئی تھی ۔
جن چیئرمین بورڈز کی مدت ملازمت میں توسیع دی جائے گی ان میں نواب شاہ تعلیمی بورڈ کے چیرمین محمد فاروق ، میرپورخاص بورڈ کے چیرمین پروفیسر برکات علی حیدری،حیدرآباد تعلیمی بورڈز کے چیرمین ڈاکٹر محمد میمن اور سکھر بورڈ کے چیرمین مجتبی شاہ شامل ہیں۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ ان چیئرمین بورڈز کی مدت ملازمت میں مستقل چئیرمین بورڈز کی تعیناتی تک توسیع کی جائے۔
واضح رہے کہ ان چاروں بورڈز اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چئیرمین کے عہدوں کے لیے اشتہار دیا جاچکا ہے جس کے لئے 160 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں 100 امیدواروں کی درخواستوں کی جانچ مکمل ہوچکی ہے جب کہ باقی چئیرمین کے عہدوں کی درخواستوں کی جانچ آئندہ ہفتے مکمل ہوجائے گی۔