کراچی : سرسیدیونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کےشعبہ مرکزِمشاورت ورہنمائی کےزیرِاہتمام پانچویں جاب فیئر2022 تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں شہر کی 140 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی اور طلباء کوملازمتوں کے حصول میں مدد، رہنمائی اور دیگر ضروری معلومات اورسہولیات فراہم کرنے کے لئے اسٹالز لگائے گئے ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر محمد سلمان اسلم نے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین اور رجسٹرار سید سرفراز علی کے ہمراہ جاب فیئر کا افتتاح کیا ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، کاٹی کے صدر محمد سلمان اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاب فیئر، طلباء کی رہنمائی کے علاوہ ملازمت کے لیے اپنے آپ کو موزوں بنانے میں بھی ان کی مدد کرتے ہیںدوسری طرف ملازمت کے خواہشمند افراد کو جاب فیئر کے توسط سے صنعتی و کاروباری اداروں سے ملنے اور انھیں اپنی مہارت اور قابلیت و صلاحیت سے آگاہ کرنے کا موقع ملتا ہے ۔
اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ جاب فیئر ایک ایساپلیٹ فارم ہے جو صنعتی و کاروباری اداروں اور طلبا کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ایسے فورم طلباء کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتا ہے ۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہجاب فیئر کسی بھی کمپنی کے لیے تعلقات عامہ کا کام کرتی ہے ۔انھوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اوراس کا بہترین استعمال کرتے ہوئے صنعتی اور کاروباری اداروں کو اپنی صلاحیتوں اور مہارت کے بارے میں بتائیں اور انھیں قائل کریں ۔
جاب فیئر میں رجسٹرار سید سرفراز علی، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس، پروفیسر ڈاکٹر عقیل الرحمن، شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے چیئرمین ڈاکٹر شکیل،مرکز مشاورت و رہنمائی کے کنوینئر سراج خلجی سمیت، کاٹی کے ممبران، فیکلٹی ممبرز اور طلباء کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔