جمعہ, 26 اپریل 2024


بیچلرزآف سائنس ان پبلک ہیلتھ کے4سالہ ڈگری پروگرام میں داخلےکیلئےٹیسٹ کاانعقاد

کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں بیچلرز آف سائنس ان پبلک ہیلتھ (بی ایس پی ایچ)4 سالہ ڈگری پروگرام میں داخلے کیلئے ٹیسٹ کا انعقاد کیاگیا جس میں 80 امیدواروں نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر فاطمہ عابد کے مطابق 4 سالہ ڈگری پروگرام میں داخلے کیلئے کل 150 امیدواروں نے درخواستیں دیں جن میں سے 80 اہل امیدواروں کو داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت دی گئی، بی ایس پی ایچ کی 50 نشستوں میں سے 45 اوپن میرٹ اور 5 سیلف فنانس کیلئے مختص کی گئی ہیں، ایک گھنٹے پر مشتمل داخلہ ٹیسٹ کا سوال نامہ انگریزی، ریاضی اور معلومات عامہ پر مشتمل تھا۔

ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر فاطمہ عابد نے امتحانی مراکز کا دورہ کرکے امتحانی عمل اور طلباء کو ملنے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقا م وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول نے کہاہےکہ بی ایس پی ایچ پروگرام کا مقصدطلباء کو اعلیٰ معیار کے انڈرگریجویٹ تربیتی پروگرام کے ذریعے صحت عامہ کی دیکھ بھال کیلئے قابل، پرعزم ، ہنر مند اور پیشہ وربنانا ہے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل طلبا کمیونٹی میںنظام صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔ APPNA

انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ انصاری بیگ نے کہا کہ APPNA انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا BSPH پروگرام طلباء کو حقیقی دنیا کا تجربہ فراہم کرتا ہے اورانہیں اپنی تحقیقی صلاحیت کو بڑھانے اور پریکٹس و سروس کے لیے کمیونٹیز کے ساتھ منسلک ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر فاطمہ عابد کے مطابق امتحان میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز ہفتے کو لیے جائیں گے اور آئندہ ہفتے نتائج کا اعلان کردیا جائیگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment