کراچی: وفاقی جامعہ اردو کے قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نے اہنے عہدے کا چارج لے لیا ہے۔
انہیں سینیٹ کے 15 ستمبر کو گورنر ہاوس میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں 4 ماہ یا مستقل شیخ الجامعہ کی تقرری تک قائم مقام شیخ الجامعہ مقرر کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ جامعہ کے بنیادی مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔ڈاکٹر محمد ضیاءالدین نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے لئے انہیں اساتذہ، افسران اور تمام غیر تدریسی عمال کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالدین بھرپور انتظامی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ اس سے قبل وہ جامعہ اردو کے رئیس کلیہ فنون، تعلیم و معارف اسلامیہ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔