اتوار, 24 نومبر 2024


آزادی کپ سیریز کا پہلا میچ،شائقین کرکٹ پر جوش

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)کرکٹ کو ترسے شائقین کے مرجھائے چہرے آج کھل اٹھیں گے جب ورلڈ الیون اور پاکستان کی ٹیمیں آزادی کپ سیریز کے پہلے میچ میں مدمقابل ہونگی،عوام کا جوش وجذبہ عروج پر پہنچ گیا۔ آج شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہورکی مصنوعی روشنیوں میں میچ شروع ہونے کا شدت سے انتظارکیا جا رہا ہے۔ ٹکٹ حاصل کرنے والے خوش نصیب ہوں یا گھر میں بیٹھ کر مقابلہ دیکھنے پر مجبور افراد، ملک بھر کے کروڑوں افراد سمیت دنیا بھر کے شائقین کی نگاہیں آزادی کپ سیریز کے اس میچ پر مرکوز ہوں گی۔
سات ملکوں کے کرکٹرز پر مشتمل ورلڈ الیون کی آمد پر ہی خوشی سے نہال شائقین کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے سے ویران ہونے والے میدان آباد دیکھنا بڑا خوشگوار تجربہ ہو گا۔ کرکٹ ہمارا جنون ہے، بڑی تعداد میں اسٹیڈیم پہنچ کر دنیا کو امن اور محبت کا پیغام دینگے۔
ادھر چیمپئنز ٹرافی کے فاتح گرین شرٹس کا مورال بھی بلند ہے، پریکٹس میچ میں کپتان سرفراز اور شعیب ملک نے عمدہ فارم کا مظاہرہ کیا، فخرزمان میچ ونر کے طور پر پہچان بنا چکے،اپنے اچھے دن احمد شہزاد بھی تہلکہ مچا سکتے ہیں، باصلاحیت بابر اعظم اورعمر امین کی خدمات بھی سرفراز احمد کو حاصل ہونگی، عماد وسیم، فہیم اشرف اور عامر یامین جیسے آل راؤنڈرز بھی انھیں میسر ہیں،شاداب خان کیریبیئن پریمیئر لیگ کے بعد پریکٹس میچ میں بھی گھومتی گیندوں سے پریشان کرتے رہے،ان دنوں حسن علی کا ڈنکا بج رہا ہے، رومان رئیس کو محمد عامر کا خلا پُرکرنے کیلیے پلیئنگ الیون میں جگہ مل سکتی ہے جبکہ عثمان شنواری اور سہیل خان کا آپشن بھی موجود ہے۔
دوسری جانب سخت حفاظتی حصار میں علی الصبح مقامی ہوٹل پہنچنے والی مہمان ٹیم نے شام 5بجے پریکٹس کیلیے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کیا،گرین شرٹس نے بھی اسی میدان میں لہو گرمایا، دونوں ٹیموں نے 3 گھنٹے تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں صلاحیتوں کو نکھارنے کیلیے خاصی سرگرمی دکھائی، قبل ازیں سیریز ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں کپتان سرفرازاور ہم منصب ڈوپلیسی نے فتح کا عزم دہرایا، پلیئرز نے ورلڈ الیون کیلیے تیار کی گئی نئی کٹس میں تصاویر بنوائیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment