ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور ورلڈ الیون ٹیم کے دوران آج قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ آزاد کپ سیریز کےحوالے سےمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میزبان کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ورلڈ الیون میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی شامل ہیں، ہم تو چاہتے ہیں کہ سیریز کے تمام میچز جیتیں لیکن یہ اتنا آسان نہیں، ہمیں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین پرفارم کرنا ہوگا۔ ہم کسی ایک شعبے پر انحصار نہیں کرینگے، انھوں نے کہا کہ ہم محمد عامر کے نہ کھیلنے سے پہلے سے ہی آگاہ تھے، متبادل آپشن موجود ہیں،حسن علی، رومان رئیس، شاداب خان اور عماد وسیم بہترین بولرز ہیں، بیٹنگ میں احمد شہزاد ،شعیب ملک ،فخر زمان اور میں خود بھی اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرینگے۔
سرفراز نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے تاکہ وہ نہ صرف ٹی ٹوئنٹی بلکہ ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی اپنی جگہ بنا سکیں، تمام کھلاڑیوں کیلیے اپنی سرزمین پر تماشائیوں کے سامنے اچھا کھیل دکھانے کا موقع ہے۔ انھوں نے ایک سوال پر کہاکہ میرے فیورٹ کھلاڑی ہاشم آملا ہیں، وہ نہ صرف بہترین کھلاڑی بلکہ اچھے انسان بھی ہیں۔
کپتان نے کہا کہ ورلڈ الیون کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، بھارتی کھلاڑیوں کے نہ ہونے کے بارے میں معلوم نہیں کہ ان کی کیا پالیسی ہے، دیگر ٹیمیں آئیں گی تو ایک کھلاڑی کیا بھارت کی پوری ٹیم پاکستان آئے گی۔