ایمز ٹی وی(اسپورٹس ڈیسک) پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھانے کے وقفے پر پاکستان نے بنگلا دیش کے 332 رنز کے جواب میں 333 رنز بنا لئے ہیں۔ کھلنا کے شیخ ابو نصر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور پاکستان نے بنگلادیش کے 332 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر333 رنز بنا لئے ہیں۔ کھانے کے وقفے پر محمد حفیط 190 جب کہ یونس خان 31 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اظہرعلی اپنے پہلے روز کے اسکور میں 18 رنز کے اضافے کے بعد 83 رنز بنا کر شواگتا ہوم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اظہر علی اور محمد حفیظ کے درمیان 227 رنز کی شراکت ہوئی۔ دوسرے دن پاکستان نے پہلے اچھی بولنگ اور پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور محمد حفیظ نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 50 رنز کی شراکت قائم کی، سمیع اسلم 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد اظہر علی کریز پر آئے، دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ اس دوران محمد حفیظ نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی 8ویں سنچری جب کہ اظہر علی نے 19ویں نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو محمد حفیظ 137 جب کہ اظہر علی 65 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل دوسرے دن بنگلا دیش نے 236 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 243 رنز کے مجموعی اسکور پر شکیب الحسن 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد سومیا سرکار 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بنگلا دیش کی 7ویں وکٹ مشفق الرحیم کی صورت میں گری انہوں نے 32 رنز بنائے۔ 312 رنز کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کو 8واں نقصان تیج اسلام کی شکل میں اٹھانا پڑا۔ جس کے بعد وہاب ریاض نے محمد شاہد اور روبیل حسین کو ٹھکانے لگایا۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے 3،3 جب کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض اور ذوالفقار بابر نے 2،2 وکٹیں لیں