ایمزٹی وی(اسپورٹس)فخر زمان اور محمد عامر کی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پرفارمنس کرک انفو کی جانب سے سال کی بہترین پرفارمنس قرار پائی۔
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں اس سال کی بہترین بولنگ اور بیٹنگ کے ایوارڈز چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم پاکستان کے حصے میں آئے، پاکستان ٹیم کے مایہ ناز بلے باز فخر زمان اور فاسٹ بولر محمد عامر کی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بہترین کارکردگی کو سال کی بہترین کارکردگی قراردیا گیا ہے۔
فائنل میں فخر زمان کی 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز اس سال کی ون ڈے کی بہترین بیٹنگ پرفارمنس قرار پائی جبکہ اسی معرکے میں محمد عامر کی 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں بہترین بولنگ پرفارمنس قرار پائی۔
ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیون اسمتھ، ناتھن لیون اور ہیتھر نائٹ بھی شامل ہیں۔ اسٹیون اسمتھ کی بھارت کے شہر پونا میں میزبان ٹیم کے خلاف 109 رنز کی فاتحانہ اننگز ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین بیٹنگ پرفارمنس قرار پائی، ناتھن لیون کی 50 رنز کے عوض 8وکٹیں ٹیسٹ کی بہترین بولنگ قرار پائی، انگلش ویمنز ٹیم کو ورلڈ کپ کا ٹائٹل دلوانے والی ہیتھر نائٹ کیپٹن آف دی ایئر کا ایوارڈ لے اڑیں۔18 رنز کے عوض 7 شکار کرنے والے افغانستان کے راشد خان ایسوسی ایٹ بولنگ پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بہترین بیٹنگ پرفارمنس ایوارڈ ایون لیوس (125 ناٹ آﺅٹ)، بولنگ ایوارڈ بھارتی بولر یزوندرا چاہل(25 رنز کے عوض 5 وکٹیں) بہترین بولنگ پرفارمنس کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔