کراچی: پاکستان سپر لیگ کی کئی فرنچائز نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ٹی 10 لیگ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے پی ایس ایل فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں سنجیدہ نوعیت کے تحفظات کے ساتھ کہا گیا ہے کہ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو اس لیگ میں شرکت سے روکے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے والی فرنچائز کو پاکستانی شہروں کا نام استعمال کرنے سے بھی روکا جائے۔خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل ٹیموں کے علاقوں اور حدود میں ان ٹیموں کی پروموشنل سرگرمیوں سے پی ایس ایل ٹیموں کی شہرت کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ اسپانسرز اور مداحوں کی توجہ بھی ہٹے گی۔
پی ایس ایل فرنچائزز نے پی سی سی سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹی ٹین لیگ کو مستند قرار نہ دے اور ٹی ٹین لیگ کو پاکستان میں اسپانسرشپ حاصل کرنے سے بھی روکے۔خط میں پی سی بی کو خبردار کیا گیا ہے کہ اس سے پہلے کہ غیر ملکی کرکٹ لیگ کا عفریت پاکستان کے ڈومیسٹک اسٹرکچر پر تجاوزات قائم کرلے، فوری کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹین لیگ کا دوسرا سیزن 21نومبر سے2 دسمبر تک شارجہ میں ہوگا جس میں 12 روز کے دوران 29 میچز کھیلے جائیں گے۔پی سی بی نے محمد حفیظ، شعیب ملک، وہاب ریاض، جنید خان، شان مسعود، سہیل خان، عمر اکمل اور آصف علی کو ٹی ٹین لیگ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔دیگر معروف کھلاڑیوں میں کرس گیل، سنیل نارائن، ڈیرن سیمی، ایون مورگن، لیوک رونکی، کرس لاین، برینڈن مک کولم، مورنے مورکیل، شین واٹسن، راشد خان، ظہیر خان اور مناف پٹیل بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔