افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح سمیٹ لی، 7 وکٹ کی کامیابی سے افغان کیمپ میں خوشی کے شادیانے بج اٹھے۔
افغانستان نے بھارت کے شہر ڈیرادون میں آئرلینڈ کو واحد ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹ سے شکست دے دی ہے، یہ اس کی طویل ترین فارمیٹ میں اپنی تاریخ کی پہلی فتح ہے جوکہ دوسرے ہی میچ میں اسے حاصل ہوئی ہے۔
کامیابی کیلیے 147 رنز ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے پہلی وکٹ تیسرے روز کے اختتام پر گنوا دی تھی جبکہ پیر کو مارننگ سیشن میں احسان اللہ کو 18 کے انفرادی اسکور پر موقع ملا جب اسٹورٹ تھامپسن نے ایکسٹرا کور پر آسان کیچ ڈراپ کردیا، مایوس بولر جارج ڈاکریل تھے۔
دونوں اننگز میں ففٹیز اسکور کرنے والے رحمت شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ افغانستان کی اس کامیابی میں اسپنر راشد خان نے بھی کلیدی کردار ادا کیا جنھوں نے اتوار کو 5 وکٹیں لے کر آئرلینڈ کی دوسری اننگز کا 288 رنز پر اختتام کردیا۔