کراچی: پشاور زلمی کے کھلاڑی امام الحق نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں شین واٹسن سے تلخ کلامی پر ان سے معافی مانگ لی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پشاور زلمی کے امام الحق اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور اس دوران امام الحق واٹسن سے الجھ پڑے۔
شین واٹسن سے الجھنے پر کرکٹ شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی امام الحق کو آڑے ہاتھوں لیا اور مہمان کھلاڑی سے بدسلوکی پر شدید تنقید کی۔
کرکٹر امام الحق نے شائقین کی ناپسندیدگی اور تنقید کے بعد سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن سے معافی مانگ لی۔
اپنی ٹوئٹ میں امام الحق نے گزشتہ روز کے واقعے کی وجہ ماحول کی گرما گرمی کو قرار دیا، کرکٹر نے اپنے رد عمل اور الفاظ کو بھی غیرمناسب مانتے ہوئے شین واٹسن سے معذرت کی۔
Yesterday’s incident happened in the heat of the moment. My reaction to Watson’s inappropriate abusive comments was avoidable, for which I apologise. It was a good match and a great HBL PSL 2019, let’s enjoy its success. Congrats to Gladiators and Watson for the trophy and awards
— Imam Ul Haq (@ImamUlHaq12) March 18, 2019
امام الحق نے فائنل میچ اور پی ایس ایل کے انعقاد کو زبردست قرار دیا اور اس کامیابی کو انجوائے کرنے کا کہا۔
جب کہ کرکٹر نے پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور شین واٹسن کو بھی مبارکباد دی۔