کراچی: ساؤتھ ایشین گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ایئر پورٹ پرسندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے محفوظ الحق نے گولڈ میڈلسٹس کا شان دار استقبال کیا۔
اس موقع پر کراٹے ایسوسی ایشن کے عبدالحمید اور دیگر عہدے داران بھی موجود تھے۔تیرہویں ساؤتھ ایشین گیمز میں سعدی عباس نے 2 گولڈ میڈل، کلثوم ہزارہ نے 1 گولڈ، 1 سلور میڈل جیتا جب کہ شہباز خان نے بھی ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔ گولڈ میڈلسٹ کراٹے کاز نے ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو بھی کی۔
ورلڈ میڈلسٹ سعدی عباس نے کہا کہ پاکستان کراٹے ٹیم نے بھرپور انداز سے ملک کا نام روشن کیا، میں اب ٹوکیو اولمپکس سے کافی قریب آ چکا ہوں۔ گولڈ میڈلسٹ شہباز خان نے کہا کہ پہلے بھی ساؤتھ ایشن گیمز میں گولڈ میڈل جیت چکا ہوں، لیاری سے صرف باکسر یا فٹ بالر ہی نہیں بلکہ کراٹے ماہر بھی مل رہے ہیں۔
گولڈ میڈلسٹ کلثوم ہزارہ کا کہنا تھا کہ میں زخمی ہونے کے باوجود گولڈ میڈل فائٹ تک پہنچی، فائنل مقابلوں میں 2 مرتبہ نیپالی حریف نے ناک زخمی کر دی تھی، میرا خواب پاکستان کے لیے اولمپکس کھیلنا ہے، بد قسمتی سے اسپانسر نہ ملنے سے خواتین کراٹے کا کھیل آگے نہیں بڑھ سکا۔