جمعہ, 22 نومبر 2024


بابراعظم کو10ہزار رنزمکمل کرنےکاسنہری موقع مل گیا

کراچی: بابر اعظم عظیم بیٹرز کی صف میں شمولیت کے قریب پہنچ گئے۔

بابر جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرسکتے ہیں۔

کیریبیئن ٹیم کے خلاف ملتان میں شروع ہونے والی ون ڈے سیریز پاکستانی کپتان بابر اعظم کیلیے ایک بہت بڑا موقع بھی اپنے ساتھ لائی، وہ اس میں اچھی کارکردگی سے انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرسکتے ہیں، اس کے ساتھ ہی ان کا نام اپنے ملک کے عظیم بیٹرز کے ساتھ درج ہوجائے گا۔

بابر کو سیریز سے قبل اس سنگ میل پر پہنچنے کیلیے مزید 202 رنز درکارتھے، انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں سنچری بنا کر اچھا آغاز کیا،وہ اب تک 50 سے زائد کی اوسط سے 901رنز 201انٹرنیشنل میچز میں بنا چکے ہیں، اس دوران انھوں نے مجموعی طور پر 24 سنچریاں اور 65 ففٹیز اسکور کیں، بابر کی فارم اور صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ان کیلیے بقیہ 2میچز میں یہ سنگ میل عبور کرنا مشکل دکھائی نہیں دیتا۔

اب تک پاکستان کے 11 کرکٹرز تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرچکے ہیں، ان میں انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف، جاوید میانداد، سلیم ملک، سعید انور، محمد حفیظ، شعیب ملک، شاہد آفریدی اور مصباح الحق شامل ہیں۔

سابق کپتان انضمام الحق کو پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، انھوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 ہزارسے زائد رنز اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز سے سیریز انضمام کے شہر ملتان میں کھیلی جارہی ہے، اس کے آغاز سے قبل کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ہمارے لیے یہ بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ ملتان میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ اس سیریز کے ساتھ بحال ہوگئی، ہمیں یقین ہے کہ شائقین ان میچز سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment