Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے، قومی ٹیم 20مارچ کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔
کیمپ میں کھلاڑیوں نے ایک ہفتہ بھر پور ٹریننگ کی،آج کیمپ کے اختتام پر کپتان سرفراز احمد میڈیا سے گفتگوکریں گے۔
پاکستان ٹیم کے کھلاڑی اتوار کو کراچی پہنچیں گے اوردوسرے روز 20مارچ کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوجائیں گے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 26مارچ کو کھیلا جائے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم / فیصل آباد)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے رولز آف بزنس کی منظوری نہ ہونے سے ریٹائر ڈ اساتذہ دو ماہ سے پنشن سے محروم ہیں۔
پنجاب حکومت کی طرف سے یکم جنوری سے ای ڈی ایجوکیشن کا سیٹ اپ ختم کرکے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز قائم کردی تھیں جس کے ساتھ ہی تمام اکاؤنٹس منجمد کردیئے تھے۔
جس کے باعث محکمہ تعلیم فیصل آباد کے ایک ہزار کے قریب ریٹائرڈ اساتذہ کو گزشتہ دو ماہ سے پنشن نہیں مل سکی ۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پنشن اکاؤنٹ میں 9 کروڑ کے فنڈز دستیاب ہیں لیکن اختیارات نہ ملنے کے باعث اس فنڈز سے اساتذہ کو پنشن ادا نہیں کی جاسکتی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاؤنٹ رانا تنویر کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ریٹائر ڈاساتذہ کوماہانہ ایک کروڑ روپے پنشن ادا کی جاتی ہے لیکن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے رولز آف بزنس کی منظوری ہونے تک ہمارے پاس فنڈز جاری کرنے کے اختیارات نہیں۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا نیا اکاؤنٹ کھلنے کے بعد ہی اساتذہ کو پنشن ملے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ منظوری دے دیں تو ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پنشن اکاؤنٹ سے بھی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /فیصل آباد) محکمہ تعلیم نے سکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی سائنس میتھ ایجوکیٹرز کی بھرتی کا نیا شیڈول جاری کردیا۔
امیدواروں کے انٹرویوز تحصیل سطح پر 20 مارچ سے شروع ہوں گے۔ تحصیل جھمرہ کے امیدواروں کے انٹرویوز 20 مارچ،تاندلیانوالہ کے 21 مارچ ،تحصیل سمندری کے 22 مارچ، جڑانوالہ کے 23 مارچ، تحصیل صدر کے 24 مارچ، تحصیل سٹی کے 25 مارچ جبکہ شیڈول کے مطابق انٹرویو سے رہ جانے والے امیدواروں کے انٹرویوز 26 مارچ کو ہوں گے۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) 16مئی سے شروع ہونے والی 6ٹیموں پر مشتمل سپر کبڈی لیگ کی پہلی ٹیم اسلام آباد کی ملکیت کے حقوق سابق اولمپیئن محمد عثمان شیخ نے حاصل کر لئے ، اس سلسلہ میں گزشتہ روز دس سالہ معاہدہ طے پایا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑی بھی رابطہ کررہے ہیں لیکن سیکیورٹی انتظامات کو پرکھنے تک انہیں اس سال ایونٹ کا حصہ بنانے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا جاسکتا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) اردو یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کے مقالے کے سرقہ ہونے کا معاملہ طول پکڑتا جارہا ہے ۔
ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے کہا ہے کہ ان کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں آیا رائے دی گئی ہے اور الزام لگایا جارہا ہے اور کوئی بھی الزام جب تک ثابت نہ کیا جائے تو وہ الزام ہی ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی میں مختلف قسم کی مافیاز کام کررہی تھیں جن کے اتحاد کو توڑا اور غلط کاموں کو روکا اس لئے وہ سب میرے مخالف ہوگئے۔
انہوں نے کہا ڈیڑھ ہفتہ پہلے یونیورسٹی سنڈیکٹ کا اجلاس ہوا اور ایسے اجلاس وقفے وقفے سے مسلسل ہورہے ہیں جن میں مجھ پر الزام لگائے جاتے ہیں اور میں ان کے موثر جواب دیتا ہوں جس کی وجہ سے سنڈیکٹ میرے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کر پارہی جبکہ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر مختار سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کسی کے خلاف دوستی یا دشمنی کے نکتہ نظر سے فیصلہ نہیں دیتی بلکہ میرٹ پر فیصلہ دیا جاتا ہے اور کسی بھی مقالے میں سرقہ کا ایک پروسس ہے جو ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد کے معاملے میں بھی فالو کیا گیا اور ان پر لگے الزام ایچ ای سی کی کمیٹی نے درست تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ دیا اور اپنے فیصلے سے یونیورسٹی اور دیگر اتھارٹیز کو اگاہ کردیا۔
اب مزید کارروائی کرنا اتھارٹی اور یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے اگر وہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے تو یہ درست بات نہیں کسی بھی تعلیمی ادارے میں اس طرح کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ تصور کی جاسکتی ہے ۔
واضح رہےکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور کراچی یونیورسٹی کی کمیٹی سلیمان ڈی محمد کے تھیسس کو سرقہ قرار دیکر ان کی ڈگری منسوخ کرنے کی سفارش کرچکی ہے۔
 

 

 

ا 

 
ایمز ٹی وی (لاہور)وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی تمام اکائیوں سے آگے نکل گیا ۔
تعلیم کے میدان میں پنجاب کی حکومت کی شاندار کارکردگی پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسکولوں میں اربوں روپے سے عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی ہے اور گزشتہ تین سال کے دوران پنجاب حکومت کے اقدامات سے اسکولوں میں شرح داخلہ میں نمایاں اضافہ اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 83 ہزار بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر اسکولوں میں داخل کرادیا گیا ہے جبکہ پنجاب تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی تمام اکائیوں سے آگے نکل گیا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بات ان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں کہی جس میں وفاقی وزارت تعلیم کے ادارے اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پاکستان اور چاروں صوبوں کے تعلیمی اعداد و شمار کی رپورٹ 2015-16ء کے بارے میں انہیں بریفنگ دی گئی۔
شہبازشریف نے کہا کہ اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے پر فوکس کرنا ہے اور اس ضمن میں تسلسل کے ساتھ پائیدار بنیادوں پر اقدامات جاری رکھنا ہوں گے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ہر سطح پر میرٹ پالیسی اپنائی گئی ہے۔ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لئے گزشتہ 8 برس کے دوران 2 لاکھ سے زائد باصلاحیت ٹیچرمیرٹ پر بھرتی کئے گئے ہیں۔
اسکولوں میں ہزاروں اضافی کمروں کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جبکہ مارچ 2018ء تک صوبے کے تمام اسکولوں کی چاردیواری کا کام مکمل ہو جائے گا۔
بجلی سے محروم اسکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام مرتب کیا گیا ہے ۔ ’’خادم پنجاب اجالا پروگرام‘‘ کے تحت 20 ہزاراسکولوں کو روشن کیا جائے گا ۔
جبکہ صوبے کے تمام اسکولوں میں ٹیبلٹس کی فراہمی کا پروگرام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دی گئی ہے۔
83 ہزار بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر اسکولوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ گارا اور مٹی ان معصوم ہاتھوں کا مقدر نہیں اورآج قوم کے یہ بچے پنجاب حکومت کا وظیفہ بھی حاصل کر رہے ہیں اور علم بھی۔
وزیراعلیٰ نے فروغ تعلیم کے لئے کئے گئے فیصلوں پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروے رپورٹ کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں تا ہم اس کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈ ل میں ملوث کھلاڑیوں کے بارے کہا کہ کھلاڑی غریب لوگ ہیں ،جتنا قصور ہے اتنی سزادی جائے۔ میڈیا زرائع کے مطابق وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی امور ریاض پیرزادہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کا جتنا قصور ہے اتنی سزا دی جائے ،سخت سزا دینی ہے تو بڑے عہدوں پر بیٹھے لوگوں کا احتساب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر کھیل ہوں اور کھلاڑیوں کا تحفظ میری ذمہ داری ہے،زیادہ سزاد ینا مناسب نہیں ہے۔ریاض پیرزادہ کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار اپنے ضمیر کے مطابق کام کرتے ہیں اور وہ نہ کسی سے زیادتی کریں گے اور نہ ہی نرمی برتیں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان،خالد لطیف اور محمد عرفان کو معطل کیا جاچکا ہے جبکہ شاہ زیب حسن کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /پشاور ) پاکستان اسٹڈی سینٹر جامعہ پشاور اور خانہ فرہنگ ایران پشاور کے باہمی اشتراک سے پاک ایران تعلقات کے بارے ایک روزہ کانفرنس ہوئی جس میں فیکلٹی ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کہا کہ اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی مذہبی اور آئینی ذمہ داری ہے۔
موجودہ صورتحال میں پاکستان اورایران کو باہمی تعلقات مضبوط کرنے پر زور دینا چاہئے۔ خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر علی یوسفی نے کہاکہ پاکستان اور ایران مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی حوالوں سے ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں، ایران وہ پہلا ملک ہے جس نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا جبکہ پاکستان بھی وہ پہلا ملک ہے جس نے سب سے پہلے اسلامی انقلاب ایران کو تسلیم کیا۔
کانفرنس سےاسکالر کرنل(ر) حکمت شاہ آفریدی ،پروفیسر محمد ایاز ، پروفیسر ڈاکٹر سید منہاج الحسن ، سابق وی سی باچا خان یونیورسٹی ڈاکٹر فضل رحیم مروت ، پروفیسر ڈاکٹر بابر شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد نے بھی خطاب کیا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) سری لنکا کی سترویں سالگرہ پر تین ملکی سیریز میں پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کرلیا گیا ہے۔
 
بھارت کی کرکٹ کے میدانوں میں پاکستان کے خلاف ایک اور چال۔ سری لنکا کے 70 ویں یوم آزادی پر ٹرائی اینگولر سیریز میں اس بار پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز سری لنکا، بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ہوگی۔ اس سے قبل 50 ویں یوم آزادی پر پاکستان، سری لنکا اور بھارت کے درمیان سیریز ہوئی

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) امریکی فیڈریل ریزور کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے بعد سونا 24 ڈالر مہنگا ہوگیا ، خام تیل بھی دو ڈالر اضافے سے 49 ڈالر بھی بیرل سے تجاوز کرگیا ۔
امریکی سینٹرل بینک نے شرح سود میں پچیس بیسز پوائنٹس کا اضافہ کردیا۔ فیڈ نے پالیسی بیان میں رواں سال شرح سود میں مزید اضافے کے اشارے دیئے ہیں۔
فیصلےکے بعد ڈالر انڈیکس دو ہفتے کی کم ترین سطح پر آگیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 24 ڈالر اضافے سے 1224 ڈالر ہوگئی۔
دوسری جانب خام تیل کے امریکی ہفتہ وار ذخائر دسمبر کے بعد پہلی مرتبہ 2 لاکھ 37 ہزار بیرل کم ہوئے ہیں۔ جس کی وجہ سے خام تیل ڈھائی فیصد اضافے سے 49 ڈالر 12 سینٹس فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا ہے ۔