Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ای سی او اجلاس میں شرکت کیلئے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، نورخان ایئر بیس پہنچنے پر ان کا بھر پور استقبال کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ای سی او اجلاس میں شرکت کیلئے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، نورخان ایئر بیس پہنچنے پر ان کا بھر پور استقبال کیا گیا ہے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مہمان صدر کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا جہاںان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ہے۔
واضح رہے اقتصادی تعاون تنظیم کا اجلاس کل دارلحکومت اسلام آباد میں ہوگا جس میں شرکت کیلئے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی بھی پہنچ چکے ہیں،ترک صدر رجب طیب اردگان کل آئیں گے،افغانستان کا نمائندہ بھی شریک ہوگا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹس جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔
 
ذرائع کے مطابق براہمداغ بگٹی کے ساتھ ساتھ کالعدم بی ایل اے کے شیر محمد عرف شیرا کے ریڈ وارنٹس بھی جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے ،ایف آئی کی جانب سے بھیجی گئی درخواست میں کہا گیاتھا کہ ملزمان کیخلاف بلوچستان میں دہشتگردی،قتل و غارت کے مقدمات درج ہیں ۔
درخواست میں کہا گیاہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف دائمی وارنٹس جاری ہو چکے ہیں، مفروراور مطلوب ملزمان ہیں۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) ملک کے مختلف شہروں راولپنڈی ،اسلام آباد ،پشاور،خیبر ایجنسی اور لوئر دیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی.

تفصیلات کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان تھا جبکہ اس کی گہرائی زمین میں 10کلو میٹر بتائی جا رہی ہے۔

زلزلہ 10سے15سیکنڈ تک رہا جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے دفتروں اور گھروں سے باہر نکل آئے۔تاحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاعات مو صول نہیں ہوئیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہونے جا رہا ہے اور شائقین انتہائی پرجوش ہیں اور 5 مارچ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
پی سی بی انتظامیہ اور پنجاب حکومت نے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کر لئے ہیں اور اسٹیڈیم میں آنے والے افراد کیلئے بھی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق کسی بھی شخص کو موبائل فون، سگریٹ، ماچس، بیٹری ، لائٹ ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی حکام کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شائقین کرکٹ کو موبائل فون، سگریٹ، ماچس، بیٹری اور لائٹ سٹیڈیم میں ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچوں میں ڈی آر ایس سسٹم کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث ایمپائروں کے غلط فیصلوں کا تناسب کم ہو گا اور میچ بھی انتہائی دلچسپ ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے پلے آف میچز کے دوران ڈی آر ایس سسٹم کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سسٹم کے استعمال کے ساتھ دونوں ٹیموں کو ایک ایک ریویو لینے کا موقع دیا جائے گا
 
 
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں ایمپائرنگ کے معیار پر انتہائی تنقید کی گئی ہے اور خراب فیصلوں کے تسلسل کو دیکھتے ہوئے اہم میچوں کے دوران ڈی آر ایس کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی ٹیم خراب امپائرنگ کی بھینٹ نہ چڑھ جائے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے لاہور میں فائنل کیلئے موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کردی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث سروس 5 مارچ کو دن 12 بجے سے بند رہے گی۔
لاہور میں فائنل میچ کیلئے پی سی بی انتظامیہ نے اور پنجاب حکومت نے سخت سکیورٹی کے انتظامات کر لئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر موبائل فون سروس بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں سگریٹ،ماچس،بیٹری اور لائٹ ساتھ لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل میچ 5 مارچ کو لاہور میں ہونے جارہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)سعودی عرب کی ایک گورنمنٹ یونیورسٹی میں پہلی دفعہ ایک خاتون پروفیسر کو ڈین متعین کردیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ لڑکیوں اور لڑکوں کو تعلیم دینے والی ایک فیکلٹی کے لئے خاتون ڈین کو متعین کیا ہے۔
موضوع سے متعلق وزارت کے جاری کردہ بیان کے مطابق ،وزارت تعلیم کے فیصلے سے طائف یونیورسٹی کی طب فیکلٹی کی ڈین متعین کی جانے والی پروفیسر ڈاکٹر دیلال محی الدین نمنیکاتی کو ان کی اکیڈمک صلاحیت اور تعلیمی شعبے کی کامیابیوں کی وجہ سے اس عہدے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طائف یونیورسٹی کے اس فیصلے کے بعد مستقل قریب میں دیگر یونیورسٹیوں میں اس سے مشابہہ تعیناتیاں کی جا سکیں گی اور یہ قدم عورتوں کے کام کے مواقع کی راہ ہموار کرے گا۔مذکورہ فیصلے کو ، سعودی عرب کے 2030 کے اہداف تک پہنچنے کے معاملے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2030 کے سعودی عرب کے اہداف میں مزید خواتین کو روزگار کی فراہمی بھی شامل ہے۔ریاض انتظامیہ کے سال 2030 کے اہداف میں شامل "خواتین کی پیشہ وارانہ زندگی میں موئثر شرکت" کے ذیل میں گذشتہ ہفتے بھی ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک خاتون کو پرائیویٹ بینک کا منیجر متعین کیا گیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)ایرانی صد ر حسن روحانی ای سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔ایرانی صدر حسن روحانی کا استقبال وفاقی وزیر عبدل قادر بلوچ نے کیا۔

اس موقع پر ایرانی سفیر جواد ظریف بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔ حسن روحانی کا ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا گیا۔ 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر دیا گیا ۔انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد )سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلہ کے خلاف انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی طرف سے دائر اپیل خارج کر دی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آزادانہ نقل و حرکت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کا کہنا تھا کہ اے این ایف موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرے کیونکہ مقدمہ وہاں زیرسماعت ہے۔ اس دوران انسداد منشیات فورس کے وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے حقائق کو مدنظر نہیں رکھا۔
سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی اجازت دے۔ عدالت کے استفسار پر وکیل نے بتایا کہ ڈرگ کورٹ میں موسیٰ گیلانی کے خلاف ریفرنس زیرسماعت ہے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ علی موسیٰ گیلانی 5 مرتبہ عدالت سے اجازت لے کر بیرون ملک گئے اور واپس آئے۔ لوگوں کے نام اسی طرح ای سی ایل میں شامل نہیں کئے جاتے۔
ای سی ایل میں نام رکھنے کا کوئی جواز بھی موجود نہیں ہے جبکہ آزادانہ نقل و حرکت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ اگر انسداد منشیات فورس موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرانا چاہتی ہے تو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرے۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے علی موسیٰ گیلانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا جس کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) آذربائیجان کے صدر اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے ۔
ذرائع کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف اسلام آباد پہنچ گئے جہاں انکا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔
اس موقع پر مہمان صدر کو21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے مہمان صدر کا استقبال کیا۔