Sunday, 13 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی ( صحت /کراچی) نیورولوجی ایویرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن کے صدر پروفیسرمحمد واسع شاکر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مرگی کے مریضوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے اکثریت کو علاج معالجے کی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث معذوری اور غیر یقینی مستقبل کا سامناہے بدقسمتی سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مرگی کے مرض پر قابو پانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہیں ، مرگی کے علاج کے لیے ادویات اکثر ناپید ہوجاتی ہیں جبکہ جو ادویات میسرہوتی ہیں ان کی قیمت انتہائی زیادہ ہے ، حکومت کو چاہیے کہ وہ مرگی کے علاج کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔ وہ مرگی کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر دماغی امراض کے ماہر پروفیسر عارف ہریکر اور نیورولوجی ایویرنس اینڈ ریسرچ فائونڈیشن کے سیکریٹری ڈاکٹر عبد المالک بھی موجود تھے ۔ پروفیسر محمد واسع نے کہا کہ حکومتی بے حسی کے سبب مرگی قابل علاج ہونے کے باوجود اس سے متاثرہ افراد میں معذوری بڑھ رہی ہے اورمرگی سے متاثرہ افراد کی اکثریت موت کے منہ میں چلی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سری لنکا جیسے ممالک کی حکومتوں نے اس بیماری کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس قائم کر لی ہیں،بھارت نے مرگی کے مریضوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر بنائے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ مریضوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جائے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حب) گورنر بلوچستان و چانسلر محمد خان اچکزئی منگل کو لسبیلہ یونیورسٹی آف واٹر اینڈ میرین سائنسس اوتھل پہنچیں گے جہاں پر وہ دوسری کانوکیشن میں مہمان خاص کی حیثیت سے شرکت کرینگے اور یونیورسٹی کے طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور گولڈن میڈل تقسیم کرینگے اس سلسلے میں لسبیلہ یونیورسٹی اوتھل میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

کانوکیشن کی تقریب سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وائس چانسلر لسبیلہ یونیورسٹی ڈاکٹر دوست محمد بلوچ ودیگر خطاب بھی کرینگے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کے سپراسٹار سلمان خان کورین فلم ’اوڈ ٹو مائی فادر‘ کے ریمیک میں کام کریں گے اور اس فلم کی ہدایت علی عباس ظفر کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی کہانی کو ہندوستان ثقافت و روایات کے مطابق ڈھالا جائے گا اور اس کا پس منظر برصغیر کی کہانی پر مبنی ہوگا۔

فلم کی کہانی ایک ایسے آدمی کی ہوگی جو بچپن میں تقسیم کا درد جھیلتا ہے پر اپنے خاندان کو ہمیشہ ساتھ رکھنے کا وعدہ کرتا ہے، اس وعدے کو پورا کرنے میں اسے60 سال لگ جاتے ہیں اور 60 سال میں کتنا کچھ بدل جاتا ہے، یہی فلم میں دکھایا جائے گا۔

یاد رہے کہ ہدایت کار علی اس سے قبل سلمان کی فلم ’سلطان‘ کی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم / جام شورو) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جام شورو کے رجسٹرار ڈاکٹر روشن علی بھٹی کے اعلانیہ کے مطابق لمس یونیورسٹی کا 16واں کانووکیشن 25فروری کو دس بجے منعقد ہوگا۔

کانووکیشن میں گورنر سندھ و جامعات کے چانسلر محمد زبیر صدارت کرینگے جبکہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ مہمان خاص ہونگے

کانووکیشن کی تقریب میں لمس یونیورسٹی کے کامیاب ہونے والے طلبہ وطالبات کو گولڈ میڈل ،سلور میڈل اور اسناد دی جائیں گی۔

 

 

ایمز ٹی وی( تعلیم / کراچی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پیر کے روز داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات کے طلباء کی جانب سے بنائے جانے والے پروجیکٹ کی نمائش کا افتتاح کیا ۔ داؤد یونیورسٹی کے طلباء نے توانائی ، آئل گیس فیلڈ ، بجلی کی بچت اور دیگر اہم عوامل کو اُجاگر کرنے کیلئے پروجیکٹ بنائے جنہیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے انتہائی سراہا ۔ وفاقی وزیر نے نمائش کے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور پروجیکٹ کا معائنہ کرنے کے ساتھ طلباء سے پروجیکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔

 

وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، قائم مقام رجسٹرار کیپٹن (ر) سید وقار حسین شاہ ، تمام شعبوں کے چیئرپرسنز وفاقی وزیر احسن اقبال کے ہمراہ تھے۔ پروجیکٹ نمائش اور ایونٹ کے انتظامات چیئرپرسن الیکٹرونک انجینئرنگ ڈاکٹر ثمرین عامر نے کئے ۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے طلباء اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا ۔

ابتدائی کلمات میں وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا داؤد یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے ، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ، غیر ملکی یونیورسٹیز سے معاہدے کررہے ہیں جس کے شعبہ تعلیم پر بڑے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، داؤد یونیورسٹی کے طلباء کی محنت و لگن نے بے حد متاثر کیا ہے جن کا کچھ کر گزرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے ۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے شعبہ تعلیم میں حکومتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2010ء سے 2013 ء تک ہائر ایجوکیشن کا بجٹ ایک سو ارب روپے تھالیکن پچھلے تین برسوں میں ہماری حکومت نے اسے 215؍ ارب روپے کردیا جو 100؍ فیصد سے بھی زیادہ کا اضافہ ہے ۔ ہمار ے پروگرام ویژن 2025ء کے تحت ہائر ایجوکیشن کو مختلف شعبوں میں بڑھایا جارہاہے ، آئندہ تین برسوں میں پاکستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی پسماندہ علاقے کا رہائشی صرف اس وجہ سے ہائر ایجوکیشن سے محروم نہ رہے کہ وہ بڑے شہر میں تعلیم کے ساتھ ہاسٹل کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا تھا ۔

ہر نوجوان جو ہائر ایجوکیشن کا حقدار ہے اسے اس کے گھر کے دروازے پر ہائر ایجوکیشن یونیورسٹی کیمپس کی صورت میں دستیاب ہوگی ۔ وفاقی وزیر کی تقریر کے اختتام پر ڈاکٹر ثمرین عامر نے شعر پڑھا جس کا جواب دیتے ہوئے معزز مہمان احسن اقبال نے اقبال کا شعر پڑھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)معروف اداکارہ و ماڈل حمائمہ ملک نے شان کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اپنی نئی فلم ”ارتھ ٹو“ سے امیدیں وابستہ کرلیں۔معلوم ہوا ہے کہ حمائمہ ملک اپنی نئی فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کرنے لگی ہیں جس کی بڑی وجہ ان کی عمدہ ایکٹنگ اور منفرد کردار ہے۔ فلم میں جہاں حمائمہ ملک نے مرکزی کردارنبھایا ہے، وہیں ورسٹائل شان بھی ایک نئے انداز میں دکھائی دیں گے۔
 
فلم کی زیادہ تر شوٹنگ پاکستان میں ہوئی ہے لیکن کہانی کی ڈیمانڈ کے مطابق برطانیہ میں بھی فنکاروں کا کام عکسبند کیا گیا ہے تاہم اس سلسلے میں انھوں نے کہا کہ ہر ایک فنکار یہ خواہش کرتا ہے کہ اس کے کیریئر کے دوران کچھ ایسا کام ضرور ہونا چاہیے جواس کی پہچان بنے اوراس کولوگ برسوں یاد رکھیں۔ ایسا ہی ایک پروجیکٹ کچھ عرصہ قبل جب فلم اسٹار شان نے مجھے آفر کیا تو فلم کی کہانی اور اپنا کردار جاننے کے فوراً بعد میں نے اس کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ پھر شان جیسے ورسٹائل فنکار کے ساتھ کام کرتے ہوئے جو کچھ سیکھا وہ میرے مستقبل میں بہت کام آئے گا۔
 
اداکارہ نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ”ارتھ ٹو“ میرے کیریئر کو ایک نئی سمت پر لے کرجائے گی۔ میں نے بہت دل و جان سے اپنے کردار میں حقیقت کے رنگ بھرے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اس سے پہلے اس فلم میں بالی ووڈ کے بہت سے بڑے فنکاروں نے ایکٹنگ کے جوہر دکھائے ہیں اور اب یہ میرے نزدیک کسی بڑے امتحان سے کم نہ تھا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ وہ سارے پرانے دوست جن سے میرے تعلقات ختم ہوگئے تھے وہ تمام اب دوبارہ مجھ سے رشتہ بنانا چاہتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت اپنے خیالات کا برملا اظہار کرنے بھی کبھی بھی نہیں ہچکچاتیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہریتھک روشن سے اپنے تعلقات کا برملا اعتراف کیا اور انہیں بے وقف تک کہہ ڈالا، اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بھی انہوں نے محبت اور تعلقات سے متعلق کھل کر بات کی اور انکشاف کیا کہ ان کے تمام سابق دوست ایک بار پھران کی زندگی میں واپس آنا چاہتے ہیں اور یہ ایک ریکارڈ ہے جو شائد صرف ان ہی کے پاس ہے۔

 

 

ایمزٹی وی ( تعلیم /گوجرانوالہ)چیئرمین گوجرانوالہ چیمبر آف ایجوکیشن اسکولز چوہدری محمد جمیل نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلباء وطالبات میں ڈسپلن اور خود اعتمادی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے ۔ تقریری مقابلوں سے طلبہ میں آگے بڑھنے کا جذبہ فروغ پاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی اسکول میں سالانہ تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

اس موقع پر والدین اور طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سچی لگن اورسخت محنت کامیابی وکامرانی کی روشن دلیل ہے ۔ طالبعلموں کو چاہئے کہ وہ زندگی کے میدان میں آگے بڑھنے کے لئے سخت محنت کواپنا شعار بنائیں۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن لینے والوں طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے لاہور میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اورانتظامیہ کو دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ریاست دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یکسو ہے جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم متزلزل نہیں ہوگا اورقوم متحدہ ہے، ہم یہ جنگ پاک سرزمین کے تحفظ تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کوامدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کوطبی امداد کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ آرمی چیف نے انٹیلی جنس اداروں کو دہشت گردی میں ملوث عناصرکو بے نقاب کرکے مجرموں کی گرفتاری کے لیے کرداراداکرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، چیرمین سینیٹ رضا ربانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چاروں وزرائے اعلیٰ و گورنرزاوروفاقی وزرا سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں پولیس افسران اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں پر سبزیاں لادنے لگے۔ 

کراچی کے ضلع ملیر کے ایک پولیس افسر کے زیر استعمال پولیس موبائل سے سبزیاں لادنے کا کام لیا جارہا ہے جس کے ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔افسر کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور اہلکار اپنے ”با س“ کیلئے بازار سے ہفتہ بھر کی سبزیاں لاتے ہیں اور اس کام کو بھی اپنے فرائض کا حصہ سمجھتے ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہیں افسر جو حکم دیتا ہے اس کی تعمیل کرنا پڑتی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہلکار پچھلے کافی عرصے سے اس پولیس موبائل کو گوبھی ،ٹماٹر ، پیاز ، لوکی ، آلو اور اس قسم کی دیگر سزیاں لانے کیلئے استعمال کر رہے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر اسے پیشہ وارانہ فرائض کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ یہ گاڑی حکومت کی طرف سے ملیر کے ایک پولیس افسر کو دی گئی ہے۔