Sunday, 13 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (صحت/حافظ آباد)کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے فلاحی ویژن کے تحت صحت عامہ کی مثالی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ وسائل استعمال کرتے ہوئے ادویات کی مفت دستیابی ،ڈاکٹروں اور اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کے ساتھ جدید طبی آلات ،لیبارٹری ٹیسٹ اور دیگر بنیادی ضروریات بھی پوری کی جا رہی ہیں اور حکومت پنجاب کا یہ پختہ عزم ہے کہ تمام ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیواسپتالوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کا مرکز بنایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ٹھوس اقدامات سے سول اسپتال حافظ آباد کی کارکردگی میں نمایاں بہتر ی آئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی ایچ کیو اسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا ۔کمشنر نے ایمرجنسی ،مین میڈیکل سٹور ،وارڈز اور آؤٹ ڈور سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور اسپتال میں نظر آنے والی بہتری کے حوالہ سے ڈی سی اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں میچ فکسنگ کے الزام میں پکڑے جانے والے کھلاڑی خالد لطیف نے پی سی بی کو فکسر نیٹ ورک پکڑانے کی پیشکش کر دی ۔ 

 زرائع کے مطابق میچ فکسنگ کے الزام میں پی ایس ایل سے باہر ہو جانے والے کھلاڑی خالد لطیف نے  وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کردی ہے ۔خالد لطیف نے پی سی بی حکام کو کہا کہ اگر مجھے سزا نہ دی جائے تو میں پی سی بی حکام کو فکسر نیٹ ورک پکڑنے میں مدد کر سکتا ہوں ،تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے اس پیشکش کو مسترد کردیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق خالد لطیف نے 9فروری کو پی سی بی کو فکسر نیٹ ورک پکڑنے میں مدد کرنے کی پیشکش کی تھی ۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں میچ فکسنگ کے الزام میں شرجیل خان اور خالد لطیف کو ایونٹ سے باہر کردیا گیا تھا جبکہ ناصر جمشید کو بھی معطل کردیا گیا ہے ۔دوسر ی جانب محمد عرفان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں ۔

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر شائقین کرکٹ اور لاہور کے شہری غیر ملکی کھلاڑیو ں کے بغیر میچ دیکھنے کے لیے تیار ہیں توپی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد لاہور میں ہو جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ دھما کے کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور میں فائنل کھیلنے سے انکار کردیا ہے لیکن اگر پاکستانی غیر ملکی کھلاڑیوں کے بغیر پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد لاہور میں چاہتے ہیں تو پھر یہ میچ ہر صورت میں لاہور میں ہو گا ۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایجنسی نے فائنل میچ کے انعقاد کے لیے فول پروف سیکیورٹی دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ 

یہ خبر بھی پڑھیں۔ پی ایس ایل کا طےشدہ فائنل خطرے میں

دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دھماکے کے باوجود پی ایس ایل فائنل کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام نے سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر غیر ملکی کھلاڑیوں کو سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ بھی دی لیکن غیر ملکی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ہم لاہور اسی صورت میں جائیں گے جب فیڈریشن آف انٹر نیشنل کرکٹ ایسوسی ایشن اس بات کی یقین دہانی کرائی گی کہ لاہور محفوظ جگہ ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ماڈل ایان علی نے سیکرٹری داخلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ عدالتی حکم کے باوجود ایان علی کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔

سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا جائے کہ وہ نام ای سی ایل سے نام نکالنے کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کریں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان ویمنز ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اوراسکاٹ لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کولمبو میں کھیلے جانیوالے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا کر مسلسل تیسری بار کامیابی حاصل کرلی۔
اس فتح کے بعد پاک ویمن ٹیم نے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی، میچ کا ٹاس اسکاٹ لینڈ ویمنز ٹیم نے جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔
اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم چالیسویں اوور میں اکیانوے رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ثنا میر نے صرف چودہ رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف اٹھائیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جویریہ خان نے ناقابل شکست پنتیس رنز اسکور کیے جبکہ ربیعہ شاہ 16رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، یہ ایونٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تیسری کامیابی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا صوبائی دارالحکومت میں طے شدہ فائنل خطرے میں پڑگیا ہے۔
پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے عوام سے رائے مانگ لی ہے کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ 'پی ایس ایل عوام کا اثاثہ ہے اور یہ ہمارا، پی سی بی، پی ایس ایل کی ٹیموں، حکومت، کھلاڑیوں اور سب سے بڑھ کرعوام کا عزم تھا کہ فائنل لاہور میں ہو'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس حوالے سے کچھ پلیئر ایسوسی ایشن نے ساتھ نہیں دیا، پاکستان آنے کی زحمت بھی نہیں کی اور فتوے دے دیئے'۔
انھوں نے کہا کہ 'یہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی کھڑکی تھی جس کے بعد غیرملکیوں نے آنا تھا، ہم نے کئی لوگوں کو منایا تھا لیکن اب صورت حال یہ ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک شک کی لہر ہوگی'۔
نجم سیٹھی کے مطابق 'اب صورت حال یہ ہے تو کیا کریں، لوگوں نے فون کرکے کہا ہے کہ پاکستان کا عزم ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرکے دکھانا ہے اور دہشت گردوں کو ہرانا ہے، میں اتفاق کرتا ہوں، میری بھی یہی رائے ہے، میرا بھی عزم ہے اور مجھے نظر آرہا ہے کہ ہر پاکستانی کا یہی عزم ہے اور امید ہے کہ پنجاب حکومت کا بھی یہی موقف ہوگا جس کا اظہار رانا ثنا اللہ نے بھی کیا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ٹوئٹر پر بھی لوگ یہی کہہ رہے ہیں کہ کسی طرح لاہور میں فائنل کریں گے، جس کے لیے اب دوبارہ سے بات کرنا پڑے گی لیکن میں نہیں کہہ سکتا کہ وہ (غیر ملکی کھلاڑی) آمادہ ہوں گے کہ نہیں اور ہم اس میں کامیاب ہوں گے یا نہیں'۔
پی ایس ایل کے چیئرمین نے عوام سے رائے طلب کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر غیر ملکی کھلاڑی نہیں مانتے یا بیشتر نہیں مانتے تو کیا پھر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل لاہور میں کریں یا پھر غیرملکیوں کے ساتھ دبئی میں فائنل کرنا ہے؟ اس سوال کا جواب پاکستانی عوام مجھے دے دیں تو جیسے ان کا حکم ہوگا اس کی تعمیل ہوگی'۔
غیرملکی کھلاڑیوں کو لاہور آنے کے لیے آمادہ کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'ان کو منانا آسان نہیں ہوگا اور اگر صف اول کے کھلاڑی تیار نہیں ہوتے ، لیکن دوسری صف کے کھلاڑی تیار ہیں تو ان کے ساتھ لاہور میں فائنل کھیلیں یا اگر دونوں تیار نہیں تو پاکستانی ٹیموں کے ساتھ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرنا چاہیے؟'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے کرکٹ کے شائقین کی رائے چاہیے کہ وہ کیا چاہتے ہیں، میں اس کے مطابق فیصلہ کروں گا'۔
اس سوال پر کہ لوگ اپنا ردعمل کیسے دیں گے؟ انھوں نے کہا کہ 'عوام کی نبض میڈیا ہوتا ہے اور اگر میڈیا میں یہ آواز گونجتی ہے کہ جیسے بھی ہے فائنل لاہور میں ہوگا، دوست، دشمن اور حریف سارے اگر یہ کہتے ہیں کہ جو آتا ہے آئے، جو نہیں آتا نہ آئے، لاہور میں ہی فائنل کریں تو ہم یہ کریں گے اور ہم سمجھیں گے کہ یہ عوام کی آواز ہے کیونکہ عوام کی ہمدردیاں ہمارے میڈیا کے ذریعے پتہ چلتی ہیں کہ وہ کیا سوچتے ہیں'۔
انھوں نے کہا کہ 'اگر میڈیا میں اختلاف رائے ہے اور اس سلسلے میں قومی مفاد کے بارے میں نہیں سوچا جارہا ہے اور ذاتی باتیں ہورہی ہیں،نفرتوں کے لیے رائے بنائی جارہی ہے تو پھر افسوس کی بات ہوگی'۔
ان کا کہنا تھا، 'یہ وقت یک جہتی کا ہے، ایک آواز کے ساتھ ہم فیصلہ کریں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا یا نہیں اور اگر ہوگا تو غیرملکیوں کے ساتھ ہوگا یا پھر نہ بھی ہو تو اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ ہو'؟
نجم سیٹھی نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا 'میں تیار ہوں اور کسی بھی صورت میں چاہتا ہوں کہ فائنل لاہور میں ہو تاکہ ہم دنیا کو دکھائیں کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، ہمیں دہشت گردوں سے جتنی دھمکیاں آئیں ہم لڑیں گے اور ہم کھڑے ہو کر کھیلیں گے'۔
 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)خوف اور دہشت سے بھرپور فلموں کے دیوانے ہوجائیں تیار کیونکہ ہالی ووڈ تھرلر فلم ’گھوسٹس آف ڈارک نیس‘ کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ڈیوڈ ریان کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی دو غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل تفتیش کاروں کے گرد گھوم رہی ہے جنہیں 100سال پرانی ایک پراسرار گتھی کو سلجھانے کیلئے بھیجا جاتا ہے۔

فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والوں میں مائیکل کولٹس، پال فلینری، اسٹیو ویسٹن، لیزا لونگ اسٹون اور لیزا کیمرون سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔لورین کیتھ کی پروڈیو س کردہ یہ خوف اور دہشت سے بھرپور فلم یکم مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے سوال کیا گیا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بعد اب ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی تینوں فارمیٹ کیلئے ایک ہی کپتان مقرر کرنے کی حمایت کردی ہے،اس صورتحال میں کیا مصباح الحق کی رخصتی کا وقت آگیا۔
جواب میں بورڈ کے سربراہ نے کہاکہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سے دبئی میں تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، انھوں نے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلیے 2،3ہفتے مانگے ہیں، ان کی بڑی قدرکرتا ہوں، اگر وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں گے تو وہی ٹیسٹ ٹیم کے قائد ہیں، دوسری صورت میں تینوں فارمیٹ کا ایک ہی کپتان بنایا جائے گا۔
شہریار خان نے سرفراز احمد کا براہ راست نام تو نہیں لیا، تاہم کہنا تھا کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کو قیادت سونپی جاچکی جبکہ بیٹنگ میں کارکردگی متاثر ہونے کی وجہ سے اظہر علی نے نہ صرف ون ڈے ٹیم کی کپتانی چھوڑی بلکہ ٹیسٹ میں نائب کپتان کا عہدہ بھی چھوڑ چکے
ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ سلمان بٹ اور محمد آصف سزا بھگت چکے ہیں اور اگر سلیکشن کمیٹی انھیں منتخب کرنا چاہے تو پی سی بی کی طرف سے کوئی پابندی نہیں ہے،کیونکہ محمد عامرکیساتھ یہ دونوں بھی آئی سی سی کی جانب سے دی جانے والی سزا کی مدت پوری کرچکے ہیں۔

شہریار خان نے مزید کہا کہ سلیکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف کی بجائے مستقبل کی ضرورتوں کو دیکھ رہے ہیں اور پیچھے مڑ کر دیکھنے کے حق میں نہیں،35سال کے کرکٹرز کو منتخب کرنے کے بجائے فخر زمان، آصف ذاکراورعثمان صلاح الدین سمیت نوجوان بیٹسمینوں اور بولرز کو مواقع دینا چاہتے ہیں، بورڈ رسمی طور پر سلمان بٹ اور محمد آصف کو منتخب کرنے سے انکار کردے تو وہ کیس کردیں گے کہ سزا پوری ہونے اور کلیئر ہونے کے باوجود نظر اندازکیا جارہا ہے۔
 

 

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت / حافظ آباد) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے ۔ ضلع حافظ آباد کے تمام دیہی مراکز صحت میں ادویات کی فوری دستیابی کے جامع پلان پر عملدرآمد جاری ہے

۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف دیہات کے بنیادی ہیلتھ یونٹس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اے سی عمر فاروق ، چیف ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حامد رفیق، رانا محمدارشد انجم، امتیاز تاج، ملک ہمایوں ، رائے غضنفر و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ حکومت پسماندہ دیہات میں بھی شہری طرز پرزچہ بچہ کو علاج معالجہ کی جدید اور سستی سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے مردم شماری قریب ہونے کے باوجود نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)کی جانب سے ابھی تک سندھ میں لوگوں کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز بنا کر دینے کی مہم شروع نہ کرنے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
نثار کھوڑو جو سندھ کابینہ میں سینیئر وزیر بھی ہیں، نے قائم مقام ڈی جی نادرا کو فون کرکے سندھ حکومت کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد اور گھوٹکی میں 15مارچ سے مردم شماری شروع ہونے جا رہی ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے 30فیصد شہریوں کے پاس شناختی کارڈز نہیں ہیں اور نادرا نے ابھی تک انہیں کارڈز فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں۔نثار کھوڑو نے تجویز پیش کی کہ اگر نادرا شناختی کارڈز بنانے کی مہم شروع نہیں کرسکتا تو مردم شماری کے لیے قومی شناختی کارڈز کی شرط ختم کردینی چاہئیے، دوسری صورت میں نادرا، کراچی، حیدرآباد اور گھوٹکی کے لیے شناختی کارڈز بنانے والی موبائل وینز فراہم کرے تاکہ لوگ اپنا شناختی کارڈ حاصل کریں اور خود کو مردم شماری میں رجسٹرڈ کراسکیں۔
اس موقع پر قائم مقام ڈی جی نادرا نے صوبائی وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ نادرا نے کراچی، حیدرآباد اور گھوٹکی کے لیے شناختی کارڈز بنانے والی موبائل وینز فراہم کی تھیں تاہم کراچی بڑا شہر ہے اس لیے وہاں کی آبادی کو کارڈز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جلد مزید موبائل وینز کا اہتمام کیا جائے گا۔