Sunday, 13 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی (چترال) چترال اور اس کے گردو نواح کا علاقہ زلزلے جھٹکوں سے لرز اٹھا شدت زلزلہ پیما مرکز پر 3.3 اور گہرائی 219کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے زلزلے کا مرکز چترال سے 32 کلومیٹرجنوب مغرب تھا
زلزلے کے باعث لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کاورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔تاہم ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) چینی اور ہندی تہذیب میں ادرک کو جادوئی سبزی کا درجہ حاصل ہے جو نہ صرف گاڑی میں سفر کے دوران چکر اور متلی کو روکتی ہے بلکہ کئی طرح کے درد اور دیگر علامات کو بھی دور کرتی ہے۔
برس سا برس کی تحقیق کے بعد ادرک کے یہ فوائد اب سائنس بھی مانتی ہے تاہم پہلے یہ نوٹ کرلیں کہ ماہرین روزانہ دو گرام ادرک کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

جسمانی دفاعی نظام کی مضبوطی:
ادرک میں سردی اور زکام سے بچانے والا ایک اہم مرکب پایا جاتا ہے جو اس مرض کو پھیلانے والے رائنووائرس کو حملے سے روکتا ہے۔ ادرک سینے میں جکڑن اور فلو کو روکتی ہے۔ کارڈف یونیورسٹی کے مطابق ادرک قدرتی طور پر اینٹی آکسیڈنٹس سے لبریز ہوتی ہے جو بخار اور درد کو کم کرتی ہے۔ بخار میں ادرک کی چائے بہت فائدہ مند ہوتی ہے۔

جوڑوں کے درد کا علاج:
غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں گٹھیا اور جوڑوں کا درد کم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، ادرک میں موجود جنجرول نامی مرکب سوزش اور درد دور کرتا ہے۔ ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب گھٹنوں کی تکلیف میں مبتلا لوگوں کو ادرک کے اجزا کھلائے گئے تو تکلیف میں کمی محسوس ہوئی۔

پٹھوں کے اینٹھن میں کمی:
جو لوگ جم میں جاکر وزن اٹھاتے ہیں یا سخت ورزش کے بعد پٹھوں میں کھنچاؤ سے پریشان ہیں وہ ادرک سے اس کا علاج ضرور کریں۔ ایک چمچہ ادرک روزانہ کھانے سے ورزش کرنے والے پٹھوں کی تکلیف میں 25 فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔ تیز دوڑنے والے کھلاڑی بھی ادرک سے اپنی تکلیف دور کرسکتے ہیں۔

ادرک معدے کی گرانی کا علاج:
ادرک نظامِ ہاضمہ کے لیے ایک بہترین نسخہ ہے۔ یہ پیٹ سے گیس خارج کرتی ہے اور معدے کے بھاری پن کو دور کرتی ہے۔ ہمارے معدے اور آنتوں سے خارج ہونے والے ہاضماتی رس کو بہتر بناکر ہاضمے کو تیز کرتی ہے۔ اس میں موجود ایک خامرہ (اینزائیم) زنجابین اہم پروٹین کو توڑ کر اسے ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہانہ ایام کے درد دور کرے:
خواتین کو ہر مہینے تکلیف دہ ایام کا سامنا ہوتا ہے جو ان کے مزاج اور جسمانی کیفیت کو متاثر کرتا ہے۔ ادرک میں پائے جانے والے بعض اہم اجزا اس تکلیف کو کم کرتے ہیں۔

یادداشت کو بہتر بنائے:
ادرک الزائیمر جیسے دماغی مرض کو کم کرتی ہے۔ یہ دماغی خلیات کو ٹوٹ پھوٹ سے بھی بچاتی ہے۔ اس کے علاوہ دماغی اور نفسیاتی امراض کو بھی بڑھنے سے روکتی ہے۔ اس لیے ادرک کو شروع سے ہی خوراک کا حصہ بنانا چاہیے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج نے مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ خودکش بمبار کے مہمند ایجنسی میں داخل ہونے سے متعلق خفیہ اطلاع تھی،خودکش حملہ آور نے پولیٹیکل ایجنٹ کے دفتر کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ آفس کے باہر خودکش بمبار کو سیکیورٹی گارڈ نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرے بمبار کو اہلکار نے گیٹ پر نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی دارالحکومت میں ویلنٹائن ڈے پر پھول اور سرخ غبارے بیچنے
والوں کی گرفتاری کا حکم دیدیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق پولیس حکام نے وفاقی دارالحکومت میں دکانوں اور سڑکوں پر ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے پھول اور سرخ غبارے فروخت کرنے والوں کو فوری گرفتار کر نے کا حکم دیدیا ہے ۔جس پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم / لاہور) لاہور ہائی کورٹ نے اگلے سال سی ایس ایس کا امتخان اردو میں لینے کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سی ایس ایس کے امتحان کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سال 2018ءکا سی ایس ایس کا امتخان اردومیں لینے کا حکم سنا دیا
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سی ایس ایس کا امتحان سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے لیا جائے ۔ سپریم کورٹ نے اس سے قبل اپنے فیصلے میں انگریزی کی جگہ اردو کو سرکاری زبان نافذ کرنے کا حکم دیا تھا ۔
یاد رہے اس سے قبل سی ایس ایس کا امتحان انگریزی زبان میں لیا جا تا ہے جبکہ گزشتہ سال سی ایس ایس کے نتائج انتہائی مایوس کن رہے تھے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب خان عباسی وزیراعظم نوازشریف کے مشیر برائے ہوابازی مقرر کردیئے گئے ہیں۔ ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے سردارمہتاب عباسی اب پی آئی اے کے چئیرمین بھی ہوں گے اور انہیں وفاقی وزیر کے برابر درجہ حاصل ہوگا۔ اس سے قبل یہ عہدہ وفاقی وزیرترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کے پاس تھا جنہیں شجاعت عظیم کے مستعفیٰ ہونے کے بعد اس عہدے کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 2 بار خیبرپختون خوا کے وزیراعلیٰ رہنے والے مہتاب خان عباسی نے گزشتہ برس پارلیمانی سیاست میں دوبارہ قدم رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کو بحیثیت گورنر استعفیٰ پیش کیا تھا جسے وزیراعظم نوازشریف نے منظورکرلیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)گزشتہ روز سینیٹر سحرکامران کی تحریک پر بحث کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ابھی تک حکومت نے ایکشن پلان کے حوالے سے ترجیحات ہی طے نہیں کیں ۔ طاہر مشہدی نے کہا ایکشن پلان پر صرف فوج عمل کر رہی ہے، حکومت نے اسے نان ایکشن پلان بنادیا ہے جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے کہا نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20 نکات پر عملدرآمد کرلیا گیا ہے۔
سسی پلیجو نے کہا کہ وزیرداخلہ تذبذب کا شکار ہیں۔ شاہی سید نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصلحت کا شکار ہیں، دہشتگردوں کے بعد اب گڈ اور بیڈ ایم کیوایم کا فلسفہ لایا جارہا ہے، ایم کیوایم دہشتگرد ہے تو اسے ایوان سے نکالا جائے، اگرنہیں توپھرالزام واپس لیا جائے۔
دوسری جانب نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم نے ویلنٹائن ڈے پر پابندی نہیں لگائی جو منانا چاہیں منائیں، حافظ حمداللہ نے کہا کہ بتایا جائے کن مدارس سے اسلحہ نکلا یا ملک کیخلاف نعرے لگے۔ وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں امن وامان کی صورتحال اور معیشت بہتر ہوئی،یہ کامیابیاں ایکشن پلان پر عملدرآمد سے حاصل ہوئیں، وزیراعظم نے خودپروگرام کی مانیٹرنگ کی۔
ایوان نے سینیٹ کے اختیارات میں اضافے کے لیے دستور میں ترمیم کرنے، ترجیح بنیاد پر مستقل وزیرخارجہ تعینات کرنے، مارگلہ پہاڑیوں پر مناسب شجرکاری کرنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مناسب اقدامات کرنے، علاقائی پاسپورٹ دفاتر میں خواتین کے لیے الگ کاؤنٹر قائم کرنے سمیت 5 قراردادیں منظورکرلیں جبکہ بے سہارا یتیموں کی بحالی و فلاح، زیر حراست موت اور زیر حراست جنسی زیادتی کے امتناع و سزاکے بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور لانے کی تحاریک کی بھی منظوری دی۔
دریں اثنا اسلام آباد میں بزرگ شہریوں کی فلاح کے لیے قانون وضع کرنے،منشیات پر سزا کم سے کم چھ ماہ قید کرنے، ضابطہ فوجداری 1898 میں ترمیم کرنے اور اسلام آبادکرایہ پابندی آرڈیننس میں ترمیم کے بل سمیت 5 بل متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوادیے گئے۔
علاوہ ازیں سندھی، پشتو، بلوچی اور پنجابی سمیت 7 علاقائی زبانوں کو قومی زبانیں قرار دینے کے متعلق کریم خواجہ کاترمیمی بل دوتہائی ووٹ نہ ملنے پر مستردکردیا گیا،ایوان نے معروف دانشور بانو قدسیہ اورحمیدہ کھوڑو مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنیکی قرارداد اتفاق رائے سے منظورکرلی تاہم صحافیوں نے کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پریس گیلری سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت /کراچی ) ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسرمسعود حمید خان نے سول ہسپتال کراچی میں کام کرنے والے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرزکے وظیفے کے معاملے پر پیرکو ڈائو میڈیکل کالج میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے ساتھ ایک میٹنگ کی جس میں انکے وظیفہ کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس میٹنگ میں پروفیسر مسعود حمید خان نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کو بتایا کہ ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اس معاملے پر متعدد بار سندھ کے وزیراعلیٰ کے سیکریٹری برائے جامعات کے ذریعے محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ کو یاددہانی کرائی کہ پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کے وظیفے میں اضافہ شدہ وظیفے کی رقم کی ادائیگی کو ممکن بنائیں۔

تاہم ابھی تک باوجود متعدد بار یاددہانیوں کے ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر مسعود حمید خان نے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کوہڑتال پر جانے سے گریز رہنے کو کہااور بتایا کہ ڈائو یونیورسٹی اس معاملے میں مسلسل کوشاں ہے اور جلد ہی کوئی مثبت نتیجہ حاصل ہوگا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی ) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے محکمہ مالیات اور محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسزکے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کے ایم سی اسپتالوں کے نرسنگ اسٹاف کے ترقیوں اور یوٹیلیٹی الائونس کی ادائیگی کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کی سہ پہر اپنے دفتر میں کے ایم سی اسپتالوں کی جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی کے ایک وفد اور کے ایم سی افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس کے دوران نرسز ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے اپنے مسائل سے ڈپٹی میئر کراچی کو آگاہ کیااور بتایا کہ انہیں یوٹیلیٹی الائونس ادا نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ اسٹاف کی اپ گریڈیشن کے علاوہ نرسوں کے وظیفے کی ادائیگی کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ ڈپٹی میئر نے مشیر مالیات کو ہدایت کی کہ فوری طور پر نرسنگ اسٹاف کو یوٹیلیٹی الائونس کی ادائیگی کے لئے مارچ کی تنخواہ میں اس الائونس کا اضافہ کیا جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /نوابشاہ) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی ضلع شہید بینظیر آباد کے سینڈیکیٹ کا تیرواں اجلاس وائس چانسلر ارشد سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں ایم۔ این۔ اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم مسز عزیز فاطمہ، ھائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ وائس چاںسلر قائد عوام یوںیورسٹی ڈاکٹر عبدالکریم بلوچ، وائس چاںسلر لیاری یوںیورسٹی ڈاکٹر اختر بلوچ، بیرسٹر چوہدری جمیل، شادی خان لاڑک، غلام رسول خاصخیلی، ڈاکٹر لیاقت زرداری، ڈاکٹر طیبہ ظریف، مولوی عبدالطیف ننگراج رؤف لغاری، آفتاب زرداری اور دیگرممبران نے شرکت کی۔

سینڈیکٹ میں متفقہ طور پر مالی سال 2016-2017 کے سالانہ بجٹ، یونیورسٹی کیمپس کی تعمیراتی کاموں کے اخراجات اور ملازمین کے گروپ انشورنس کی سہولت اور اساتذہ کے لئے پی ایچ ڈی اور ایمٖ فل الائونس دینے کی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ سے متفقہ طور پر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں اپنی خدمات دینے والے چھوٹے بڑے تمام ملازمین اور ان کے خاندان کو میڈیکل کی سہولیات دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بیوٹیفکشن پلان اور انتظامی طور پر کیے گئے اقدامات کی تعریف کی گئی اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیمپس کا دورہ کیا اور نئے تعمیر شدہ آرٹس بلاک کا افتتاح کیا اور جاری تعمیراتی کاموں پراطمینان کا اظہار کیا۔