ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال اب وسیع پیمانے پر ہورہاہے، عسکری مقاصد کے لیے وضع کی گئی ٹیکنالوجی سول کاموں کے لیے بھی کام یابی سے استعمال کی جارہی ہے۔ عسکری حدود سے نکل کر عوامی حدود میں داخل ہونے کے باوجود فوجی مقاصد کے حصول میں اس کی اہمیت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ افادیت اور ضرورت کے پیش نظر فزوں تر ہوگئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی پر تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدا میں ڈرون طیارے روایتی طریقے سے بنائے گئے یعنی مشینوں کے ذریعے ان کے مختلف حصے اور پرزے تیار کیے گئے پھر انھیں جوڑ کر پائلٹ کے بغیر اڑنے والے طیارے کی شکل دے دی گئی۔ عسکری ڈرون کے دو مقاصد ہوتے ہیں:دشمن کی جاسوسی اور آسمان سے زمین پر اور میزائلوں کی صورت میں موت برسانا۔ عوامی یا شہری استعمال کے ڈرونز کواڈ کو پٹر بھی کہلاتے ہیں۔ یہ جسامت میں عسکری ڈرونز سے کافی چھوٹے ہوتے ہیں اور چار پنکھوں کے سہارے اڑتے ہیں، اس لیے انھیں کواڈ کو پٹر کہا جاتا ہے۔ یہ بھی جاسوسی اور فضا سے عکس بندی کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان میں نصب کیمروں سے ویڈیو بنائی جاسکتی اور تصاویر کھینچی جاسکتی ہیں۔ تھری ڈی پرنٹنگ عام ہونے کے بعد اب ڈرون طیارے بنانے میں بھی اس سے کام لیا جارہاہے، بالخصوص عسکری ڈرونز تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے بنائے جارہے ہیں۔ جنگی طیاروں کی پیداوار میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال کئی برس پہلے شروع ہوگیا تھا۔عسکری ماہرین کہتے ہیں کہ تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے ہوائی جہازوں کی تیاری میں روایتی طریقوں کی نسبت کئی گنا کم وقت صرف ہوتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اس لیے زیادہ مفید ہے کہ اس کی مدد سے میدان جنگ کے قریب ضرورت کے مطابق پرزے اور آلات فوری بنائے جاسکتے ہیں۔ سائنس دان ڈرون کی مزید تیزتر فراہمی ممکن بنانے کے لیے ایک اور سمت میں تحقیق کررہے ہیں۔ ان کا مقصد ڈرون تیار کرنا نہیں بلکہ ’’اُگانا‘‘ ہے۔ گلاسگو یونی ورسٹی کے پروفیسر لی کرونن کی سربراہی میں سائنس دانوں کی ٹیم اس منصوبے پر کام کررہی ہے۔ پروفیسر لی کرونن ایک ڈیوائس کی تیاری پر تحقیر کررہے ہیں جسے انھوں نےChemputer کا نام دیا ہے۔ یہ ڈیوائس یا مشین مالیکیولی سطح پر کیمیائی تعامل کو کنٹرول کرتے ہوئے اس کی وقوع پذیری کو مہمیز دے گی۔ نتیجتاً بہت کم وقت میں طیارے کی تخلیق کے تمام مراحل مکمل ہوجائیںگے۔ فی الوقت عسکری ڈرون کی تیاری میں کئی مہینے لگ جاتے ہیں۔ Chemputerکے حقیقت بن جانے کے بعد یہ دورانیہ کم ہوکر ہفتوں تک محدود ہوجائے گا۔ ڈرون کے حصوں کی تیاری کے لیے خام مال مائع صورت میں اس مشین میں ڈالا جائے گا اس میں موجود مخصوص کیمیکلز کے ذریعے خام مال میں مالیکیولی سطح پر تعامل وقوع پذیر ہوگا اور وہ بتدریج مطلوبہ حصوں اور پرزوں کی شکل اختیار کرجائے گا۔ پروفیسر لی کا کہناہے کہChemputer کو حقیقت بنانے کی جانب وہ پیش رفت کررہے ہیں مگر اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ مشین کب تک تیار ہوگی۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)خفیہ میسجنگ میں ایک ’ ٹائمر‘ آپشن ہوگا جو سلسلہ گفتگو ( تھریڈ) کو آپ کے دئیے ہوئے وقت کے مطابق ازخود تباہ کردے گا۔ یہ آپشن بالکل اسنیپ چیٹ کی طرح کام کرتا ہے جس میں تصاویر اپنے مقررہ وقت پر ختم ہوجاتی ہے، فیس بک کی یہ سہولت اس کے ایک ارب سے زائد صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔ فیس بک کی چیٹنگ میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک پوری گفتگو اینکرپٹڈ ہوگی۔ اس طرح حکومتیں اور ہیکرز بھی آپ کی گفتگو نہیں پڑھ سکیں گے، فی الحال یہ فیچر تجرباتی سطح پر ہے اور چند لوگ ہی اسے استعمال کررہے ہیں۔ یہ فیچر اگلے ایک دو ماہ میں یہ فیس بک کے پوری دنیا میں موجود صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔ وائبر اور اسنیپ چیٹ کے مقابلے میں فیس بک کا خفیہ گفتگو کا آپشن آپ کو ازخود ( مینوئلی) سیٹ کرنا ہوگا۔ فیس بک میں میسنجر پراڈکٹ کے سربراہ ٹونی لیچ نے بتایا کہ ان کا ادارہ میسجنگ کو پرائیوٹ اور محفوظ بنانا چاہتا ہے۔ اپنے ایک بلاگ میں فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ یہ ون ٹو ون خفیہ گفتگو کا آپشن ہے اور اسے کسی شخص کے مخصوص ڈیوائس ( اسمارٹ فون یا ٹیپلٹ وغیرہ) سے ہی استعمال کیا جاسکے گا اور اسے مجاز شخص ہی وصول کرسکے گا۔ اسی طرح پیغامات کو تالا لگانے یا ’ لاک‘ کرنے کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا جو صرف دو افراد کے مابین پاس ورڈ سے ہی کھلے گا، اس طرح آپ کی سن گن لینے والے اور ہیکرز اس گفتگو کو نہیں پڑھ سکیں گے اور نہ ہی سینسر کرنے والے حکومتیں گفتگو تک رسائی حاصل کرسکیں گی۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)پیرس میں ’’گیکو بایومیڈیکل‘‘ نامی ایک طبّی تحقیقی ادارہ ایسے ’’گوند‘‘ پر کام کررہا ہے جس کی بدولت زخم بھرنے کے لیے ٹانکے لگانے کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔ ادارے کی چیف سائنٹفک آفیسر کا کہنا ہے کہ ٹانکے لگانے کا عمل مشکل اور وقت طلب ہونے کے ساتھ ساتھ بافتوں (ٹشوز) میں توڑ پھوڑ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ ان کا تیار کردہ ’’حیاتی طبّی گوند‘‘ (biomedical glue) گاڑھا ہے، پانی کو (زخم کے جوڑ والے مقام سے) دور رکھتا ہے، اور حیاتی تنزل پذیر ہے (یعنی کام پورا ہوجانے کے بعد خود بخود گھل کر ختم ہوجاتا ہے)۔ اپنی ان ہی خصوصیات کی بناء پر اس گوند کو نمی والے ماحول، مثلاً خون رستے ہوئے کسی زخم میں رکھا جاسکتا ہے جہاں یہ کٹے ہوئے حصوں کو ایک دوسرے سے جوڑ کر زخم بند بھی کرسکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر بافتوں (ٹشوز) کی نشوونما کےلئے مچان (scaffold) کا کام بھی کرسکتا ہے۔ اس بایومیڈیکل گوند کے پہلے ورژن GB02 سے کمپنی نے اپنی پہلی پروڈکٹ تیار کرلی ہے جسے ٹانکے لگانے والے خصوصی دھاگوں کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی طبّی آزمائشیں (کلینیکل ٹرائلز) جلد ہی شروع ہوگی اور توقع ہے کہ اسے 2017ء تک طبّی استعمال کی منظوری بھی مل جائے گی۔ بائیو میڈیکل گوند کا دوسرا ورژن GB04 ہے جو تجرباتی مرحلے کے قریب پہنچ چکا ہے اور یہ کسی اضافی چیز کے بغیر خود ہی زخم کو مکمل طور پر بند کرسکے گا۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)ماہرین نے یہ نتیجہ مائٹوکونڈریا میں پائے جانے والے ڈی این اے کی ایک خاص قسم R0a کا محتاط تجزیہ کرنے کے بعد اخذ کیا ہے۔ ڈی این اے کی یہ قسم انسانی ارتقاء کو سمجھنے سے لے کر کسی علاقے میں انسانی آبادیوں کی درست قدامت تک کے تعین میں بہت مددگارثابت ہورہی ہے۔ نیچر ’’سائنٹفک رپورٹس‘‘ میں شائع شدہ، اس تحقیقی مقالے کی مرکزی مصنفہ کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطی کے لوگوں میں مذکورہ مائٹوکونڈریائی ڈی این اے کی بڑی تعداد موجود ہے؛ جس میں تغیرات (mutations) کے تفصیلی اور محتاط مطالعے سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ 20 ہزار سال قدیم ہے۔ آج سے 20 ہزار سال پہلے کے زمانے میں، جسے ’’گزشتہ برفانی عہد‘‘ (Last Glaciation) کا عروج بھی قرار دیا جاتا ہے، زمین کے بیشتر علاقوں پر برف کا راج تھا۔ البتہ اتنے شدید سرد حالات میں بھی کچھ علاقے ایسے ضرور تھے جہاں کا ماحول نسبتاً گرم تھا اور جو انسانی آبادیوں کے لیے مناسب تھے: یہ برفانی عہد میں انسانی ’’پناہ گاہیں‘‘ (refugia) تھیں۔ نئی تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ بحیرہ روم کی ساحلی پٹی سمیت، سرزمینِ عرب کے جنوبی علاقوں میں انسانی آبادی موجود تھی۔ قبل ازیں یہ خیال کیا جاتا تھا کہ سرزمینِ عرب پر اوّلین انسانی بستی، برفانی عہد ختم ہونے اور زراعت ایجاد ہوجانے کے بعد وجود میں آئی؛ جو آج سے تقریباّ 10 ہزار سے 11 ہزار سال پہلے کا زمانہ بنتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ عرب میں انسان کی آمد، افریقا کے بالائی علاقوں (قرنِ افریقہ) کے راستے ہوئی تھی۔ نئی تحقیق ان خیالات کے بھی بالکل خلاف جارہی ہے۔ اس کے مطابق، آج سے 15 ہزار سال پہلے جب گزشتہ برفانی عہد کی شدت کچھ کم ہوئی تو سرزمینِ عرب پر بسنے والے انسانوں نے قرنِ افریقہ کا رُخ کیا؛ اور بعد ازاں مشرقِ وسطی کے دوسرے علاقوں میں پھیل گئے۔ اسی کے ساتھ ماہرین نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ شاید ان ہی ’’قدیم ترین عربوں‘‘ کی آئندہ نسلیں اُن علاقوں میں جاکر آباد ہوگئی ہوں جو موجودہ ایران، پاکستان اور ہندوستان میں شامل ہیں۔
ایمز ٹی وی (سری نگر) برہان وانی کی شہادت کے خلاف بھارت مخالف احتجاج میں شدت آ رہی ہے ، مظاہروں پر قابو پانے کے لیے مزید فوجی دستے بھیجے گئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی افواج کی فائرنگ سے شہداء کی تعداد 23 ہو گئی ، ڈھائی سو سے زائد افراد زخمی ہیں ، سری نگر میں مظاہروں کے خوف کے پیش نظر کرفیو نافذ ہے ، کٹھ پتلی حکومت نے مظاہروں کے حالیہ لہر میں شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کر دی جبکہ حریت رہنماؤں سے قیام امن کے لیے اپیل کر دی ہے ۔ برہان وانی کی شہادت کے خلاف بھارت مخالف احتجاج میں شدت آ رہی ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وادی میں جگہ جگہ احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مزید عوامی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر سری نگر میں کرفیو کا سلسلہ جاری ہے ۔ مظاہروں پر قابو پانے کے لیے مزید فوجی دستے بھیجے گئے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے بھارتی بربریت کے تازہ لہر میں شہید ہونے والے افراد کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔ محبوبہ مفتی حکومت نے حریت رہنماؤں سے وادی میں امن قائم کرنے کے لئے بھی اپیل کی ہے ۔ وادی بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز بند ہیں ۔ ضلع اننت ناگ میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس کی گاڑی دریا میں پھینکنے سے ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ۔ حریت رہنما یاسین ملک کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بزرگ رہنما سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق، شبیر شاہ اور دوسرے حریت رہنما اپنے گھروں میں نظر بند ہیں ۔
ایمز ٹی وی (تجارت) مہنگا روپیہ بھی ایکسپورٹ میں گراوٹ کا سبب بن رہا ہے ، مہنگائی زور پکڑ جانے کے باوجود مئی میں شرح سود گھٹانے کے فیصلے نے انویسٹرز کو حیران کر دیا ۔ آئی ایم ایف مشن چیف ہیرلڈ فنگر نے سٹیٹ بینک کی خودمختاری پر بھی سوال اٹھا دیئے ۔ بین الاقوامی خبر رساں ادرے کو انٹرویو دیتے ہوئے آئی ایم ایف مشن چیف ہیرلڈ فنگر نے بتایا کہ پاکستانی روپیہ اپنی اصل قدر سے 5 سے 20 فیصد تک مہنگا ہے ، دوسری جانب توانائی کی قلت اور امن و اماں کے خدشات کے علاوہ بین الاقوامی منڈی میں اجناس کی گرتی قیمتیں بھی ایکسپورٹس کے لیے چیلنج ہیں ۔ ہیرلڈ فنگر کا کہنا تھا کہ مہنگائی زور پکڑ جانے کے باوجود مئی میں شرح سود میں کمی نے سرمایا کاروں کو حیران کر دیا ایسے فیصلوں سے مرکزی بینک کی خودمختاری بڑھانے جیسے اقدامات پر سوالیہ نشان پیدا ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے شیڈول میں بھی حکومت کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
ایمز ٹی وی(تجارت) سوئس بینکوں میں موجود پاکستانیوں کی دولت کا سراغ لگانے کے معاہدے کیلیے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکی ٹیم اورسوئس ٹیکس اتھارٹیز کے درمیان مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ کامیاب ہوگیا ہے۔ سوئس حکام کیساتھ مذاکرات میں پیشرفت کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار خود کریں گے۔ مذاکرات کیلیے جانیوالی چیئرمین ایف بی آرکے اسپیشل اسسٹنٹ زبیرامجدٹوانہ اورچیف انٹرنیشنل ٹیکسز و دیگر حکام پر مشتمل ٹیم مذاکرات کا دوسرا رائونڈمکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ ٹیم نے چیئرمین ایف بی آرکو تمام ترتفصیلات سے آگاہ کردیا ہے اوران مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اورپاکستان اور سوئس ٹیکس اتھارٹیزکے درمیان ترمیم شدہ معاہدہ پردستخط کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ ان مذاکرات کے مزید رائونڈ بھی ہوسکتے ہیں جبکہ اس بارے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کاکہنا ہے کہ تنظیم برائے اقتصادی تعاون و ترقی کے ممبر ہونے کے ناطے سوئٹزر لینڈ نے ممبر ممالک کیساتھ سوئس بینکوں میں فرضی اور بے نام اکائونٹس میں پڑی دولت بارے معلومات شیئرکی ہیں اور او ای سی ڈی کی سفارش پر سوئٹزر لینڈ نے غیرقانونی اثاثہ جات کی واپسی کا قانون بھی متعارف کروایاجسکے تحت جن جن ممالک کے سوئٹزر لینڈکیساتھ دوہرے ٹیکسوں سے بچائوکے معاہدے ہیں اور ان معاہدوں میں معلومات کے تبادلے کی شقیں شامل ہیں انہی ممالک کے باشندوںکے سوئس اکائونٹس بارے معلومات کی فراہمی کو لازمی قرار دیاگیا ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی فلم سلطان نے باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔ بائیوپک فلم نے ریلیز کے پہلے دن ساڑھے 36 کروڑ کا بزنس کیا۔ بالی ووڈ باکس آفس پر سلمان خان کا جادو ایک بار پھر چل گیا۔ دبنگ ہیرو کی فلم سلطان نے ریلیز کے پہلے دن ہی ساڑھے 36 کروڑ کا بزنس کر لیا۔ پہلے دن سب سے زیادہ کاروبار کا اعزاز بھی سلمان خان کی فلم کو حاصل ہے۔ گزشتہ سال پریم رتن دھن پایو نے پہلے دن 39 کروڑ کا ریکارڈ ساز بزنس کیا تھا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ پہلی بار ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔ بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اپنے معاشقوں کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ اب تک کئی اداکاروں کے ساتھ ان کے معاشقے عام ہوچکے ہیں جب کہ اداکارہ نے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سے شادی کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا تاہم اب اداکارہ کی چاکلیٹی ہیرو کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ضرور پوری ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان ہدایت کارایان مکھرجی نے فلم ’’ڈریگن‘‘ میں اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ کو کاسٹ کرلیا ہے جس کے بعد دونوں اداکار پہلی بار کسی بھی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے جب کہ دونوں اداکاروں نے لندن میں فلم میں اپنے کرداروں میں ڈھل جانے کے لیے تربیت بھی لینا شروع کردی ہے جس کے بعد جلد ہی فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (راولپنڈی) طاہر القادری نے لال حویلی میں دھواں دھار خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکمرانوں کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہو جائے گا۔ انہوں نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کا حساب لینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر شیخ رشید نے بھی شعلہ بیانی کے جوہر دکھائے اور فضل الرحمان اور اسفند یار ولی پر خوب چڑھائی کی۔ شیخ رشید نے حکومت کے خلاف باہر نہ نکلنے والوں کو حکمرانوں کی کرپشن میں حصہ دار قرار دیدیا۔ علامہ طاہر القادری نے مجلس وحدت المسلمین کے احتجاجی کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان اکتیس جولائی کو لاہور میں قومی مشاورت کانفرنس میں کیا جائے گا۔