ایمزٹی وی(کھیل) دورہ انگلینڈ پر موجود پاکستانی ویمنز ٹیم ناکامیوں کی دلدل سے نکل نہیں پائی، میزبان ٹیم نے ٹوئنٹی 20 سیریز کے ابتدائی معرکے میں 68 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش کا شکار ہونے والی پاکستان ویمنز ٹیم ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں بھی ناکامیوں سے دامن نہیں چھڑاسکی، برسٹول میںکھیلے جانے والے پہلے ٹوئنٹی 20میں گرین شرٹس کو 20 اوورز میں 188 رنز کا ہدف ملا مگر 56 رنز پر 4 وکٹیں کھونے کے بعد اس کی تمام امیدیں ٹوٹ گئیں۔ بسمہ معروف 19، جویریہ خان 14، سدرہ امین 9 اور سدرہ نواز صرف 4 رنز بناکر آئوٹ ہوگئیں، نین عابدی اور اسماویہ اقبال نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی مگر 98 کے مجموعے پر یہ جوڑی ٹوٹ گئی جبکہ احتیاط سے کھیلنے کی کوشش میں مطلوبہ رن ریٹ پہلے ہی ہاتھ سے نکل چکا تھا، نین عابدی 24 رنز پر آئوٹ ہوئیں جبکہ آخری اوور کی تیسری گیند پر اسماویہ بھی 35 رنز پر آئوٹ ہوگئیں، اس طرح 7 وکٹ پر 119 رنز بن پائے۔ ڈینیلی، اسکیور اور جینی نے2,2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے پہلے انگلینڈ نے 5 وکٹ پر 187 رنز بنائے، لورین ونفیلڈ اور ٹیمی بیمونٹ نے ٹیم کو 147 رنز کی بنیاد فراہم کی، ٹیمی 53 بالز پر 2 چھکوں اور10 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بناکر آئوٹ ہوئیں، لورین نے 74 رنز بنائے۔
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)بالی ووڈ کے حکمران خانز شاہ رخ خان اور سلمان خان کی دوستی وقت کے ساتھ ساتھ گہری ہوتی جارہی ہے یہی نہیں دونوں اداکارایک دوسرے کی فلموں کی تشہیری مہم کے ساتھ ساتھ تقریبات میں تعریف کرتے نظر آتے ہیں جب کہ گزشتہ دنوں دونوں اداکار ممبئی کی سڑکوں پر ایک ساتھ سائیکلوں پر مٹر گشت کرتے نظر آئے تھے جس کے بعد اب سلو میاں نے کنگ خان کوتنقید کا نشانہ بنانے والوں کو خبردار کردیا ہے۔
بالی ووڈ کے دبنگ سپراسٹار سلمان خان نے قریبی دوست اور فلم نگری کے کنگ شاہ رخ خان کی اداکاری پر تنقید کرنے والوں کو اپنی نئی آنے والی فلم’’سلطان‘‘ کے ڈائیلاگ کے ذریعے خبردار کیا ہے، فلم میں دبنگ خان پہلوان کا رول ادا کر رہے ہیں اور ایک ڈائیلاگ میں ان کے کوچ سلمان خان سے کہتے ہیں کہ ” تو یہاں پہلوانی کرنے آیا ہے یا رومانس، کیا خود کو شاہ رخ خان سمجھا ہے ‘‘ جس کے جواب میں سلو میاں کہتے ہیں’’ شاہ رخ خان کا مذاق مت اڑاؤ! مجھے بہت پسند ہیں جب وہ لڑکی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کے دیکھے ہیں نا تو اندھی لڑکی بھی پٹ جاتی ہے‘‘
دوسری جانب سلو میاں کا شاہ رخ خان سے متعلق ڈائیلاگ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوگیا ہے جسے 3 دن میں کئی لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ فلم 6 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
ایمزٹی وی(صحت)امریکی محققوں کی یہ تحقیق جریدے نیچر میں شائع ہوئی ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ تجرباتی ویکسین کے نتائج حیرت انگیز ہیں اور اس سے مزید تحقیق میں تیزی آئے گی۔ چند ماہ کے اندر ویکسین کے انسانوں میں تجربات شروع کر دیئے جائیں گے۔ زیکا وائرس مچھر سے منتقل ہوتا ہے اور اگر یہ کسی حاملہ خاتون کو ہو جائے تو بچے میں پیدائشی نقائص پیدا ہو سکتے ہیں۔ زیکا وسطی اور جنوبی امریکا میں پھیل رہا ہے اور حال ہی میں اس کے مریض افریقہ میں بھی دیکھنے میں آئے ہیں
ایمزٹی وی(صحت)امریکا میں نیند پر ایک حالیہ تحقیقی مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ اوسطاً ایک بالغ شخص کو 7 سے 9 گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے، جس سے اس کی زندگی میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے ،جو ایک بہتر زندگی گزارنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ عالمی سطح پر نیند نہ آنے کی بڑی وجہ سماجی سطح پر پیش آنے والے مصائب اور مشکلات ہیں ۔ ادھر معالجوں کے مطابق معاشرے کو لاحق مسائل لوگوں کی نیند کو متاثر کرتے ہیں جس سے صحت کمزور ہو جاتی ہے۔ نوجوانوں کی نسبت، ادھیڑ عمر کے لوگوں کی نیند طبی طور پر تجویز کردہ نیند سے کم ہوتی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر خواتین مردوں سے آدھ گھنٹہ زیادہ سوتی ہیں ۔ خاص طور پر جن کی عمریں 30 سے 35 سال کی ہوتی ہیں۔ مذکور رپورٹ کے مطابق امریکا میں ہر تین میں سے ایک بالغ 7 گھنٹے سے کم نیند کرتا ہے۔ نیند کی کمی سے شوگر، بلند فشار خون، دل کی بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں جبکہ نیند سے محرومی یا اس میں کمی سے انسانی زندگی کو خطرہ بھی لاحق ہو سکتا ہے
ایمزٹی وی(کھیل) یورو فٹبال کپ کا ناک آؤٹ مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچا اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی۔ اہم میچ میں میزبان فرانس اورآئس لینڈ کی ٹیمیں میدان میں اتریں۔ فرانس کی ٹیم نے میچ کے پہلے ہاف میں ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اوپر تلے چار گول داغ کر حریف ٹیم پر اپنی برتری قائم کر لی۔ اولیویر جیروڈ نے بارہویں منٹ میں پہلا اور پال پوگبا نے انیسویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔ ہاف کے آخری تین منٹ میں دمتری پیت اور انتوین گریزمین نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ آئس لینڈ کی جانب سے کولبین ستھرسن نے 55 ویں منٹ میں پہلا گول کیا۔ جیروڈ نے انسٹھویں منٹ میں پانچواں گول کر کے فرانس کی لیڈ ایک بار پھر بڑھا دی۔ آئس لینڈ کے بیرکریارنسن نے 84 ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔ یورو کپ کا پہلا سیمی فائنل سات جولائی کو پرتگال اور ویلز اور دوسرا آٹھ جولائی کو فرانس اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایمزٹی وی(صحت)ٹفٹس یونیورسٹی، میساچیوسیٹس میں کیے گئے ایک مطالعے میں ماہرین یہ کوشش کررہے تھے کہ فالج اور دل کے دورے سے مکھن کا کوئی تعلق دریافت کرلیں مگر اس میں انہیں مایوسی ہوئی۔ انہیں معلوم ہوا کہ ان دونوں معاملات میں مکھن ’’بے ضرر‘‘ ہے۔ البتہ، ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچاؤ میں مکھن کو تھوڑا سا مددگار ہی پایا گیا۔ پچھلے چند برسوں سے مکھن کے استعمال پر مغرب میں طرح طرح کے اعتراضات کیے جارہے تھے اور کہا جارہا تھا کہ مکھن کے استعمال سے نہ صرف دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے بلکہ یہ قبل از وقت موت کا باعث بھی بنتا ہے لیکن مذکورہ مطالعے سے ان تینوں افواہوں کی نفی ہوئی۔ مطالعے کے شریک مصنف کے مطابق ان کے نتائج سے یہی سامنا آیا کہ ہمیں مکھن سے بلاوجہ خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، اور نہ ہی اسے غیر ضروری طور پر اچھا بناکر پیش کرنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق اس تحقیق کا واضح مطلب یہی ہے کہ مکھن کو معمول کی غذا میں شامل رکھنے سے انسانی صحت پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہوتے؛ اور یہ کہ ہمیں اس کے استعمال میں اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے۔
ایمزٹی وی(بزنس)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے تمام سرکاری اور نجی بینکوں کو ہدایات جاری کی تھیں کہ عید الفطر کے موقع پر صارفین کو بلا تعطل بینکاری کی سہولت فراہم کی جائے اس سلسلے میں ملک کے تمام بینکوں کی تمام شاخیں ہفتہ وار چھٹی کے باوجود کھلی رہیں لیکن کئی بینکوں کے آن لائن لنکس ڈاؤن رہنے کی وجہ سے آن لائن بینکنگ نہیں ہورہی تھی جب کہ ہزاروں اے ٹی ایم مشینیں بھی عملاً غیر فعال ہوگئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام نجی بینکوں کو اضافی کیش اور سسٹم درست رکھنے کی ہدایات بھی جاری کررکھی ہیں لیکن کئی کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کے لنک ڈاؤن اور کیش نہ ہونے کی وجہ عوام سخت پریشان ہیں اورجو اے ٹی ایم مشینیں فعال ہیں ان پر عوام کے لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ بینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں سے قبل رقم کی لین دین بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے آن لائن نظام کو فعال رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم لنک ڈاؤن یا فنی خرابی کا کوئی حل نہیں ہے. ادھر عوام کا کہنا ہے کہ تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں پرقائم کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں کا خراب یا بند ہونا عام سی بات ہے۔ عید کی خوشیاں رقم کی دستیابی سے منسلک ہیں لیکن خدشہ ہے کہ بینکوں سے ٹرانزیکشن کے عمل میں رکاوٹ اس میٹھی عید کی خوشیاں پھیکی نہ کردے کیونکہ خوشی کے موقع پرجب عوام کورقم نکالنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے تو اے ٹی ایم سمیت بینکوں کا آن لائن سسٹم بھی کام نہیں کرتا اور شہری چیک لئے مارے مارے پھر رہے ہیں اور بینک کھلنے کے باوجود بھی عوام کی مشکلا ت حل نہیں ہوسکیں۔ دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اے ٹی ایم میں کیش نہ ہونے اور پنشنرز کو مشکلات پیش آنے کا نوٹس لے لیا۔ اسحاق ڈار نے گورنر اسٹیٹ بینك سے ٹیلی فون پر رابطہ كیا اور انہیں ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینك حكام سے بات كركے عوامی شكایات كا ازالہ كریں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت كی اے ٹیم اے مشینوں میں كیش كی وافر مقدار میں دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔
ایمزٹی وی(بزنس)ہر سال ٹیکس ورلڈ یو ایس اے اور بین الاقوامی ایپرل سورسنگ شو کے ساتھ ہوم ٹیکسٹائل سورسنگ شو کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے، جیوٹس کنونشن سینٹر میں ہونے والی ہوم ٹیکسٹائلز سورسنگ ایکسپو میں 110 بین الاقوامی نمائش کنندگان،ٹیکس ورلڈ میں 500 اور ایپرل سورسنگ میں 220 بین الاقوامی نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔ ہوم ٹیکسٹائل سورسنگ میں پاکستان، بھارت، ترکی کا بالکل نیا پویلین قائم اور مصر، انڈونیشیا اور ویتنام کے نئے نمائش کنندگان حصہ لیں گے۔ ایپرل سورسنگ میں پاکستان اور میکسیکو کا بالکل نیا پویلین قائم کیا جائے گا۔ ٹیکس ورلڈ میں بالکل نئی مصنوعات پیش کی جائیں گی۔ پاکستان کی جانب سے حصہ لینے والی فیبریکس کمپنیوں میں انم ویونگ ملز، عمران برادرز ٹیکسٹائل، محمود ٹیکسٹائل ملز، رانا ٹیکسٹائل ملز، رؤف ٹیکسٹائل اینڈ پرنٹنگ ملز، ایپرل میں کری ایٹو ایپرل، اول اسپورٹس، توصیف انٹر پرائز،ونکو ٹیکسٹائل اور ہوم ٹیکسٹائل میں اے ون ٹیکسٹائلز، القریش فیبرکس، البرکا فیبرکس، لاہور بزنس انٹرنیشنل، صوفی ویونگ انڈسٹریز، اور تھری اسٹارز ہوزری ملز شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) ہر سال دنیا بھر سے مسلمانوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کے دوران عمرے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتی ہے، خاص طور پر رمضان کے آخری عشرے میں ہزاروں مسلمان عمرے کے لیے آتے ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق رمضان المبارک کی مقدس میں رات میں عبادت کے لیے نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد الحرام میں موجود تھی کہ اس دوران وہاں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوگئے جن میں عمرہ معتمرین شامل ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ سعودی محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی اور تمام کی خطرے سے باہر ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال حج کے موقع پرمنٰی میں بھگدڑ مچنے سے 700 سے زائد عازمین جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ سال ہی مسجد الحرام کے صحن میں کرین گرنے سے 100 سے زائد عازمین حج جاں بحق اور 200 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے
ایمزٹی وی(بزنس)حکومت نے ایران کی طرف سے ممکنہ عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے ایران سے گیس کی پرائس پر دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے حکام کے مطابق ایران ترکی کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں چلا گیا ہے اور اس وقت اس کے ترکی کے خلاف تین کیسز چل رہے ہیں۔ پاکستان نے موجودہ حالات کے پیش نظر پاک ایران گیس پائپ لائن پر عملدرآمد نہ کرنے پر ایران کی طرف سے پاکستان کے خلاف ممکنہ عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے گیس کی قیمت پر دوبارہ مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایران کے حکام سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ عید کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا امکان ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے کا سنگ بنیاد 2013 میں رکھا گیا تھا، معاہدہ کے تحت دسمبر 2014 تک اس منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی تھی۔ پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے پر پاکستان کو روزانہ 30 کروڑ روپے جرمانہ عائد ہو سکتا ہے کیونکہ ایران نے اپنی حدود میں 900کلو میٹر پائپ لائن بچھا دی ہے جبکہ پاکستان نے اپنی حدود میں 785 کلو میٹر طویل پائپ لائن نہیں بچھائی ہے۔ حکام کے مطابق پاک ایران پائپ لائن کی تعمیر نہ ہونے کی وجہ امریکی پابندیاں، بلوچستان میں سیکیورٹی کے حالات اور پاکستان کے عرب ممالک سے قریبی تعلقات ہیں۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ایکسپریس کو بتایا کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے پاک ایران گیس پائپ لائن پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔ اگر ایران پر پابندیوں کا خاتمہ ہوتا ہے تو ایران پاکستان کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں جا سکتا ہے، اس لیے گیس کی قیمت پر دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے۔ ایران پہلے ہی ترکی کے خلاف عالمی عدالت میں جا چکا ہے۔ پاکستان اس منصوبے پر عملدرآمد میں سنجیدہ ہے۔