Wednesday, 20 November 2024

ایمز ٹی وی (بزنس)وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق افغانستان میں بھارت کا بڑھتا ہوا اثرورسوخ، کشیدہ تعلقات، سیکیورٹی مسائل اور افغانستان کی طرف سے بھارتی اشیا کی واہگہ کے ذریعے کابل رسائی کے مطالبے کے بعد پاکستان نے متبادل تجارتی ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تاجکستان کرغستان سمیت دیگر وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات میں اضافے کیلیے بائی لیٹرل معاہدے کیے جائیں گے، ان معاہدوں میں تیسرے ملک کو غیرجانبدار (نیوٹرل) رکھا جائیگا۔ اس حوالے سے جب وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر سے رابطہ کیا گیا تو ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان تاجکستان سمیت تمام وسطی ایشیا کے ممالک سے تجارت کیلیے چین کا روٹ استعمال کرے گا کیونکہ افغانستان کے اپنے اندرونی مسائل ہیں، وسط ایشیا کے ممالک بھی تجارتی تعلقات میں اضافہ چاہتے ہیں، ان کو محفوط راستہ دیا جائیگا، پاکستان نے ان ممالک کو براہ راست دوطرفہ معاہدے کرنے کی پیشکش کی ہے اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدوں میں چین یا افغانستان کا نام شامل نہیں ہوگا، بائی لیٹرل معاہدے میں تھرڈ ملک سے نیوٹرل معاہدہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ افغانستان سے سیاسی اور سیکیورٹی تعلقات میں مسائل کی وجہ سے تجارتی تعلقات میں مزید پیش رفت نہیں ہو سکی، رواں سال فروری میں افغانستان پاکستان سے تجارت میں اضافے اور ترجیحی تجارتی معاہدے کیلیے بھارت کو واہگہ کے ذریعے راستہ دینے کی شرط سے دستبردار اور بھارت کو شامل کیے بغیر تجارتی معاملات براہ راست کرنے پر راضی ہو گیا تھا، بعدازاں افغانستان نے پاکستان کو وسط ایشیا تک ٹرانزٹ ٹریڈ اور تجارت کا معاملہ اپنی نیشنل سیکیورٹی کونسل میں بھیج دیا، پاکستانی وزارت تجارت نے بھی افغانستان کے رویے پر تجارتی معاملات وزیراعظم کے پاس بھیج دیے جس سے تجارتی تعلقات تعطل کا شکار ہوگئے ہیں۔۔۔

  • ایمزٹی وی(تعلیم)لاہوربورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے تحت ہونے والے میٹرک سالانہ امتحان کے نتائج کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔ ترجمان لاہوربورڈ کے مطابق میٹرک سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان 25 جولائی کو کیا جائےگا، چیئرمین بورڈ لارنس روڈ امتحانی سنٹر میں 25 جولائی کو منعقد ہونے والی تقریب میں میٹرک کے نتائج کا اعلان کریں گے۔ ترجمان کے مطابق رواں سال 2 لاکھ 69 ہزارامیدواروں نے میٹرک کا امتحان دیا۔ نتائج کے اعلان کے بعد 26 جولائی کو پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزازمیں الحمراء ہال میں تقریب رکھی جائے گی جس میں پوزیشن ہولڈرز طلباء کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ بورڈ حکام کا کہنا ہےکہ رواں سال کسی بھی طالبعلم کا رزلٹ “لیٹر۔ اون” نہیں رکھا جائے گا اور امیدواروں کو آن لائن رزلٹ معلوم کرنے کی سہولت میسرہوگی۔

     
     
 
 
 

ایمزٹی وی(تعلیم) میڈیکل اورڈینٹل کالجزمیں داخلےکیلئے انٹری ٹیسٹ کےفارم بنک کے ذریعے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق یو ایچ ایس کے وائس چانسلر کی جانب سے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹری ٹیسٹ رواں برس 28 اگست کو منعقد ہوگا اور انٹری ٹیسٹ فارم بذریعہ پنجاب بنک وصول کئے جائیں گے ۔ یو ایچ ایس نے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کو استدعا کی ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اور پی آئی ٹی بی کے توسط سے فارم جمع کرنے والی بنک برانچوں کو صوبے بھر کے امتحانی بورڈز کے سنٹرلائزڈ ڈیٹا سے آن لائن منسلک کر دیا جائے تاکہ فارم جمع کرتے ہی بنک برانچ امیدوار کے میٹرک اور ایف ایس سی میں حاصل کئے گئے نمبروں اور اس کے دیگر کوائف کی تصدیق کر سکے ۔ یو ایچ ایس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلباء کو فارم جمع کروانے کیلئے دور دراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

ایمزٹی وی(کراچی) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے رمضان المبارک میں اسٹریٹ کرائمز بڑھ جانے کے حوالے سے خبر پر نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈی آئی جیز سے متعلقہ اضلاع اور تھانوں کی کارکردگی کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لیں ۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ انسداد جرائم اقدامات میں عدم کارکردگی اور غفلت کے مرتکب ایس ایچ اوز کا اہم ذمے داریوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ، انہوں نے تمام سپروائزری افسران سے کہا کہ محکمانہ فرائض میں غفلت، لاپروائی یا کوتاہی ہرگز ناقابل برداشت ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی رپورٹ ان کے خلاف نا صرف محکمانہ بلکہ قانونی کارروائی کی بھی وجہ بن سکتی ہے ، آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ کراچی پولیس رینج میں گزشتہ دو سالوں کے دوران اسٹریٹ کرائمز، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور بعد ازاں گرفتاری سے متعلقہ عدالتوں سے ضمانتوں پر رہائی پانے والے ملزمان کی فہرستیں جلد سے جلد ترتیب دے کر ارسال کی جائیں ۔ آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ رمضان المبارک ایمرجنسی پلان کے تحت تمام پولیس رینج باہمی روابط اور معلومات کی شیئرنگ نظام کو ٹھوس بناتے ہوئے مجموعی جرائم سمیت مفرور اشتہاری اور مقدمات میں پولیس کو مطلوب ملزمان کے خلاف پولیس ایکشن کو ہر سطح پر موثر اور کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر انٹیلی جینس اداروں و ایجنسیوں سے مستحکم رابطوں جیسے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

ایمز ٹی وی (بین الاقوامی )پاکستان نے 48ممالک پرمشتمل این ایس جی کا ممبربننے کے لیے درخواست19مئی جبکہ بھارت نے12مئی2016 کوجمع کرائی تھی۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے اجلاس میں گروپ پاکستان اور بھارت کو رکنیت دینے پرغور اختیارکرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پرامن جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی کے لیے غیرامتیازی اورقواعدپرمبنی نظام چاہتاہے جواس کی سماجی، اقتصادی ترقی اورٹیکنالوجیکل ڈیولپمنٹ کیلیے ضروری ہے۔ نیوکلیئرسپلائرزگروپ کی رکنیت کے لیے پاکستان مسلسل گروپ کے ساتھ مصروف عمل ہے۔اسلام آباد میں قائم بین الاقوامی اسٹرٹیجک اسٹڈیزانسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹوڈائریکٹرعلی سرورنقوی نے کہاکہ پاکستان کااین ایس جی کی رکنیت کاکیس بہت مضبوط ہے اوراس نے تمام ریکوائرمنٹس پوری کی ہیں، عوام پرامیدہیں کہ رکنیت کے معاملے میں بلاامتیازفیصلہ کیاجائے گا۔ امریکانے غیرمعمولی اقدام کرتے ہوئے اپنے داخلی قوانین اورایٹمی عدم پھیلاؤکی اقدارکے باوجود بھارت کوخصوصی تجارتی چھوٹ دی حالانکہ یہ قوانین اس قسم کی رعایت یاچھوٹ کے متحمل نہیں۔چیئرمین اسٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹرظفراقبال چیمہ نے کہاکہ سول نیوکلیئر پاور جنریشن پاکستان کے قومی توانائی سیکیورٹی پلان کالازمی جزوہے اور یہ مقصد پاکستان کی این ایس جی میںرکنیت سے باآسانی حاصل کیاجاسکتاہے۔ مبصرین کاکہناہے کہ بھارت کے8ایٹمی ری ایکٹرزسیفٹی کے لحاظ سے عالمی معیار پر پورا نہیں اترتے اور اس کاایٹمی پروگرام دنیامیں سب سے زیادہ غیرمحفوظ ہے۔ واضح رہےکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کے طور پر بڑے پیمانے پرتباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی روک تھام اورکنٹرول کے لیے عالمی کوششوں میں شرکت اور تعاون کررہاہے۔ نیوکلیئرسپلائرزگروپ کو مساویانہ اور غیرامتیازی رویہ اختیارکرناچاہیے کیونکہ کسی ایک نان این پی ٹی ملک کورکنیت دیناعلاقائی امن وسلامتی اور استحکام کے منافی ہو گا۔ بھارت اورپاکستان کی طرح اسرائیل اور جنوبی کوریا نے بھی این پی ٹی پردستخط نہیں کیے جبکہ شمالی کوریا اپنے پہلے جوہری تجربے کے انعقاد سے قبل 2006 میں این پی ٹی سے نکل گیا تھا۔

ایمزٹی وی (بین الاقوامی) بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعے پر پاکستان کی جانب سے تحقیقات کا انتظار کررہے ہیں۔نئی دلی میں حکومت کی خارجہ پالیسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح پر مذاکرات منسوخ نہیں ہوئے بلکہ ہم پٹھان کوٹ واقعے پر پاکستان کی جانب سے تحقیقات کا انتظار کررہے ہیں جب کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) نے تحقیقات کے لئے پاکستان جانے سے انکار نہیں کیا تاہم پاکستان نے اپنی جانب سے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کے لئے وقت مانگا ہے۔

ایمزٹی وی(کراچی) ایس ایس یو کی جانب سے تاجر کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی خبر پر وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

سندھ پولیس میں زرداری فورس کے نام سے مشہور ایس ایس یو کی ایک اور دونمبری سامنے اگئی۔پولیس والوں نے اپنی جانیں بچانے کیلئے تاجر کی زندگی خطرے میں ڈال دی تھی۔ ایس ایس یو کی بلٹ پروف گاڑی پر تاجرغلام نبی کی گاڑی کی نمبر پلیٹ لگادی گئی تھی۔

پروزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے آئی جی سندھ کوواقعےکی انکوائری کرکےجلدرپورٹ دینےکاحکم دےدیا ہے۔ کوششوں کے باوجود ایس ایس یو ترجمان مؤقف دینے سے گریزاں رہے

ایمزٹی وی(لاہور)پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی آفیشل ویب سائٹ ہیک کر لی گئی، ہیکرز نے پیپلز پارٹی کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے آصف زرداری کو ملک کا کرپٹ ترین انسان جبکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کو بزدل اور خود غرض انسان قرار دے دیا ۔ ہیکرز کا کہنا ہے زرداری کبھی اس ملک کےشہریوں کیلئے کھڑے نہیں ہوئے

ایمزٹی وی(اسلام آباد) طورخم بارڈر پر کشیدگی اور پاک افغان مذاکرات کے لئےافغانستان کا سات رکنی وفد آج پاکستان پہنچ گیا۔جہاں دفترخارجہ میں پاک افغان وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق افغان نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی کی قیادت میں 6رکنی وفد نے دفترخارجہ میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کی قیادت میں پاکستانی وفد سے مذاکرات کئے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان طورخم بارڈر پر کشیدگی کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کابل میں ہونیوالے خودکش حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے پر افغان حکومت سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ افغان نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے پر بہت خوش ہوں۔ افغان سفارتی وفد مشیر خارجہ سرتاج عزیزسے بھی ملی گا۔ وفد کی عسکری قیادت سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔

ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)49 سالہ اداکارہ نے موبائل فوٹو شیئرنگ سروس پر اپنی شیئر کردہ پوسٹ میں پرستاروں کی بے لوث محبت کا شکریہ ادا کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چاہنے والوں کی بے حد مشکور ہیں جن کی بدولت انھیں موجودہ مقام حاصل ہوا۔ واضح رہے مادھوری سماجی روابط کی سائٹس پر ایکٹیو رہتی ہیں اور اپنی فلمی اور نجی سرگرمیوں کے متعلق معلومات اپنے پرستاروں کے ساتھ گاہے بگاہے شیئر کرتی رہتی ہیں۔