ایمزٹی وی(اسلام آباد)مشیر خارجہ سرتاج عزیز نےاقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سرتاج عزیزنے پناہ گزینوں کے بارے میں اپنےخیالات کااظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان تیس سال سے لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر رہا ہے لیکن سماجی واقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز کی وجہ سے افغان مہاجرین کی مزید میزبانی نہیں کر سکتے۔ ان کی وطن واپسی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ سماجی واقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز کے باعث پاکستان افغان مہاجرین کی مزید میزبانی نہیں کر سکتا۔ افغانستان میں سیاسی تبدیلی اور سازگار ماحول کی وجہ سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کے
باعث مہاجرین کی واپسی کاعمل سست روی کا شکا رہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مہاجرین واپس جا کر افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
ایمز ٹی وی(کراچی ) اویس شاہ کی بازیابی کیلئے اندرون ملک جانے والے راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناکا بندی کردی ہے، فاٹا سے آنے والی کال میں بتایا گیا تھا کہ دو تلوار کے قریب دھماکا کیا جائے گا۔
چیف جسٹس سندھ سید سجاد علی شاہ کے بیٹے کا اغواء طول پکڑنے لگا ہے، کراچی سے بلوچستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں جانے والے آئل ٹینکرز کی سخت چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔
تفتیش کاروں کا کہنا ہے ماضی میں کراچی سے اغواء کئے گئے افراد کو خالی آئل ٹینکرز یا خالی پی ایم ٹی میں ڈال کر منتقل کیا جاتا رہا ہے، اسی کے پیش نظر کراچی سے باہر جانے والے ہر آئل ٹینکرز کی خصوصی چیکنگ کا حکم دیا گیا تو حب پولیس بھی الرٹ ہوگئی، تمام آئل ٹینکرز کو روک کر تلاشی لی جاتی رہی، خصوصی آلات نہ ہونے کے باعث کوئی کامیابی نہ ملی۔
اس سے پہلے کراچی میں اویس شاہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ انہیں ابھی کراچی سے باہر نہیں لے جایا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سلطان خواجہ نے کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ سترہ جون کی رات دو بجے علاقہ غیر سے ہیلپ لائن پر کال موصول ہوئی۔ کال میں بتایا گیا کہ دو سے تین تلوار کے درمیان دھماکہ کیا جائے گا۔
اویس شاہ کے اغواٗ کے بعد سندھ پولیس جاگ گئی، سانپ نکلنے کے بعد لکیر پیٹنے کی روایت قائم رہی۔ کلفٹن میں سپراسٹور کے قریب کئی سال سے بند پولیس چوکی آباد ہوگئی، اویس شاہ کو اسی چوکی کے قریب سے اغوا کیا گیا تھا۔ اویس شاہ کے اغوا کا مقدمہ آج درج کیا جائیگا، جس کے لئے ڈرافٹ تیار کرلیا گیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)پشاور بورڈ کے میٹرک کے نتائج کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولوں کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا ٹاپ 20 پوزیشن میں کوئی سرکاری اسکول شامل نہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا تبدیلی سرکار میں سرکاری اسکولوں کے تاریخ کی بدترین کارکردگی اس وقت سامنے آگئی جب میٹرک امتحانات نتائج میں ٹاپ 20 پوزیشنز پر 60 سے زائد طلباء او طالبات میں سرکاری اسکول کا ایک بھی طالب علم جگہ نہیں بنا سکا اور تمام پوزیشز پر نجی تعلیمی ادارے بازی لے گئے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی اصلاحات کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ جن میں لیپ ٹاپ اور آئی پیڈ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ 25 اضلاع میں اساتذہ کی ٹریننگ بھی شامل ہے، تاہم میٹرک نتائیج میں ایک بار پھر سرکاری اسکول کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
(ملتان) مخدوم رشید میں چند روز قبل خاتون کی تیزاب گردی کا نشانہ بننے والا شخص
نشتراسپتال کے برن یونٹ میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں 15 جون کومومل عرف شمیم نامی خاتون کی جانب سے تیزاب گردی کا نشانہ بننے والا شخص صداقت نشتراسپتال کے برن یونٹ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزمہ نے صداقت پراس وقت تیزاب پھینکا تھا جب اس نے شادی سے انکارکردیا تھا، تیزاب گردی سے صداقت کا چہرہ اورسینہ بری طرح جھلس گیا تھا۔ تھانہ مخدوم رشید پولیس نے واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرکے خاتون کوگرفتارجب کہ ملزمہ شمیم کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 17 جون کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھی بھیج دیا تھا
ایمز ٹی وی (بزنس)کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج 38 ہزار 776 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی ۔ کاروباری ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا ۔ ایم ایس سی آئی میں شمولیت کے خبر آنے سے مارکیٹ نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ۔ صرف ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 1800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ جمعے کے روز پاکستان سٹاک ایکسچنج تاریخ کی بلند ترین سطح 38 ہزار 776 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی ۔ ایک ہفتے کے دوران سٹاک ایکسچینج میں یومیہ اوسط 13 ارب روپے مالیت کے حصص کا کاروبار ہوا ۔ کاروباری ہفتے کےدوران سرمایہ کاروں نے پاک افغان سرحدی کشیدگی اور سیاسی عدم استحکام کی تمام خبروں کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے جم کر سرمایا لگایا
ایمز ٹی وی (بزنس)نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر بجلی تین روپے 32 پیسے سستی کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ نیپرا کا کہنا تھا کہ مئی میں بجلی کی پیداواری لاگت 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ صارفین سے مئی میں 6 روپے 77 پیسے فی یونٹ وصول کئے گئے۔ فرنس آئل ریکارڈ سستا ہونے کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت کم ہو گئی۔ مئی میں 9 ارب 78 کروڑ 11 لاکھ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔ مئی میں بجلی کی پیداوار پر آنے والی فی یونٹ لاگت 3 روپے 49 پیسے رہی۔ اس لئے صارفین کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔ کے الیکٹرک اورماہانہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے اس ریلیف سے محروم رہیں گے
ایمزٹی وی(تعلیم )پشاور میٹرک بورڈ نے نتائج کا اعلان کردیا۔نتائج کے مطابق میٹرک ا متحانات میں تینوں ہوزیشنیں طالبات لے گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پشاور بورڈ کے میٹرک امتحانات میں 70 ہزار سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا جس میں 56 ہزار 300 کامیاب قرار پائے اور نتیجہ 80 فیصد رہا سائینس گروپ میں پہلی تین پوزیشن لڑکیوں نے حاصل کی تو وہیں آرٹس میں بھی دو پوزیشن اپنے نام کی۔ کامیاب طالبات نے خوشی کا اظہار کیا۔
ایمز ٹی وی(کراچی) نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں ایک مہمان سے سوال و جواب کے دوران جب صدر مملکت ممنون حسین کی تصویر دکھا کر ان کا نام پوچھا گیا تو خاتون نے پہلے تو انہیں پہچاننے سے انکار کیا ، پروگرام کے میزبان وسیم بادامی اور جنید جمشید نے جب ان سے نام بتانے پر اصرار کیا تو خاتون نے صدر مملکت کی شناخت اعتزاز احسن کے نام سے کی جس پر میزبانوں سمیت حاضرین پروگرام بھی قہقہے لگائے بغیر نہ رہ سکے۔
بالآخر خاتون نے جب آپشن طلب کی تو وسیم بادامی نے ممنون حسین اور راحیل شریف کے دو نام دیتے ہوئے خاتون سے جواب طلب کیا جس پر خاتون کا کہنا تھا کہ یہ تصویر راحیل شریف کی ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو خاصی مقبول ہو گئی ہے ، اس ویڈیو کے مقبول ہونے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین صدر مملکت کی خاموش طبیعت اور ان کے زیادہ نظر نہ آنے کا بھی تمسخر ارا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کبھی کبھار ہی نظر آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ صدر بننے کے تین سال بعد تک بھی عوام کو ان کی پہچان نہیں ہو سکی۔
ایمز ٹی وی (بزنس)اشیائے خوراک کی درآمد 7.10 فیصد کے اضافے سے 4ارب 87کروڑ 31لاکھ 24 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی، جولائی 2015 سے مئی 2016تک شیرخواربچوں کے دودھ کی درآمد5.46 فیصد کمی سے 24 کروڑ 48لاکھ 76 ہزار ڈالر تک محدود رہی۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران ملک میں گندم درآمد نہیں کی گئی تاہم خشک میوہ جات اور نٹس کی درآمدات 43.20فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ اس دوران 15کروڑ 11لاکھ 28 ہزار ڈالر کے 1لاکھ 79ہزار 629 میٹرک ٹن خشک میوے درآمد کیے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10کروڑ 55لاکھ 33 ہزار ڈالر کی 1لاکھ 43ہزار 631 میٹرک ٹن خشک میوے بیرون ملک سے منگوائے گئے تھے، رواں مالی سال کے آغاز سے مئی تک چائے کی درآمدات بھی 50.96 فیصد تک بڑھ گئیں، اس دوران 47کروڑ 58لاکھ 32 ہزار ڈالر کی 1لاکھ 64ہزار 290 میٹرک ٹن چائے باہر سے خریدی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11ماہ میں 31کروڑ 52لاکھ 5 ہزار ڈالر کی 1لاکھ41ہزار 257 میٹرک ٹن چائے درآمد کی گئی تھی۔ مصالحہ جات کی درآمد بھی رواں مالی سال38.26 فیصد کے اضافے سے 13کروڑ 50لاکھ 55 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی جوگزشتہ مالی سال9کروڑ 76لاکھ 79ہزار ڈالر تک محدود تھی، جولائی سے مئی تک سویابین آئل کی درآمد279.33 فیصد کے اضافے سے 17کروڑ 40لاکھ 56ہزار ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال صرف 4کروڑ 58لاکھ 85 ہزار ڈالر تک محدود تھی، رواں مالی سال پام آئل کی درآمد میں کمی ہوئی۔ گزشتہ11ماہ میں پام آئل کی درآمد 3.04 فیصد کمی کے باعث 1ارب 59کروڑ 69لاکھ 67 ہزار ڈالر سے گھٹ کر 1ارب 5کروڑ 48ہزار 462 ڈالر تک محدود رہی، پاکستان نے چینی کی فاضل پیداوار کے باوجود رواں سال بیرون ملک سے چینی درآمد کی، گزشتہ 11ماہ میں چینی کی درآمد0.24 فیصد کے اضافے سے 59لاکھ 39 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی، دالوں کی درآمد 44.19 فیصد بڑھی، جولائی سے مئی تک 52کروڑ 81لاکھ 68 ہزار ڈالر کی 8لاکھ 23ہزار 801میٹرک ٹن دالیں درآمد کی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 36کرور 62لاکھ 93 ہزار ڈالر کی 5لاکھ 86ہزار 656 میٹرک ٹن غیرملکی دالیں خریدی گئی تھی، دیگر اشیائے خوراک کی درآمدات 2.39 فیصد کے اضافے سے1ارب 60کروڑ 96لاکھ 8 ہزار ڈالر رہیں۔
ایمز ٹی وی (کھیل) تین ون ڈے میچوں کی سیریزکا پہلا ایک روزہ میچ لیسٹر میں کھیلا گیا ۔ پاکستان ویمن ٹیم 46ویں اوور میں 165رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سدرہ امین 52 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہیں ۔ انگلش کپتان ہیتھرنائٹ نے پانچ وکٹیں اڑائیں ۔ انگلینڈ نے ہدف 32ویں اوورز میں 3 وکٹوں پر عبور کر لیا۔ فاتح ٹیم کی ٹامی بیومانٹ نے 70اور ہیتھرنائٹ نے آؤٹ ہوئے بغیر 50رنز بنائے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 22 جون کو ووسٹر میں کھیلا جائے گا۔