Wednesday, 20 November 2024

ایمزٹی وی(کراچی) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے رمضان المبارک میں اسٹریٹ کرائمز بڑھ جانے کے حوالے سے خبر پر نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈی آئی جیز سے متعلقہ اضلاع اور تھانوں کی کارکردگی کی تفصیلات فوری طور پر طلب کر لیں ۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ انسداد جرائم اقدامات میں عدم کارکردگی اور غفلت کے مرتکب ایس ایچ اوز کا اہم ذمے داریوں پر رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا ، انہوں نے تمام سپروائزری افسران سے کہا کہ محکمانہ فرائض میں غفلت، لاپروائی یا کوتاہی ہرگز ناقابل برداشت ہے اور اس حوالے سے کوئی بھی رپورٹ ان کے خلاف نا صرف محکمانہ بلکہ قانونی کارروائی کی بھی وجہ بن سکتی ہے ، آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ کراچی پولیس رینج میں گزشتہ دو سالوں کے دوران اسٹریٹ کرائمز، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور بعد ازاں گرفتاری سے متعلقہ عدالتوں سے ضمانتوں پر رہائی پانے والے ملزمان کی فہرستیں جلد سے جلد ترتیب دے کر ارسال کی جائیں ۔

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کیں کہ رمضان المبارک ایمرجنسی پلان کے تحت تمام پولیس رینج باہمی روابط اور معلومات کی شیئرنگ نظام کو ٹھوس بناتے ہوئے مجموعی جرائم سمیت مفرور اشتہاری اور مقدمات میں پولیس کو مطلوب ملزمان کے خلاف پولیس ایکشن کو ہر سطح پر موثر اور کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان رینجرز سندھ اور دیگر انٹیلی جینس اداروں و ایجنسیوں سے مستحکم رابطوں جیسے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے ۔

ایمزٹی وی(کھیل) باکو سٹی سرکٹ پر نکوروزبرگ نے ریس کا آغاز پول پوزیشن سے کیا نکوروز برگ اور سباسچین ویٹل نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لیے خوب زور لگایا نکوروز برگ نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ ،بتیس منٹ اور باون سیکنڈز میں طے کر کے یورپئین گراں پری اپنے نام کی۔ سباسچین ویٹل نے سولہ سیکنڈ کے فرق سے دوسری پوزیشن حاصل کی ورلڈ چیمپئن لیوس ہمیلٹن اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پانچویں نمبر پر رہے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشیدشاہ کو تبدیل کروانے کیلیے پیپلزپارٹی کے اہم رہنما سرگرم ہوگئے اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خورشید شاہ کی جگہ فریال تالپورکو اپوزیشن لیڈر نامزدکرنے کی سفارش کردی۔ پیپلزپارٹی کے اہم رہنما کے مطابق پارٹی کے بعض اہم رہنماؤں کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو تجویزدی گئی ہے کہ خورشید شاہ سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ لے لیا جائے اور ان کی جگہ فریال تالپورکو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا جائے۔ واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری بھی خورشید شاہ سے کئی معاملات پر مطمئن نہیں اور دونوں کے درمیان کئی ماہ سے کوئی ملاقات بھی نہیں ہوئی۔

ایمزٹی وی(کوئٹہ)مالی سال 17-2016 کے لئے بلوچستان کا 2 کھرب 89 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا گیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری نے صوبے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم 289 ارب روپے ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگراموں کے لئے 71 ارب جب کہ نئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 30 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس سال بجٹ خسارے کا تخمینہ 36 ارب روپے لگایا گیا ہے جب کہ تعلیم کے لئے 28 ارب 93 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ طلبہ میں 50 ہزار لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے جائیں گے جب کہ اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے اسکول بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ رواں برس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جب کہ بے روز گاری کے خاتمے کے لئے صوبے میں 30 ہزار نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی ترقی کے لئے گیم چینجر ہے، سی پیک منصوبے پر کام جاری ہے اور اس منصوبے کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وفاق کے تعاون سے گوادر میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، مستقبل میں گوادر معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا جب کہ وفاق نے گوادر وفاق نے ترقیاتی پروگراموں کے لئے مختص تمام فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے 30 ارب رکھے گئے ہیں جب کہ صوبے میں فراہمی آب کے لئے 10 ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں، بجٹ میں لائیو اسٹاک کے لئے 3 ارب 10 کروڑ روپے، جنگلات کے لئے 12 ارب روپے، مواصلات کے لئے 9.6 ارب اور زراعت کے لئے 3 ارب 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں, اس کے علاوہ کوئٹہ شہر کی بہتری کے لئے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ ثناء اللہ زہری نے بتایا کہ صحت کے لئے 17 ارب 36 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی بہتری کے لئے ایک ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ صوبے میں 5 نئے ٹراما سینٹر قائم کئے جائیں گے، بلوچستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ زراعت کے لئے 7 ارب 40 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جب کہ ماہی گیروں کے لئے 83 کروڑ 97 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، اس کے علاوہ ماہی گیروں کو بلا سود قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔ خواتین کی بہبود کے لئے ایک ارب 65 کروڑ روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی کے لئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں جب کہ ماس ٹرانزٹ ٹرین کے لئے 2 ارب اور گرین لائن بس منصوبے کے لئے ایک ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ ریکوڈک منصوبے کو جلد شفاف طریقے سے شروع کیا جائے،سینڈک منصوبے کے حوالے سے وفاق سے بات چیت جاری ہے جب کہ صوبے میں 500 ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔

ایمزٹی وی(کھیل) ہال اوپن کے فائنل میں جرمنی کے فلورین مئیر کا مقابلہ ہم وطن الیگزینڈر زیوروف سے ہوا۔ انیس سالہ زیوروف فائنل میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ فلورین مئیر نے چھ دو، سات پانچ اور چھ تین سے کامیابی سمیٹ کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دوسری جانب آئیگون چیمپئن شپ کے فائنل میں امریکا کی میڈیسن کیز نے میدان مار لیا۔ عالمی نمبر دس نے جمہوریہ چیک کی باربرا سٹریکووا کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

ایمزٹی وی(بزنس)گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پنجاب کی وزیر خزانہ عائشہ غوث، سندھ کے وزیر خزانہ مراد علی شاہ سمیت چاروں صوبوں کے نمائندوں کے علاوہ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں طے پایاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کاشت کاروں کو رعایتی قیمت پر کھاد کی فراہمی کے اعلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کھاد پر سبسڈی کی رقم کا 50 فیصد وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ باقی ماندہ50 فیصد حصہ صوبے خود فراہم کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اقدام کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کو فروغ دینا اور کاشت کاروں کو سہولت دینے کے ساتھ زرعی ان پٹ کی پیداواری لاگت میں کمی لانا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کی جانب سے وفاق پر تنقید کی گئی اور موقف اپنایا گیا کہ فنانس بل کے ذریعے ایسی ترامیم متعارف کرائی جارہی ہیں جس سے صوبائی خودمختاری متاثر ہوتی ہے اور اس سے صوبوں کا ریونیو بھی متاثر ہوگا۔ سندھ نے آئندہ مالی سال 2016-17 کے وفاقی بجٹ میں فنانس بل کے ذریعے صوبائی سروسز پر ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے سے متعلق کی جانے والی ترمیم اورصوبائی ریونیو اتھارٹیز کے پاس سیلزٹیکس میں رجسٹرڈ نان فائلرز پر عائد کردہ3 فیصدایڈوانس ٹیکس کا معاملہ اٹھایا جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے انہیں بتایا کہ اب بجٹ پارلیمنٹ سے منظوری کے آخری مرحلے میں ہے لہٰذا اس مرحلے پر اب یہ ترمیم واپس نہیں لی جاسکتی ہے البتہ وفاقی حکومت نے سندھ کووفاقی فنانس بل میں ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی سہولت واپس لینے سے متعلق کی جانے والی ترمیم آرڈیننس کے ذریعے واپس لینے کی یقین دہانی کرادی ہے جس پر سندھ نے کھاد پر سبسڈی کی رقم شیئر کرنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب کسانوں کو کھاد کی بوری 1400 روپے میں فراہم کرنے کیلیے سبسڈی کی رقم کا 50 فیصد وفاقی حکومت جبکہ باقی حصہ صوبے ادا کریں گے۔

ایمزٹی وی(بزنس)جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر امریکی آئل ڈبلیوٹی آئی کے جولائی میں ترسیل کیلیے نرخ 47.98 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے جو اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 2.2 فیصد کم ہیں جبکہ یورپی برانڈ برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اگست میں فراہمی کیلیے قیمت 49.17 ڈالر فی بیرل رہی جواس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 2.7 فیصد کم ہیں۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں آنے والے دنوں میں بڑی کریکشن کا خدشہ ہے، کینیڈا کی پیداوار مارکیٹ میں آنے اور نائیجریا میں حکومت اور جنگجوؤں میں بات چیت سے صورتحال بہتر ہونے سے سپلائی پر مثبت اثرات ہوں گے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) افغان دارالحکومت کابل میں سرکاری ملازمین کی وین کے قریب زور دار دھماکہ ہوا،دھماکے میں بیس افراد جان کی بازی ہارگئے،مرنے والوں میں نیپالی گارڈز کی تعداد زیادہ ہے. تفصیلات کے مطابق کابل میں جلال آباد روڈ پر خودکش بمبار کی جانب سے سرکاری ملازمین کی ہائی ایس وین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بیس افراد کی ہلاکتیں ہوئیں جن میں نیپالی گارڈز کی تعداد زیادہ بتائی جارہی ہے،کابل ریڈیو کے مطابق مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے. یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان طالبان کے سربراہ ملامنصور اختر کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے حملوں میں تیزی آئی ہے. گذشتہ ماہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزرات انصاف کے عملے کی بس پر حملہ کیا گیا تھا،جبکہ دوسرا دھماکہ افغانستان کے شہر غزنی میں عدالت پر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ افغان طالبان نے دونوں حملوں کی تصدیق کی تھی اور ان حملوں کو چھ افغان طالبان کی افغان حکومت کی جانب سے پھانسی کا ردعمل قراردیا تھا.

ایمزٹی وی(بزنس)اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم جولائی سے ساڑھے 3 روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی جانے والی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے فی لیٹر، ہائی اوکٹین کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 55 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

ایمزٹی وی(بلوچستان) بلوچستان کے علاقے آواران میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے آوران مشکے میں دہشت گردوں کی موجودگی پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے جب کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈرائیوز اور ممنوعہ مواد سمیت بڑی تعداد میں گولہ بارود اور اسلحہ برآمد ہوا۔