ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بلجیم کے شاپنگ مال میں بم کی اطلاع پرمال کوخالی کرالیا گیا جہاں پولیس نے ایک مشتبہ شخص کوگرفتارکرلیا۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ایک شخص نے فون پرپولیس کواطلاع دی کہ اس نے دھماکہ خیزبیلٹ پہن رکھا ہے، پولیس نے کارروائی کرکے مشتبہ شخص کوگرفتارکرلیا، تاہم دوسری اطلاعات کے مطابق شخص کے پاس سے دھماکہ خیزمواد نہیں ملا۔ آپریشن کے دوران سٹی ٹو نامی اس شاپنگ مال کے اردگرد تمام گلیوں کو کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ جائے وقوع پر بم ڈسپوزل یونٹ پہنچ گئے۔ برسلز میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اورپانچ میڑواسٹیشنز کوبند کردیاگیا، پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ بیلجئم کی سیکیورٹی صورتحال کے ذمہ دار ادارے کرائسز سینٹر کا کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق اجلاس بلا لیا گیا ہے جس میں وزیراعظم چارلس مچل بھی شریک ہوں گے جب کہ انہیں واقعے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) اٹلی کے ایک سابق رکن پارلیمنٹ کی بیٹی نے اسلام قبول کرلیا۔ رکن پارلیمنٹ نے بیٹی کے قبول اسلام کو ایک ’شدت پسند مذہب کی طرف رجحان‘ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔ بائیس سالہ میولا فرانکو باربرٹو لورینٹلے ڈی نپولی یونیورسٹی کی طالبعلم ہیں اور انہوں نے قبول اسلام کے بعد اپنا نام عائشہ رکھا ہے۔ عائشہ کے والد فرانکو باربرٹو نے بیٹی کے اس فیصلہ پر سخت تشویش ظاہر کی۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسلام پر بنیاد پرست اور کٹر مذہب ہونے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا، ’یہ تبدیلی نہ صرف بری ہے بلکہ خوفناک بھی ہے، اسلام ایک شدت پسند اور بنیاد پرست مذہب ہے۔ میں دیکھتا ہوں کہ وہ عبادت کرتے ہوئے اپنے بچوں کی طرف بھی دھیان نہیں دیتی چاہے وہ رو ہی کیوں نہ رہے ہوں۔ مجھے اپنی بیٹی کے فیصلے سے سخت تکلیف پہنچی ہے‘۔ عائشہ نے فیس بک اکاؤنٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سر ڈھانپنے کو خدا نے میرے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ خدا کا قانون ہے۔ میں اسے نہ ماننے والی کون ہوتی ہوں‘۔ رکن پارلیمنٹ کی بیٹی کے قبول اسلام کو ملک بھر میں ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا جارہا ہے اور انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ پچھلے کچھ عرصہ میں پیرس، برسلز اور اورلینڈو میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں مسلمانوں کے ملوث ہونے کے باعث ایک طرف تو مسلمانوں کو یورپ میں سخت مشکلات کا سامنا ہے دوسری طرف ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جو اسلام کی اصل روح کو سمجھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہو رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی (صحت)غیر ملکی خبر رساں ادارے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارا نظام انہضام بہت طاقتور ہے، یہ اگر گوشت جیسی سخت چیز کو ہضم کر سکتا ہے تو چیونگم کو بھی کر سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر غلطی سے ہم چیونگم نگل بھی لیں تو ہمارے پیٹ میں ایسے ایسڈز اور انزائمز موجود ہیں جو اسے ہضم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ چیونگم کی تیاری میں مختلف کیمیکلز استعمال کئے جاتے ہیں اس لئے یہ مکمل طور پر ہضم نہیں ہوتی۔ تاہم یہ تاثر غلط ہے کہ چیونگم ہماری انتڑیوں میں چپک جاتی ہے۔ مارہرین کا کہنا ہے کہ چیونگم کی چونکہ کوئی غذائی اہمیت نہیں، اس لئے اسے نگلنے سے پرہیز ہی بہتر ہے
ایمز ٹی وی (صحت)سوئیڈن میں کی گئی تحقیق کے مطابق 2013 میں پوری دنیا میں طیاروں نے 6 کروڑ 40 لاکھ اڑانیں بھریں اور لینڈنگ کیں اور اگلے 10 سال میں اس میں مزید 50 فیصد اضافہ ہوجائے گا اور اس سے طیاروں کا شور مزید بڑھے گا۔ ماہرین کے مطابق مصروف ایئرپورٹ کے قریب رہنے والے افراد خصوصاً رات کے وقت نیند میں خلل اور سانس لینے میں مشکل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اس ضمن میں ماہرین نے سوئیڈن میں ایئرپورٹ کے قریب رہنے والے 2 ہزار افراد کا سروے کیا جس میں لوگوں نے ہائی بلڈ پریشر کی شکایت کی۔ تحقیق سے یہ انکشاف ہوا کہ جولوگ ایئرپورٹ کے شور کا سامنا کرتے ہیں وہ عام حالات کے مقابلے میں 3.5 فیصد زیادہ امراضِ قلب کا شکار ہوتے ہیں۔ سروے کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب اور روزانہ شور سننے والے افراد میں بلڈ پریشر کی شرح عام لوگوں کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ نوٹ کی گئی۔ اس کے علاوہ انہی لوگوں میں خون کی رگوں کی سختی اور موٹائی بھی زیادہ دیکھی گئی جو امراضِ قلب اور فالج کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔ حال ہی میں کی گئی تحقیق کے بعد ماہرین کا کہنا ہےکہ طیاروں کا شور ہائی بلڈ پریشر اور جسمانی اعضا کو شدید نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔
ایمز ٹی وی((اسلام آباد) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ جمشید دستی نے مجھ پر 50 لاکھ کی گھڑی پہننے کا الزام لگایا وہ میری گھڑی رکھ لیں اور اگر اس کے 50 ہزار بھی مل جائیں تو فروخت کرکے خیرات کردیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ بیرونی قرضے کا حجم 38 ارب 90 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے، پیپلزپارٹی کے دور میں 9 ہزار ارب روپے قرضوں میں اضافہ ہوا جب کہ قرضوں پر واویلا کرنے والا طبقہ دوسروں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مغرب کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہضم نہیں ہورہا اور ہم قرضے نہ لے کیا اس منصوبے کو بند کردیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جمشید دستی نے مجھ پر 50 لاکھ کی گھڑی پہننے کا الزام لگا وہ میری گھڑی رکھ لیں اور اگر اس کے 50 ہزار بھی مل جائیں تو فروخت کرکے خیرات کردیں۔
(کراچی) شہر میں بھتہ مافیا ایک بار پھر سراٹھارہی ہے جس کے باعث تاجروں کو بھتے کی پرچیاں موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
کراچی میں بھتہ خوروں نے اولڈ سٹی ایریا کے تاجر سے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا ہے اور اسے بھتے کی پرچی کے ساتھ پستول کی گولی بھی بھیجی گئی ہے جب کہ بھتہ خوروں نے پرچی پر واضح طور پر بھتہ نہ دینے پر دھمکی پر دی ہے۔ تاجروں کی جانب سے بھتے کی پرچی موصول ہونے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے تاجر کو بھتے کی پرچی ملنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کرکے ہدایت دی ہیں شہر میں بھتہ خورسر اٹھانے کی ہمت نہ کریں اور تاجروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے جب کہ وزیر داخلہ نے تاجروں سے بھتے کی پرچیوں کے واقعات کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور رینجرز کو دینے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں ایک بار پھر غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے جب کہ رمضان المبارک کے دوران اسٹریٹ کرائم کے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ امور کو بتایا گیا کہ ملک کی مختلف جیلوں میں قید خواتین قیدیوں کے ساتھ رات کے وقت بدسلوکی کی جاتی ہے لیکن اب تک ذمے داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، جس میں تجویز دی گئی کہ مردوں اور خواتین قیدیوں کی جیلیں فاصلے پر بنائی جائیں اور خواتین کی جیلوں میں عملے کے علاوہ خواتین سپرنٹنڈنٹس تعینات کی جائیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ خواتین قیدیوں کو غلط مقاصد کیلیے استعمال کیا جاتا ہے، اے این ایف کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران 5 ارب ڈالر سے زائد کی منشیات پکڑی گئی ہے، امیر خاندانوں کے بچے اور بچیاں تیزی سے منشیات کے عادی ہو
رہے ہیں، روک تھام کیلیے والدین کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر مملکت بلیغ الرحمان نے کمیٹی کو بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد کیا گیا اور ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، کروڑوں کی تعداد میں موبائل فون سمز کی تصدیق کی گئی۔ دینی مدارس کی میپنگ کی گئی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلیے اقدامات سمیت نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
رحمان ملک نے وزیر مملکت سے پوچھا کہ کالعدم تنظیموں پر حکومت پابندی کا دعویٰ کرتی ہے لیکن کالعدم سپاہ صحابہ مختلف ناموں سے ملک کے مختلف شہروں میں جلسے کر رہی ہے،کیا نیشنل ایکشن پلان کی رو سے اس تنظیم کے عہدیداروں کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔ بچوں کی سزا سے متعلق بل پر اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسلام اور ملکی قانون میں بچوں کی سزا پر پابندی نہیں، بچوں کی تربیت کیلیے ان کی نگرانی اور ڈانٹ ڈپٹ ضروری ہے، رحمان ملک سمیت تمام اراکین نے بچوں کو ہلکی پھلکی سزا دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بچوں کی نگرانی نہ کی جائے تو پھر وہ بگڑ سکتے ہیں۔
رحمان ملک نے کہا کہ زیر حراست ملزمان کی وڈیو بیانات کے ذریعے لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، ایسے بیانات کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلیے قانون سازی کرنا پڑی توکریں گے، اسلام آباد سیف سٹی منصوبے پر بریفنگ کے لیے متعلقہ ڈائریکٹر کی غیرحاضری پر چیئرمین کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیا اورآئندہ 3 روزمیں منصوبے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
رحمان ملک نے کہا کہ طالبان کمانڈر ملا منصور طالبان کی حکومت میں سول ایوی ایشن ڈویژن کا وزیر تھا اور پاکستان سمیت اس نے پوری دنیا کا سفرکیا، ولی محمد کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ اس کے پاس تھا لیکن ہم پکڑ نہیں سکے
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید گرمی کے بعد برسنے والے ابر کرم سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ہزارہ ڈویژن، پشاور، مالاکنڈ، مردان ، بنوں، کوہاٹ ، ڈیرہ غازی خان ، ڈیرہ اسماعیل خان، فاٹا، گلگت بلتستان، اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے جب کہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب ، خیبرپختون خوا فاٹا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے مزید پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
دوسری جانب سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر حصے گرمی کی لپیٹ میں ہیں، سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھر میں ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں صبح 11 بجے تک درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ بہاولپور اور رحیم یار خان میں 40، ڈیرہ غازی خان اور کوٹ ادو 39، بھکر، جھنگ، موہنجودڑو اور ملتان میں 38، بہاولنگر، نورپورتھل، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں درجہ حرارت 37 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ہے۔
کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کی وجہ سے سورج کی آنکھ مچولی جاری ہے، شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم سمندر سے چلنے والی ہوائیں اس گرمی کے اثر کو کم کرتی رہیں گی
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) اقوم متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی غربت کا شکار ہے۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے ترقی ومنصوبہ بندی کی جانب سے پاکستان میں غربت کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کی گئی ہے، رپورٹ کو 15-2014 کے اعداد و شمار کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا ہے۔ رپورٹ کی تیاری کے دوران پاکستان میں غربت کی شرح کے تعین کے لیے 15 مختلف اشاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی غربت کا شکار ہے، ملک کا غریب ترین صوبہ بلوچستان ہے جہاں غربت کی شرح 55.3 فی صد ہے جب کہ سندھ میں غربت کی شرح 53.5 فیصد، خیبر پختون خوا میں 50.7 فیصد اور پنجاب میں یہ شرح 48.4 فیصد ہے
ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)بالی ووڈ اداکارعامر خان نے کہا ہے فلم دنگل میں اپنا وزن کم کرنے اور باڈی بنانے کے لیے وہ روزانہ 10 سے 12 گھنٹے تک سوتے تھے۔عامرخان نے ایک انٹرویوکے دوران کہا کہ فلم میں پہلے انھیں اپنا وزن بڑھانا تھا اورپھر فلم کے دوسرے حصہ میں انھیں کافی پتلادبلا نظر آناتھااوردوسرے حصے کے لیے میں نے اچھی خوراک اور تقریبا چھ گھنٹے تک ورزش کرنے کیساتھ ساتھ تقریبا 10 سے 12 گھنٹے سونے سے اپنے وزن کو کم کرلیا۔ انھوں نے کہا کسی بھی خوراک اور ورزش کا اثر بدن پر تب تک ٹھیک سے نہیں ہوتا جب تک نیند پوری نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک جسم کو آرام نہیں دیں گے تب تک بدن میں ضروری تبدیلی نہیں آئے گی اور جسم پر اس کا اثر نہیں ہوگا۔عامر نے کہا اچھی باڈی بنانے کے لیے زیادہ ورزش کرنے سے زیادہ ضروری اچھی خوراک اور جسم کو آرام دینا ہے۔اگر ورزش کی ضرورت 25 فیصد ہے تواچھی خوراک کی 50 فیصد اور آرام کی ضرورت 25 فیصد ہے۔