ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)واٹس ایپ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہےکہ اگلے آئی او ایس کی ریلیز میں ’’گفس‘‘ بھیجنے اور وصول کرنے کی سہولت موجود ہوگی۔ واٹس ایپ کی جانب سے اس سہولت کا ایک عرصے سے انتظار کیا جاتا رہا تھا لیکن اس سے قبل فیس بک نے اپنے میسنجر اور اس سال فروری میں ٹویٹر کی جانب سے گفس اور اینی میشن بھیجنے اور وصول کرنے کے آپشن کے بعد واٹس ایپ نے بھی اس سہولت کا اعلان کردیا ہے۔
واٹس اپ نے کہا ہے کہ اب تک ان کی ایپ سے لوگ 10 کروڑ گفس شیئر کرچکے ہیں جن میں تمام موضوعات شامل تھے اورصارفین نے اپنے موڈ سے لے کر پسندیدہ کھانوں تک قریباً ہر شے کے متعلق گفس بھیجیں اور وصول کیں۔ واٹس ایپ جلد ہی گفس کے آٹوپلے، براہِ راست جوابات، شیئر اور ایمبیڈ کرنے جیسے آپشن فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ گزشتہ ماہ اپنا ڈیسک ٹاپ ورژن بھی پیش کرچکا ہے.
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)موبائل فون کی بیٹری اپنے مخصوص چارجر ہی سے چارج ہوسکتی ہے۔ سیل فون کے علاوہ کئی دوسرے دستی برقیاتی آلات میں بھی بیٹری کا استعمال ہوتا ہے، جنھیں چارج کرنے کے لیے مخصوص ماڈل کا چارجر درکار ہوتا ہے۔ موبائل فون کا مسلسل استعمال ہر لمحے اسے ’زندہ‘ رکھنے والی بیٹری کی توانائی ختم کرتا رہتا ہے اور اسے چارج کرنا اُس وقت سب سے بڑا مسئلہ معلوم ہوتا ہے جب ہم سفر میں ہوں یا ایسی جگہ موجود ہوں جہاں بیٹری چارج کرنے کے لیے بجلی اور چارجر میسر نہ ہو۔ حال ہی میں ماہرین نے اس حوالے سے بھی ایک ٹیکنالوجی کے کام یاب تجربات کیے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے کسی چارج شدہ بیٹری والے موبائل سیٹ سے دوسری ڈیوائس کی بیٹری کو توانائی منتقل کی جاسکتی ہے۔ اسمارٹ فونز اور ایسے دیگر چھوٹے آلات کی تیاری اور ان سے متعلق صارفین کی بعض مشکلات کا حل نکالنے کے سائنس دانوں کی کوششیں جاری ہیں اور انہی کوششوں کی بدولت اب مختلف برقیاتی آلات کی بیٹریوں کا ایک ہی وقت میں چارج ہوجانا ممکن ہوگا۔ اگر آپ کے پاس کئی برانڈز کے موبائل فونز اور دیگر دستی برقیاتی آلات ہیں تو یقیناً ان سب کو چارج کرنا آپ کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ’ انرجی اسکوائر‘ کی بدولت جلد ہی ایسے آلات کے صارفین کی یہ پریشانی دور ہوجائے گی۔ یہ ایک ایسی ’جادوئی‘ ڈیوائس ہے جو ہر برانڈ کے موبائل فون سیٹ اور دیگر آلات کو چارج کرسکتی ہے ۔ یہی نہیں بلکہ اس ڈیوائس سے بہ یک وقت کئی بیٹریاں چارج کی جاسکتی ہیں۔ ’انرجی اسکوائر‘ کا پروٹوٹائپ بنایا جاچکا ہے اور اب اس کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے آن لائن مہم جاری ہے۔ اس منفرد بیٹری چارجر کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لیے ایک لاکھ ڈالر درکار ہیں۔ یہ چارجنگ سسٹم ایک چوکور مسطح ٹکڑے ( چارجنگ پیڈ ) اور پانچ اسٹیکرز پر مشتمل ہے۔ انرجی اسکوائر سے چارج کیے جانے والے سیل فون اور دوسرے آلات میں مائیکرویوایس بی، یو ایس بی ٹائپ سی یا لائٹننگ کنیکٹرز کا ہونا ضروری ہے۔ جن ڈیوائسز کو چارج کرنے کی ضرورت ہے ان کی پُشت پر مخصوص اسٹیکرز چسپاں کردیے جاتے ہیں۔ یہ برقی رَو کو منتقل کرنے والی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب چارجنگ پیڈ ’ ایصالی مربعوں‘ ( conductive squares) پر مشتمل ہے۔ اسٹیکرز چسپاں کرنے کے بعد ڈیوائسز کو ’ انرجی اسکوائر‘ پر رکھا جاتا ہے تو ان میں موجود ایصالی نظام کے ذریعے برقی رَو چارجنگ پیڈ سے سیل فون اور دیگر آلات کی بیٹریوں میں بنا کسی تار کے منتقل ہونے لگتی ہے اور چند ہی منٹوں میں یہ چارج ہوجاتی ہیں۔ انرجی اسکوائر کے خریداروں کو اس ڈیوائس کے ساتھ پانچ اسٹیکرز بھی دیے جائیں گے اور اس کی قیمت سو ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔
ایمزٹی وی(کھیل) یورو کپ میں اٹلی نے دلچسپ مقابلے کے بعد سوئیڈن کو صفر کے مقابلے ایک گول سے شکست دے دی۔ جمہوریہ چیک اور کروشیا کا میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس میں یورو کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ عالمی چیمپئن جرمنی اور پولینڈ کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں نے گیند کو جال کی راہ دکھانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ڈیفینڈرز نے میچ میں ایک بھی گول نہ ہونے دیا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو ڈرامائی انداز میں ایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے دی۔ پہلے ہاف میں ویلز کا پلڑا بھاری تھا۔ دوسرے ہاف میں بھی اختتام تک مقابلہ ایک ایک گول سے ہی برابر تھا۔ اسٹوپیج ٹائم میں اسٹوریج نے مداحوں کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ فیصلہ کن گول کرکے ٹیم کو جیت دلادی۔ تیسرے میچ میں شمالی آئرلینڈ نے یوکرین کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی۔ یہ شمالی آئرلینڈ کی یورو کپ میں پہلی فتح ہے۔ علاوہ ازیں یورو کپ کے ایک اہم میچ میں کروشیا اور چیک ری پبلک کا میچ انتہائی سنسنی خیزی کے بعد برابر ہوگیا۔کروشیا کی جانب سے کھیل کے 35ویں منٹ میں گول کیا گیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ ایک صفر سے کروشیا کے حق میں تھا۔دوسرے ہاف میں ایک بار پھر کروشیا نے گول کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ اس کے بعد چیک ری پبلک کی ٹیم کو ہوش آگیا اور اس نے تابڑ توڑ حملے شروع کر دیئے۔ پہلے انہوں نے ایک گول کرکے برتی کم کی اس کے بعد انجری ٹائم کے 94ویں منٹ میں چیک ری پبلک نے پینلٹی پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ اس میچ میں 10منٹ سے زائد کا انجری ٹائم دیا گیا۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)ڈرون طیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال نے حساس تنصیبات اور ہوائی اڈوں کے لیے کئی قسم کے خطرات کھڑے کردیے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر سیکیورٹی ماہرین خبردار کرچکے ہیں ڈرون طیاروں کو عسکری تنصیبات اور ہوائی اڈوں پر حملے کرنے اور دہشت گردی کی دوسری کارروائیوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انھی خطرات کے پیش نظر امریکی ایوی ایشن اتھارٹی نے ہوائی اڈوں پر، ڈرون طیاروں اور کواڈ کوپٹرز کو ناکارہ بنانے والا نظام نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نظام کی آزمائش جلد ہی کی جائے گی۔
امریکا کے محکمۂ ہوابازی کے لیے یہ جدید نظام تین برطانوی کمپنیوں نے تیار کیا ہے، جسے Anti-UAV Defense System ( Auds) کا نام دیا گیا ہے۔ یہ سسٹم انتہائی طاقت ور ریڈیائی لہروں کے ذریعے ڈرونز کا مواصلاتی رابطہ منقطع کرکے انھیں غیرفعال کرنے اور فضا میں ہی بند ( سوئچ آف) کردینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ہوائی اڈوں کے قرب و جوار میں اڑتی چھوٹی بڑی unmanned aerial vehicles ( بغیر پائلٹ کے اڑنے والی گاڑیاں یا جہاز) فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے لیے دردسر بن چکی ہیں۔ اگرچہ ڈرونز کے حوالے سے امریکا میں قانون سازی کی جاچکی ہے مگر عام لوگ اکثر ان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقرر حد سے زیادہ بلندی پر اور ہوائی اڈوں کے آس پاس بھی ڈرون اڑاتے ہیں۔ فضا میں ڈولتی ان ’ پتنگوں‘ کا طیاروں سے تصادم کسی بڑے حادثے کو بھی جنم دے سکتا ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر ایف اے اے، چھوٹے ڈرونز کی نشان دہی اور انھیں ناکارہ بنانے والی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ Auds کا حصول ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ایف اے اے نے فی الحال یہ ظاہر نہیں کیا کہ Auds کن ہوائی اڈوں پر نصب کیا جائے گا، تاہم اس نظام کی جلد آزمائش کا عندیہ ضرور دیا ہے۔
Auds تیار کرنے والے ماہرین کے مطابق یہ نظام ہوائی اڈوں، ایئربیس، ایٹمی بجلی گھروں، آئل ریفائنریز اور شہری علاقوں میں ہونے والے سیاسی جلسوں یا کھیلوں کے مقابلوں کے دوران ڈرونز کو خلل ڈالنے سے ’باز‘ رکھے گا اور اس نظام کی بدولت ایسے تمام اجتماعات ان مشینوں سے محفوظ رہیں گے۔ آزمائشی تجربات کے دوران Auds نے انتہائی مختصر، درمیانی اور بڑی جسامت کے ڈرونز کا کام یابی سے سراغ لگا کر انھیں غیرفعال اور پھر ناکارہ بنایا۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ نظام دس کلومیٹر ( چھے میل) کی دوری سے بغیرپائلٹ کے اڑنے والی ڈیوائسز کی نشان دہی کرلیتا ہے۔
اس مقصد کے لیے Auds الیکٹرونک اسکیننگ ریڈار، انفراریڈ کیمروں، اور خصوصی ویڈیو ٹریکنگ سوفٹ ویئر سے کام لیتا ہے۔ ڈرون کی نشان دہی ہوجانے کے بعد یہ ریڈیائی لہروں کے ذریعے اس کا مواصلاتی رابطہ منقطع کردیتا ہے۔ یوں ڈرون بند ہوکر زمین پر گرجاتا ہے۔ یہ تمام عمل محض آٹھ سے پندرہ سیکنڈ میں مکمل ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کے حامل ملکوں میں سرکاری سطح پر ڈرونز کی تیاری اور مختلف مقاصد کے لیے استعمال کے ساتھ اس ٹیکنالوجی سے مختلف نجی ادارے بھی حکومت سے اجازت حاصل کرنے بعد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عام لوگوں نے بھی تفریحی مقاصد کے لیے چھوٹے ڈرونز کا استعمال شروع کر دیا ہے، جس سے مختلف حادثات اور دوسرے عام مسائل کے ساتھ کسی بھی ملک میں غیر قانونی اور سنگین نوعیت کے جرائم، خصوصاً دہشت گردی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)اس مرتبہ 20 جون کو صارفین موبائل فون کی مجازی دنیا میں شریک ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے پسندیدہ برانڈز پر 50 فیصد تک کی رعایت حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس ہفتے کئی برانڈز لانچ بھی کیے جائیں گے جو Daraz.pk پر موجود ہوں گے۔ گزشتہ نومبر کو بلیک فرائیڈے کی شاندارکامیابی کے بعد ایزی پے اور Daraz.pk اب مشترکہ طور پر کام کررہے ہیں تاکہ اپنے صارفین کو آن لائن خریداری کے لئے ایک نیا اور انوکھا تجربہ فراہم کیا جاسکے۔ ایزی پے پاکستان کا معروف اور سب سے بڑا پے منٹ گیٹ وے ہے اور یہ موبائل ویک (Mobile Week) پر اپنے صارفین کو خریداری پر زبردست ڈسکاؤنٹ فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ ایزی پے کی خصوصی ڈیلز اور روزانہ کی بنیاد پر آفرز بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ صارفین ایزی پے واؤچر کے ذریعے روزانہ نئی آفرز سے استفادہ کرسکیں گے۔ صرف 1000 کی رقم پر صارفین کو 2000 کا واؤچر دیا جائے گا جو موبائل ویک (Mobile Week) کی خریداری کے لیے قابلِ عمل ہوگا۔ یہ واؤچرز Daraz.pk پر دستیاب ہوں گے جس سے آپ کی رقم دگنی ہوجائے گی ۔ واؤچر کی تعداد محدود ہے لہٰذا جلدی کیجئے کہ کہیں دیر نہ ہوجائے۔
کیو موبائل اور جنرل موبائل Daraz.pk کے ہفتہ موبائل (Mobile Week) کی اہم سوغات ہوں گے۔ اس موقع پر جنرل موبائل فور جی ڈبل سم والا اپنا اسمارٹ فون بھی لانچ کرے گا۔ جنرل موبائل کا فورجی ڈویل یورپ کا پہلا طاقتور ترین اینڈروئڈ ون اسمارٹ فون ہے جو پاکستان میں پہلی مرتبہ پیش کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب کیو موبائل جو پہلے ہی پاکستان میں اپنے حریفوں کو سخت مسابقت دے چکا ہے وہ بھی آن لائن دنیا میں اپنا سکہ جمانے کے لیے تیار ہے کیونکہ اسٹائلش اور جدید فونز پر زبردست ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا۔
Daraz.pk اور زونگ نے تھری جی اور فورجی فونز کی خریداری پر مفت پیکچز کا معاہدہ بھی کیا ہے۔ تمام تھری جی فونز کی خریداری پر زونگ 6 ماہ تک 3 جی بی کا ڈیٹا مفت میں فراہم کرے گا جب کہ فور جی فونز میں 6 جی بی ڈیٹا مفت فراہم کیا جائے گا۔ تو اب موبائل فونز کی سب سے بڑی آن لائن سیل کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ اسی لیے صارفین ہمہ وقت آفرز سے باخبر رہنے کے لیے دراز کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جو اینڈروئڈ اور آئی او ایس کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ اپ ڈیٹ رہنے کے لیے Daraz.pk پر نیوزلیٹر بھی سبسکرائب کیا جاسکتا ہے تاکہ آپ تمام آفرز اور ڈسکاؤنٹس سے باخبر رہیں۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کورٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اور طاہر قادری 2018 تک دھرنے دیتے رہیں لیکن ان کا ترقی کا سفر روکنے کا خواب پورا نہیں ہوگا جب کہ عمران خان اورطاہر القادری بار بار ملک سےغداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے بہترین معیشت والے ممالک میں شامل ہورہا ہے جب کہ ملک دشمن عناصر قادری اورعمران کے ذریعے ملکی ترقی پرحملہ آور ہوتے ہیں۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے اور اپنے منشور پرعمل کرکے کشمیر کو حقیقی معنوں میں جنت نظیر بنائیں گے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں رہیں لیکن دونوں پارٹیوں کی قیادت نہیں بتاسکتی کہ آزاد کشمیر کےعوام کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی جب کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے عوامی فلاح کے اقدامات کئےجائیں گے۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)لیبر پارٹی کی رکن روزینہ الین خان برطانوی رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئیں۔ لندن کے ٹوٹنگ حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں روزینہ خان نے برطانوی ہاؤس آف کامنز کی نشست پر بھاری اکثریت حاصل کرلی اور رکن منتخب ہوگئی ہے، یہ نشست لیبر پارٹی کے رہنما صادق خان کے لندن کے میئر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس حلقے سے لندن کے میئر صادق خان 2005 سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوتے رہے ہیں لیکن خاص بات یہ ہے روزینہ خان نے صادق خان کے مقابلے میں کئی ہزار زیادہ ووٹ حاصل کئے، روزینہ خان کو 17 ہزار 800 ووٹ ملے جب کہ ان کے مخالف حکمران کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار ڈین واٹکنس نے 11500 ووٹ حاصل کیے۔ دو بچوں کی ماں روزینہ ایلن خان خود جونیئر ڈاکٹر ہیں، انکے والد پاکستانی جب کہ ان کی والدہ پولش ہیں،روزینہ کے والد ٹی وی مکینک اور والدہ پیٹرول اسٹیشن میں ملازمت کرتی تھیں۔ روزینہ خان نے گزشتہ روز ویسٹ یارکشائر میں قتل ہونے والی لیبر پارٹی کی خاتون رکن پارلیمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جشن نہیں منایا اور وکٹری اسپیچ دینے سے منع کردیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جو کاکس ایک زبردست مہم چلانے والی تھیں اور ان کی ہلاکت پر بے حد دکھ پہنچا ہے۔ یاد رہے گذشتہ روز برطانیہ میں فائرنگ اور چاقو کے وار کرکے خاتون رکن پارلیمنٹ جو کاکس کو قتل کردیا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) بھارت کو پولیو فری ملک قرار دیے جانے کے بعد حکومت نے ایک ہنگامی انسداد پولیو مہم کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق بعض جگہوں پر پولیو وائرس کی موجودگی دیکھنے میں آئی ہے جو موجودہ انسداد پولیو اقدامات سے ختم نہیں ہوگی۔ تاحال کوئی پولیو کا کیس باقاعدہ طور پر سامنے نہیں آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ معمول کی چیکنگ کے دوران چند جنوبی ریاستوں میں اس وائرس کی موجودگی کے آثار ملے ہیں۔ ان جگہوں پر پہلے ہی ہزاروں بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین دی جا چکی ہے۔ بھارتی محکمہ صحت کے ایک اہلکار سری نواس راؤ کے مطابق یہ وائرس اس صورت میں حملہ کرے گا اگر یہ کسی کمزور قوت مدافعت والے بچے کے جسم کے اندر داخل ہوجائے۔ ان کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی بھارت کے پولیو سے پاک ملک کے درجہ کو تبدیل نہیں کرے گی تاہم پولیو کے خلاف اب کیے جانے والے اقدامات مزید بہتر ہوں گے۔ سری نواس کے مطابق کمزور قوت مدافعت والے بچوں کے لیے ایک اور خصوصی اور مؤثر انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے 2014 میں بھارت کو پولیو فری ملک قرار دیا تھا تاہم پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث بھارت کو دوبارہ اس وائرس کے خطرے کا سامنا ہے۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)اس گیم کو کھیلنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاس فیس بک ایپ کا جدید ترین ورژن ہو۔ گیم کو موبائل فون پر بھی کھیلا جاسکتا ہے جو بہت آسان ہے اس کے لیے اپنے دوست کو فٹ بال کی ایموجی بھیجیں اور فٹ بال زیادہ سے زیادہ دیر تک ہوا میں رکھنے کی کوشش کریں۔
جب آپ اپنے دوست کو فٹ بال کھیلنے کی دعوت دیتے ہیں تو اسکرین سفید ہوجاتی ہے اور اوپر صفر نظر آتا ہے اور اسکرین کی نچلی جانب فٹ بال کا ایموجی دکھائی دیتا ہے۔
اس سے پہلے فیس بک نے باسکٹ بال اور شطرنج گیمز بھی اپنے میسنجر میں پیش کیے ہیں اور اب یورو 2016 فٹ بال چیمپیئن شپ کو دیکھتے ہوئے میسنجر میں یہ گیم پیش کیا ہے۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے. تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلیفون کرکے نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے برطانوی وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ کیمرون نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیلیفون کیا جس میں انہوں نے بھارت کی جانب سے نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں رکن ممالک کی حیثیت سے شمولیت کی درخواست پر برطانیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت حاصل کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ بھارت ایٹمی عدم پھیلاؤ کی شرائط پر سختی سے عمل پیرا ہو. یاد رہے کہ امریکا پہلے ہی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے لیے بھارت کو تعاون کی یقین دہانی کراچکا ہے. چین کااس سے قبل بھارت کی جانب سے نیو سپلائر گروپ کی ممبرشپ پر کہناتھا کہ اگر بھارت ممبر بنے گا تو پاکستان کو بھی بنانا چاہیے ورنا دونوں ممالک سے کسی کو بھی ممبر شپ نہ دی جائے. واضح رہے کہ رواں ماہ کے آخر میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں بھارت اور پاکستان کی رکنیت کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا.