ایمزٹی وی (تعلیم)آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد نے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔ آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد (شعبہ امتحانات) کی پریس ریلیز کے مطابق ایم اے ،ایم ایس سی کے ضمنی امتحان2015و سالانہ امتحان 2016ء کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے ،نئی تاریخ کے مطابق عام فیس کے ساتھ داخلہ فارم کی تاریخ28اپریل سے بڑھا کر10مئی کر دی گئی ہے جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ5مئی سے بڑھا کر 25مئی کر دی گئی ہے ۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور فلم ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ کے ہدایت کار کبیر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی فلم انڈسٹری کے درمیان سیاست رکاوٹ ہے لیکن سیاست چلتی رہتی ہے لہٰذا دونوں طرف کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ فنکاروں کو آنے جانے کی مکمل آزادی دیں۔
معروف بھارتی ہدایت کار کبیر خان پاکستان میں ’’ٹیکنالوجی کانفرنس‘‘ میں شرکت کے لیے آئے ہیں جہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی کا احساس ہورہا ہے، کچھ ماہ قبل لاہور آیا تھا لیکن کراچی پہلی بار آیا ہوں، امید ہے کہ یہ تجربہ خوشگوار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے تعاون ہونا چاہیے، ثقافتی معاملات کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے اس شعبے کے لوگ محبتوں کو عام کرتے ہیں۔
کبیر خان نے کہا کہ میری فلم ”بجرنگی بھائی جان“ کو پاکستان میں بہت سراہا گیا جس سے فلم کا مقصد پورا ہوگیا، پاکستان میں میری فلم ”فینٹم“ پر پابندی لگی جس کی وجہ مجھے سمجھ آگئی کہ وہ سیاسی فلم تھی تو سیاسی عوامل کی بنیاد پر وہ یہاں ریلیز نہ ہوسکی لیکن اس فلم میں بھی میرا مقصد یہی سامنے لانا تھا کہ دونوں ممالک میں کچھ طبقوں کے باعث نفرت و انتشار پھیل رہا ہے جو لوگوں کے درمیان رابطوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
کبیر خان نے کہا کہ پاکستانی فنکار بالی ووڈ میں بہترین کام کررہے ہیں اور جتنا مل کر مشترکہ طور پر کام کریں گے اتنا ہی مثبت اثر قائم کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں شرکت ایک بہانہ ہے در اصل دعوت ملنے پر پاکستان آیا اور آئندہ بھی مدعو کیا گیا تو ضرور آنے کی کوشش کروں گا۔
ایمزٹی وی (تعلیم) پنجاب ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم میں سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ ۔سیمینارکا مقصد ہائرایجوکیشن کمیشن میں درس و تدریس، ذہنی مہارت اور اس کی تشخیص کو فروغ دینا تھا۔ سیمینارسے پروفیسر محمود الحسن ، وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ ، ڈاکٹر نجیب اللہ اور ڈاکٹر ناصر نے خطاب کیا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) شوبزکی چکا چوند دنیا میں ہرآنے والا دن کسی نئے امتحان کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ جوبھی اچھاکام لوگ دیکھ لیتے ہیں پھروہ کچھ نیا اوراس سے بھی بہترکام دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں اس لیے یہ شعبہ مشکل ضرور ہے لیکن سیکھنے اورآگے بڑھنے کی امنگ رکھنے والوں کے لیے بہت آئیڈیل ہے ۔
سارہ لورین نے کہا کہ سب سے بہتر اور منفرد کام کرنے کی لگن نے مجھے بالی ووڈ پہنچا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے فنی سفرکے دوران ایکٹنگ، ماڈلنگ اورمیوزک شوزمیں پرفارم کیا۔ ان تینوں شعبوں میں بہتر کام کرنے پرداد ملی تو مزید بہتر کام کرنے کی ذمے داری کا احساس ہوا۔ جوبھی ملتا وہ تعریف کرتے ہوئے کچھ ایساکہہ جاتا کہ بس یوں محسوس ہوتا کہ اب مجھے ایک نئے چیلنج کوقبول کرنا ہے۔ یہ سب کچھ عجیب سا تھا مگرمیں نے اس سے بہت کچھ سیکھا اورتمام عمر اس سلسلے کوجاری رکھوں گی۔
انھوں نے کہاکہ اچھا اورمعیاری کام ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے اوردیرپا ہوتا ہے، جولوگ راتوں رات شہرت کی بلندیوں کوچھونے کے لیے غلط راستوں کا انتخاب کرتے ہیں، انھیں دردرکی ٹھوکریں کھانا پڑتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ کم کام کیا جائے لیکن وہ اچھا اورمعیاری ہونا چاہیے، جس کو لوگ برسوں یاد کریں۔ سارہ لورین نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے مگربہترین پلیٹ فارم مہیاکرنا ان اداروں کی اولین ذمے داری ہے جوفن وثقافت کے فروغ کے لیے بنائے گئے ہیں۔
ایمزٹی وی (پشا ور) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 8ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں سے خوف وہراس پھیل گیا۔ زلزلے کا دورانیہ کم تھا تاہم شدت زیادہ تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ اور گہرائی 116 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔
پشاور، ملاکنڈ، سوات، شانگلہ،ایبٹ آباد، مانسہرہ،دیر لوئر،دیر اپر ، بٹگرام اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق زلزلے سے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کسی ضلع میں جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی
ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کپ میں آئے روز تنازعات جنم لے رہے ہیں اور کھلاڑی کھلے عام پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں تاہم حکام کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جاری پاکستان کپ کے اب تک 6 میچز ہوچکے ہیں لیکن آئے روز کھلاڑیوں کی جانب سے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ یونس خان کے بعد احمد شہزاد اور اب عمراکمل تنازع کی زد میں آچکے ہیں جو فیصل آباد میں اسٹیج ڈرامے کے دوران کسی سے جھگڑ پڑے جس کا پی سی بی نے سختی سے نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران عمر اکمل کے ساتھ دیگر 4 کھلاڑی بھی موجود تھے جن میں بلاول بھٹی، اویس ضیا، محمد نواز اور شاہد یوسف شامل ہیں۔ دوسری جانب پی سی بی نے عمر اکمل کے جھگڑے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کے دوران مبینہ جھگڑے کی اطلاعات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اگر کھلاڑی اس میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
ایمزٹی وی (لیہ )کروڑ لعل عیسن میں زہریلی مٹھائی کھانے سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ حلوائی نے دودھ میں غلطی سے ٹاٹری کی جگہ زہر کی پڑیا ڈال دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے لیہ کے نواحی علاقے کروڑ لعل عیسن میں شاہد نامی شخص نے بیٹے کی پیدائش پر اپنے قریبی رشتے داروں کو دعوت پر مدعو کیا تھا اور شاہد مبارکباد دینے آنے والوں کا منہ میٹھا کروارہا تھا، لڈو کھانے کے بعد 70 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں لیہ، ملتان اور فیصل آباد کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں اب تک 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 30 سے زائد اب بھی زیر علاج ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے خون کے تجزیئے سے ڈاکٹروں کو پتہ چلا ہے کہ ان لوگوں کی اموات سیلفو لائل نامی کیمیکل سے ہوئی ہے جو کہ زرعی زمین میں خود رو پودوں کو تلف کرنے کے لیئے استعمال ہوتا ہے، اس کیمیکل پر ملک میں پابندی عائد ہے تاہم اس کے باوجود یہ ادویہ کی دکانوں پر کھلے عام دستیاب ہوتی ہے۔ میڈیا میں صورت حال سامنے آنے کے 4 روز بعد پنجاب حکومت خواب غفلت سے جاگی ہے اور صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین گزشتہ رات لیہ پہنچے ہیں جب کہ ڈائرکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے روایتی انداز میں دکانوں اور اسپتالوں میں چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (شانگلہ) بونیر سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر خاص سردار سورن سنگھ کے قتل میں پیش رفت ، شانگلہ کے تحصیل پورن کےنائب ناظم عالم خان کو بھی قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے ۔
عالم خان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ۔ عالم خان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ سردار سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں سوات سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء ضلعی کونسلر بلدیو کمار کو بریکوٹ سے پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا ۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ رینج آزاد خان نے بلدیو کمار کے حراست میں لئے جانے کی تصدیق کردی ۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ آزاد خان کے مطابق سردار سورن سنگھ کے قتل میں پہلے سے حراست میں لئے گئے افراد سے تفتیش کے بعد بلدیو کمار کو بھی شک کی بناء پر حراست میں لیا گیا ہے اور اُن سے تفتیش جاری ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں جس کے لئے مختلف زاویوں سے تفتیش جا ری ہے ۔
ایمز ٹی وی (شانگلہ) بونیر سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر خاص سردار سورن سنگھ کے قتل میں پیش رفت ، شانگلہ کے تحصیل پورن کےنائب ناظم عالم خان کو بھی قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے ۔
عالم خان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ۔ عالم خان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ سردار سورن سنگھ کے قتل کے الزام میں سوات سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء ضلعی کونسلر بلدیو کمار کو بریکوٹ سے پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا ۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ رینج آزاد خان نے بلدیو کمار کے حراست میں لئے جانے کی تصدیق کردی ۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ آزاد خان کے مطابق سردار سورن سنگھ کے قتل میں پہلے سے حراست میں لئے گئے افراد سے تفتیش کے بعد بلدیو کمار کو بھی شک کی بناء پر حراست میں لیا گیا ہے اور اُن سے تفتیش جاری ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں جس کے لئے مختلف زاویوں سے تفتیش جا ری ہے ۔