Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (گلگت بلتستان )گلگت بلتستان نیوز پیپر سوسائٹی کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت صدر جی بی این ایس ایمان شاہ منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ فاروق احمد ، انفارمیشن آفیسر منیر احمد جوہر کے علاوہ ممبران سوسائٹی نے شرکت کی اجلاس میں سوسائٹی کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی اور ان مسائل کے حل کے لئے مشترکہ طور پر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ فاروق احمد خان نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھرپور تعاون کرینگے اور بقایا جات کی ادائیگی کی راہ میں حائلرکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور مثبت صحافت کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اشتہارات کی تقسیم میں کسی قسم کے مصلحت کا شکار نہیں ہوگااور برابری کی بنیاد پر اشتہارات کی تقسیم کویقینی بنایا جائیگا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایمان شاہ نے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اخبارات کے بقایاجات کی ادائیگی میں تعاون کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق احمد و دیگر سٹاف کا شکریہ اد اکیا اور توقع کااظہار کیا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ آئندہ بھی اسی طرح تعاون کرے گا اجلاس میں ندیم احمد (وطین )،خورشید احمد (ازان )، محبوب خیام (صدائے گلگت )،بشارت مہند عباسی(محاسب)، ارشد ولی (بادشمال )،ریاض احمد (بیدار)،امتیاز علی سلطان (ترجمان)،جہانگیر ناجی (بانگ سحر)،منظورحسین (جی بی ایکسپریس)اور حیدر علی (رہبر )نے شرکت کی۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ایل بی ڈبلیو کے فیصلے کو شفاف بنانے کے لیے ’’ہاک آئی‘‘ کے بعداب بلے میں سینسر لگانے کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے جو بتائے گا کہ وکٹ کیپر کے پاس جانے والی بال بیٹسمین کے بلے سے ٹچ ہوئی ہے یا نہیں اور اس کے بعد بیٹسمینوں کے پاس بچنے کا کوئی راستہ نہیں رہے گا۔ کرکٹ میں ’’ہاک آئی‘‘ کے موجد پاول ہاکنز نے ایک بارپھر کرکٹ امپائر کی آسانی کے لیے کرکٹ بیٹ کے ساتھ لگانے والا سینسر متعارف کرادیا ہے جس کا سائز آسٹریلوی پانچ سینٹ کے سکے کے برابر ہے جس میں لگا ہوا اسمارٹ ایپ بلے سے چھو کر جانے والی گیند کے بارے میں بتائے گا اور اس سے امپائر کو آؤٹ دینے یا نہ دینے کے فیصلے میں آسانی ہوگی۔ اس ڈیوائس کو سامنے اور اسکوئر لیگ پر کھڑے امپائر کے پاس موجود اسمارٹ فون کے ساتھ جوڑ دیا جائے گا جو ہر بال کی فلم بنائے گا جس کی مدد سے امپائر بآسانی ری پلے دیکھ کر ایل بی ڈبلیو کے فیصلے بھی دے سکے گا۔ اس سینسر کی قیمت 25 پاونڈز ہے جو آسانی سے بیٹ میں فٹ ہوجائے گا جب کہ ابتدائی طور پر اسے برطانیہ میں پریکٹس میچوں میں استعمال کیا جائے گا۔ اس سینسر کے موجد پال ہاکنز کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا خیال اس وقت آیا جب ہیمشائر لیگ کے ایک میچ کے دوران بال واضح طور پر بیٹسمین کے بیٹ سے چھو کر وکٹ کیپر کے پاس گئی لیکن اسے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر بیٹسمین خود کریز چھوڑ کر نہیں جاتا اور فیلڈر اور بیٹسمین کا چیخنا سب بے کار چلا جاتا ہے بلکہ بعض اوقات میچ کا نتیجہ ہی بدل جاتا ہے۔ ہاکنز کا سینسر کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سینسر بیٹ کی وائبریشن کے ساتھ ہی کام کرے گا اور جب وہ اسمارٹ فون کے ساتھ منسلک ہوجائے گا تو ری پلے کے ساتھ ہی رئیل ٹائم میں آوٹ ہونے کے بارے میں بتائے گا۔

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہاہے کہ غیرقانونی طورپر مقیم پاکستانیوں کویہاں ٹھہرنے کی اجازت نہیں دے سکتے اس لیے انہیں ملک بدرکیاجارہا ہے ،کسی بھی جرم میں ملوث افرادکو سعودی عرب سے ہمیشہ کیلئے بے دخل کیاجاسکتا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہاکہ ایران نے خطے میں عدم استحکام پیداکررکھا ہے ، خلیج کے خطے میں دہشت گردوں کی امداد بند ہونے تک ایران کی معذرت بے معنی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران میں سعودی سفارتخانہ اور قونصل خانے پر حملہ کے معاملے پر معذرت کی بجائے ایران کی قیادت کو حکومتی پالیسیوں کو تبدیل کرنے، ایک اچھا ہمسایہ بننے، عسکری گروپوں کی حمایت ختم کرنے اور دہشتگردوں کی سرپرستی کا سلسلہ ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)بھارت کےحکومتی عہدیداران کا کہنا ہے کہ شدید گرمی سے متاثرہ ریاستوں میں اسکول کو بند کردیا گیا ہے، جبکہ لوگوں کا کُھلی فضا میں کام کرنا محال ہوگیا ہے۔بھارت میں عموماً مئی اور جون میں شدید گرمی پڑتی ہے، لیکن رواں سال چند ریاستوں میں اپریل میں ہی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جس نے حکام کو ہنگامی اقدامات اٹھانے پر مجبور کردیا ہے۔عہدیداران کے مطابق ہندوستانی کی جنوبی ریاست تلنگانہ میں اب تک شدید سے 45، آندھرا پردیش میں 17 جبکہ اڑیسا 43 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر وائی کے ریڈی کا کہنا تھا کہ تلنگانہ میں 2006 کے بعد اپریل کا یہ سب سے گرم ترین مہینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات پر پہلے ہی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا کہ تلنگانہ میں گرمی سے ہلاکتیں بڑھ سکتی ہیں، جس کے باعث ان کے محکمے نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔تلنگانہ میں اسکول گرمیوں کی چھٹیوں سے 2 ہفتے قبل ہی گزشتہ ہفتے بند کردیے گئے تھے، جبکہ اڑیسا میں بھی انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی اقدامات کے تحت 26 اپریل تک اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ گرمی کے اوقات میں تعمیراتی کام پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والے افراد بھی حالیہ گرمی سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

 
 

ایمز ٹی وی (کھیل) بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم کے حوالے سے شائقین کی بے تابی مزید بڑھا دی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ کچھ عرصے سے کھلاڑیوں پر فلمیں بننے کا سلسلہ شروع ہوا تو ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی عندیہ دیا تھا کہ ایسی ہی فلم ان کی زندگی پر بھی بن سکتی ہے، جس کے بعد شائقین بیتابی سے ایسی فلم کا انتظار کرنے لگے مگر اب ثانیہ نے کہاکہ فی الحال تو میری کتاب2 ماہ میں آنے والی ہے، جہاں تک فلم کی بات ہے میری چند لوگوں سے بات ہوئی مگر اس کے اگلے 6، 7 ماہ میں بننے کا امکان نہیں بلکہ 2برس بھی لگ سکتے ہیں، فی الحال میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوں اور بہت کچھ حاصل کرنا باقی ہے۔

ایمزٹی وی(تعلیم) محکمہ تعلیم سندھ سرکاری اسکولوں میں نصابی کتب کی فراہمی میں ناکام ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ حکومت سندھ کی جانب سے میرپورخاص کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو مفت درسی کتب فراہم کرنے کے دعوؤں کا پول کھل گیا ہے ۔ میرپورخاص کے 16سرکاری اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کی بڑی تعداد مفت درسی کتب سے محروم ہے ،اسکول انتظامیہ کے مطابق بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہم نے تمام طلبہ کو انرولمنٹ فراہم کیا تھا مگر کتابیں کم تعداد میں فراہم کی گئی ہیں، واضح رہے کہ میرپورخاص میں چھٹی جماعت کے 878، ساتویں جماعت کے 1062،آٹھویں جماعت کے 837، نویں جماعت کے 980اور میٹرک کے 1051طلبہ وطالبات درسی کتب سے محروم ہیں۔

ایمزٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی نے بی اے، بی ایس سی اور بی کام میں داخلےکی توسیع کااعلان کردیا۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرا ر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کے مطابق جامعہ کراچی کے تحت الحاق شدہ کالجز میں بی اے ،بی ایس سی اور بی کام(پاس)سال اول ودوم میں داخلے کی تاریخ میں5مئی تک1000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ توسیع کردی گئی ہے ۔ تاہم یہ توسیع جامعہ کراچی کے قواعد وضوابط اور کالجز میں نشستوں کی موجودگی اور مطلوبہ حاضری کی تکمیل سے مشروط ہے ۔ مزید تفصیلات طلبا وطالبات متعلقہ کالجز سے حاصل کرسکتے ہیں۔

ایمزٹی وی (تعلیم) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں نیشنل انرولمنٹ مہم کے سلسلے میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ریکٹر نمل میجر جنرل ضیا الدین نجم، ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر ریاض احمد گوندل ،ڈینز،ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نمل نے حکومتی اقدام سے قبل ہی نومبر2015میں" چراغ بدر "کے نام سے ایک منصوبہ شروع کیا تھا جس میں 30بچے انرولڈ ہیں ،نملG-12سیکٹر کے اسکول میں مستحق 130بچوں کوAdoptکر چکی ہے۔

ایمز ٹی وی (تجارت) رواں مالی سال کے نو ماہ میں اشیاء خورد و نوش کی درآمدات 410 ارب روپے تک پہنچ گئی ۔ ادرہ شماریات کے مطابق مالی سال 2016 کے نو ماہ کے دوران پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات میں تقریبا 6 فیصد اضافہ ہوا ۔ ملک میں کم پیداوار کے باعث دالوں کی درآمدات 61 فیصد اضافے سے 46 ارب روپے رہی ۔ چائے کی درآمدات 58 فیصد اضافے سے 42 ارب روپے ، مصالحہ جات کی درآمدات 43 فیصد اضافے سے 11 ارب روپے ، جبکہ اس عرصے کے دوران 129 ارب روپے کا کھانے کا تیل درآمد کیا گیا ۔

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل)امریکی صدر باراک اوباما نے برطانیہ کا دورہ شروع کردیا جس سے قبل انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی یونین کا حصہ رہے یہی سب کے مفاد میں ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما دورہ سعودی عرب کے بعد برطانیہ پہنچ گئے جہاں اپنی یادداشت میں انہوں نے لکھا کہ برطانیہ کو یورپی یونین کا حصہ رہنا چاہیئے یہی برطانیہ اور امریکا کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے لکھا کہ برطانیہ کی یورپی یونین میں موجودگی اس کا عالمی اثر و رسوخ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا اور برطانیہ کا یورپی یونین کا ممبر رہنا امریکی مفادات کا مسئلہ ہے جب کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ میرے اچانک دورہ برطانیہ کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں اور سازشیں کی جارہی ہیں۔ امریکی صدر نے یادداشت میں مزید لکھا کہ یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ برطانیہ کی عوام کو ہی کرنا ہے لیکن میں قریبی دوست کی حیثیت سے کہوں گا کہ برطانیہ کے فیصلے کے اثرات امریکا کے مفادات پر پڑیں گے اور برطانیہ جس راستے کا انتخاب کرے گا اس کی اثرات امریکا کی موجودہ نسل پر بھی پڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین برطانوی اقدار، طرز عمل، طرز جمہوریت ، قانون کی پاسداری اور معاشی طرزعمل کو خطے میں بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ صدر باراک اوباما ایک ایسے موقع پر برطانیہ کا دورہ کررہے ہیں کہ جب برطانوی عوام یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کی تیاری میں مصروف ہیں اور ان کی جانب سے برطانیہ کو یورپی یونین کا حصہ رہنے پر زور دیئے جانے کے بعد اسے دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ کا یورپی یونین کا حصہ رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے 23 جون کو ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوام اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔