Monday, 18 November 2024

ایمزٹی وی(کھیل) پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے کوچ کی تلاش مسئلہ بن گیا۔ مشن ہیڈ کوچ ،مشن امپوزبل بن گیا ہے۔بورڈ کو مطلوبہ درخواستیں موصول نہیں ہوئیں۔ آسٹریلین کوچز نے بورڈ کو صاف انکار کردیا ہے۔غیر ملکی کوچ کا شوشہ مسئلہ بن گیا ہے۔ ملکی کوچ بورڈ سے ناراض نظر آتے ہیں۔ پاکستانی کرکٹرز نے تاحال درخواست ہی نہیں دی۔ بورڈ نے عاقب جاوید سے دوبارہ رابطہ کرلیا ہے۔ ادھر مدثر نذر نے بورڈ کو شرائط کی لمبی فہرست تھمادی ہے۔ مدثر نے بھاری معاوضے سمیت اکیڈمی کے لئےلمبا بجٹ مانگ لیا۔ مئی میں شیڈول ٹریننگ کیمپ سے قبل عبوری کوچ کی تعیناتی کا امکان ہے،عبوری کوچ کے لئے مشتاق احمد مضبوط امیدوار ہیں،دیگر آپشن میں بورڈ انضمام الحق کو اضافی ذمہ داری بھی دے سکتا ہے

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر میں مشہور ہے جی پلس کا اسٹیٹس ملنے کے بعد دو سال میں پاکستان کے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے بھارتی مصنوعات کو مات دے دی ہے اور یورپی یونین کی 37 مارکیٹوں سے بھارتی ایکسپورٹر کا حصہ چھین کر ان کی چھٹی کر دی ہے ۔ بھارتی ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کسی صورت پاکستانی مصنوعات کا مقابلہ نہیں کر پا رہے ہیں ۔ دوسری جانب پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے اس عظم کا اظہار کیا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری رہی تو اگلے پانچ سال میں ٹیکسٹائل برآمد دگنی ہو جائے گی۔

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کسٹمز کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی کی جانب سے درآمدی سطح پر ہونے والی بے قاعدگیوں کی نشاندہی اور کسٹمزریونیو میں اضافے کی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈائریکٹوریٹ نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے قومی خزانے کو61 لاکھ73 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کی ایک اورواردات کی نشاندہی کی۔ ذرائع نے بتایا کہ درآمدکنندگان کے منظم گروہ کی جانب سے ملک میں درآمد ہونے والے ’’ایرازول پینٹ اسپرے‘‘ کی کسٹمزگڈزڈیکلریشن میں مس ڈیکلریشن کے ذریعے کلیئرنس حاصل کی گئی ہے تاہم ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے ایرازول اسپرے پینٹ کے کنسائمنٹس پرکسٹمز ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی چوری کو بے نقاب کردیا ہے اورمتعلقہ درآمدکنندگان کیخلاف کنٹراوینشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈیکشن کسٹمزکلکٹریٹ کو ارسال کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمزکراچی کی جانب سے اسپرے پینٹ کے درآمدی کنسائمنٹس کے ڈیٹا کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی تواس بات کاانکشاف ہواکہ میسرزناصرکارپویشن کراچی،میسرزایم ایچ ٹریڈرز لاہور، میسرز عزیزسنز کراچی، میسرززیان ٹریڈنگ کارپوریشن کراچی اورمیسرزطارق آٹوٹریڈر کراچی کی جانب سے ’’ایرازول اسپرے پینٹ‘‘ کے 50درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس میںمس ڈیکلریشن کی گئی جس کے نتیجے میں قومی خزانے کوریونیو کی مد میں مجموعی طورپر61لاکھ 73ہزار روپے کا نقصان پہنچایاگیا۔

ایمزٹی وی (لیہ)لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے متاثرہ خاتون لاہور کے جناح ہسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئی جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد انتیس ہو گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر لیہ میں مٹھائی کھانے سے متاثرہ نو افراد کو نشتر ہسپتال ملتان سے ایمبولینسوں کے ذریعے لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بدھ کی صبح نصرت بی بی حالت خراب ہونے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئی جس کے بعد اس واقعے میں مرنے والے افراد کی تعداد انتیس ہو گئی ہے۔ گزشتہ رات مزید نو مزید متاثرہ افراد کو جناح ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس وقت ہسپتال میں مٹھائی کھانے سے متاثرہ سترہ مریض زیرعلاج ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر جناح ہسپتال میں متاثرہ افراد کو خصوصی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ آج وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی جبکہ ٹیم نے علاقہ مکینوں کے بیانات اور متاثرین کا ریکارڈ قبضے میں لے لیے ہیں۔

ایمزٹی وی(لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے پر پیش رفت اور دیگر متعدد امورکا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پرشہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر ملک کی تاریخ کا منفرد منصوبہ ہے، مفاد عامہ کے اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے، یہ ادارہ صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، شعبہ صحت کے ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی کی جانب سے ہدایت بھی دی گئی کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے اس منصوبے پرقومی جذبے اور محنت سے کام کیا جائے

ایمزٹی وی (اسلام آباد)قومی احتساب بیورو نے کرپشن کیخلاف جاری تحقیقات ، انکوائریز اور ای سی ایل میں شامل کیے گئے ناموں کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں ۔ تفصیلات کے مطابق نیب 638 انکوائریز اور 336 کی تحقیقات کر رہا ہے ۔ نیب رپورٹ کے مطابق کرپشن کی چھ سو اڑتیس انکوائریز ، 336 مقدمات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمات میں نامزد 401 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جا چکے ہیں ۔ کرپشن کیخلاف سب سے زیادہ تحقیقات اور انکوائریز لاہورمیں جاری ہیں جہاں پر 221 مقدمات و انکوائریز زیر التواء ہیں۔ کراچی میں 215 راولپنڈی میں 179 مقدمات کی تحقیقات اور انکوائریز جاری ہیں ۔ خیبرپختونخوا میں 168، بلوچستان میں 120 کیسز کی تحقیقات اور انکوائریز چل رہی ہیں ۔ ای سی ایل میں سب سے زیادہ نام راولپنڈی سے ڈالے گئے جن کی تعداد 140 ہے جبکہ لاہور سے 106 ، کراچی کے91 ، کے پی سے 43 اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 18 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے ۔ سپریم کورٹ نے کرپشن کے ایک مقدمے میں ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی تفصیلات طلب کی تھیں.

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل) سعودی کابینہ نے معیشت کی بہتری کے لئے تیل کے بجائے متبادل توانائی کے منصوبوں کے جامع پلان ”ویژن 2030” کی منظوری دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معیشت کی بہتری کے لئے تیل کے بجائے دیگر ذرائع پر انحصار کرنے پر بحث کی گئی جس کے بعد کابینہ نے “ویژن 2030″ کی منظوری دے دی جس کے مطابق سعودی معیشت بتدریج تیل کے بجائے صنعت و تجارت کے دوسرے شعبوں پر استوار کی جائے گی، سعودی معیشت کی ترقی میں نجی اور غیرملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور تیل کی آمدن پر انحصار کم سے کم کردیا جائے گا۔ سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اس نئے منصوبے کے محرک ہیں جس کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ویژن 2030 منصوبے کے تحت سرکاری اثاثوں کو فروخت کیا جائے گا، ٹیکسوں کی شرح بڑھائی جائے گی، اخراجات میں کٹوتی کی جائے گی،زرمبادلہ کے ذخائر کے انتظام میں بھی بنیادی تبدیلی لائی جائے گی اور نجی شعبے کے لیے قومی معیشت کی ترقی میں زیادہ کردار ادا کرنے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ “ویژن 2030″ کے تحت شہزادہ محمد بن سلمان نے سرکاری تیل کمپنی آرامکو کے 5 فی صد حصص آئندہ سال کے اوائل تک فروخت کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ آرامکو تیل کی مارکیٹ میں سرمائے کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔

ایمزٹی وی (تعلیم) فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2015کے نتائج جاری کردیئے ۔اعلامیے کے مطابق مقابلے کے اعلی ترین امتحان میں ملک بھر سے12176افراد شریک ہوئے جبکہ نتیجہ انتہائی ناقص رہا۔ نتائج کے مطابق 97فیصد امیدوار سی ایس ایس کے امتحان میں فیل ہوگئے جبکہ صرف 3فیصد امیدوار سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کرسکے ۔ابتدائی 10کامیاب امیدواروں میں 2خواتین بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں شریک امیدوراوں میں صرف 379امیدواروں نے سی ایس ایس کا تحریری امتحان پاس کیاجبکہ 11امیدوار زبانی امتحان میں فیل ہوگئے سی ایس ایس کا امتحان دینے والوں میں سندھ سے صرف 63امیدوار سی ایس ایس کا امتحان پاس کرسکے جبکہ سندھ کے شہری علاقوں سے صرف 21امیدوار مقابلے کے اعلی ترین امتحان میں کامیاب ہوسکے ۔۔سی ایس ایس کی پہلی پانچ پوزیشن میں سندھ کا کوئی امیدوار شامل نہیں ہوسکا۔

ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل ) اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے متنازع گولان کی پہاڑیوں پر ملکیت کا دعویٰ مسترد کردیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی 15 رکنی سیکیورٹی کونسل کے ارکان نے اسرائیل اور مصر کے درمیان واقع گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کا دعویٰ ملکیت مسترد کردیا جب کہ تمام ارکان نے اتفاق کیا ہے کہ گولان کی پہاڑیوں کی متنازع حیثیت برقرار رہے گی جس پر اسرائیل نے 1967 میں قبضہ کرلیا تھا۔ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کی صدارت چین کے سفیر لیو جی نے کی جن کا کہنا تھا کہ 1981 کی قرارداد میں گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قوانین کے نفاذ، انتظامی حیثیت اور حدود بندی کو کالعدم قرار دیا جاچکا ہے اور یہ متنازع پہاڑیاں ہیں جس کی حیثیت برقرار رہے گی۔ ارکان نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس بیان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ گولان کی پہاڑیاں ہمیشہ اسرائیل کے قبضے میں رہیں گی۔ دوسری جانب اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینن نے سیکیورٹی کونسل کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کونسل کا گولان کی پہاڑیوں پر اجلاس بلانا مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے جہاں ہزاروں لوگ مارے جاچکے ہیں جب کہ اب بھی لاکھوں لوگ پناہ گزینوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ بعض مفاد پرست افراد سیکیورٹی کونسل کو اسرائیل پر بلاجواز تنقید کرنے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔