ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے کنسرٹ کے بینر پھاڑ دیئے اور کنسرٹ منسوخ کرنے کی دھمکیاں دیں۔
بھارتی انتہا پسند ہندو مسلمان اور پاکستان دشمنی میں کسی بھی حد تک جانے سے گریز نہیں کرتے یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں کے بھارتی سرزمین پر کنسرٹ منسوخ کروانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے آزماتے رہتے ہیں تاہم اب انہوں نے پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے کنسرٹ کے خلاف اوچھی حرکتیں شروع کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راحت فتح علی خان کا بھارتی شہر احمد آباد میں 30 اپریل کو کنسرٹ منعقد کیا جارہا ہے جس کے لیے شہر میں اشتہاری مہم شروع کی گئی تھی جس پر ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے شہر میں پاکستانی گلوکار کے بینر اور اشتہاری پینا فلیکس پھاڑ دیئے اور کنسرٹ منسوخ کرنے کی دھمکیاں دیں۔ واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کی دھمکیوں کے باعث معروف غزل گائیک استاد غلام علی کا کنسرٹ کئی بار منسوخ کیا جاچکا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم) امریکی قونصل خانے کے تعاون سے یونیورسٹی آف میسا چوسٹس اور بلوچستان کی تین جامعات یونیورسٹی آف بلوچستان،سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے درمیان شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں کراچی میں متعین قائم مقام امریکی قونصل جنرل چاڈ پیٹرسن اور معاہدے میں شریک جامعات کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چاڈ پیٹرسن نے کہا کہ معاہدے کے تحت ان چار یونیورسٹیوں کو طلبا،اساتذہ اور دیگر عملے کے باہمی اشتراک کو فرو غ دینے کا موقع ملے گا۔
ایمز ٹی وی (تجارت) جون میں عالمی بینک پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے سکتا ہے ۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق جون میں ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دی جا سکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق منظور ہونے کی صورت میں قرض کی رقم ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر کرتے ہوئے سرمایا کاری کے فروغ اور مالیاتی نظم و ضبط کی بہتری کے لیے استعمال کی جائے گی ۔ ورلڈ بینک کے مطابق مالیاتی امور بہتر ہونے کی صورت میں ایک طرف تو حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی بہتر ہو گی تو دوسری جانب سرکار کو بینکوں سے کم قرضہ لینا پڑے گا ۔ حکومت کا بینکوں پر انحصار کم ہونے کی صورت میں نجی شعبے کو سستا قرض بھی مل سکے گا ۔
ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے سعودی عرب کے وزیر اقتصادی منصوبہ بندی انجینئر عادل الفقہیہ سے ریاض میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ اس راہداری کو بحیرہ احمر اور افریقہ تک پھیلایا جا سکے۔ احسن اقبال نے سعودی وزیر کو حالیہ برسوں میں پاکستان کی اقتصادی ترقی، سی پیک اور وژن2025کے بارے میں آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی منصوبہ بندی کے شعبوں میں اشتراک کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) جامعہ کراچی نے پہلے سیمسٹر کا شیڈول جاری کردیا۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر معظم علی خان کے اعلامیے کے مطابق پہلے سیمسٹر برائے تعلیمی سال 2016 کے امتحانات 19 مئی تا 3جون منعقد ہونگے جبکہ 6جون تا13 جولائی سیمسٹر بریک ہوگااور دوسرے سیمسٹر کا آغاز18 جولائی سے ہوگا۔
ایمز ٹی وی (تجارت) نیشنل اورملٹی نیشنل فارماکمپنیوں کی طرف سے ازخودبڑھائی گئی دواؤں کی قیمتوں کے حوالے سے وزارت صحت کے حکام نے میکنزم وضع کرنے کیلیے مشاورتی عمل تیز کر دیا. ذرائع کے مطابق 12دوا ساز کمپنیوں کی طرف سے تقریباً 100سے زائددواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ جس کے متعلق وزارت صحت حکام نے اعلی عدالت کو حقائق پیش کیے ہیں جس کے بعدان کمپنیوں سے فالتورقم واپس لینے کے احکام جاری کیے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے دواؤں کی نئی پالیسی کے تحت فارما کمپنیاں ہارڈ شپ کیسزکے نام پر 4 فیصد کا سالانہ اضافہ کر سکیں گی، ذرائع نے بتایاکہ 12 فارما کمپنیوں میں سے 4 نیشنل جبکہ باقی ملٹی نیشنل کمپنیاںشامل ہیں جنھوں نے ہارڈشپ کے نام پر 50 فیصد کے قریب دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ ڈرگ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر اسلم نے بتایاکہ عدالت کے احکام کے تحت جن کمپنیوں نے از خوددواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے دواکے حصول میں عوام سے فالتورقم حاصل کی ان سے یہ رقم واپس لے کر سرکاری خزانہ میں جمع کرائی جائے گی، انھوں نے بتایاکہ بعض سینیٹرزکی طرف سے یہ تجویز دی گئی کہ دوا ساز کمپنیوں سے لی جانے والی فالتو رقم کسی فلاحی اسکیم میں لگائی جائے جس کے ذریعے غریب مریضوں کا مفت علاج کیاجائے تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی حتمی پالیسی نہیں بن سکی ہے۔
ایمز ٹی وی (تجارت) رمضان میں کھانے پینے کی سستی اشیاء کی فراہمی کے لیے حکومت نے عوام کے لیے ریلیف پیکج کی تیاری شروع کر دی ۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق کھانے پینے کی مختلف اشیاء عوام کو مارکیٹ سے سستے ریٹ پر فراہم کرنے کے لیے حکومت اس بار لگ بھگ ڈھائی ارب روپے قومی خزانے سے دیتے ہوئے ریلیف پیکج تیار کر رہی ہے ۔ عوام کو سستی اشیاء یوٹیلٹی اسٹورز پر بچت بازاروں کے زریعے فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے وزارت خزانہ نے وزارت صنعت و پیداوار سے تجاویز طلب کر لی ہیں ۔ عوام کا کہنا ہے رمضان سے قبل ہی چنے ، دالیں ، مرغی اور سبزی سمیت مختلف اشیاء کے داموں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔
ایمز ٹی وی (لا ہور) لاہور اور کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری۔ کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی مطالبات کے حق میں 8 ویں روز بھی او پی ڈیز میں 2 گھنٹوں کی ٹوکن ہڑتال جاری ، ہڑتال کے باعث مریضوں کو دشواری کا سامنا ہے ۔ کوئٹہ کے سول ہسپتال ، بی ایم سی ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے حق میں 8 ویں روز بھی صبح 9 سے 11 بجے تک دو گھنٹوں کی ٹوکن ہڑتال کر رہے ہیں جس کے باعث او پی ڈیز میں روزانہ آنے والے ہزاروں مریضوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ، ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ عوام کے مفاد کے لئے لڑ رہے ہیں کیونکہ ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے سہولیات کا فقدان ہے ۔ دوسری جانب لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں آج دوسرے روز بھی او پی ڈییز بند ہیں ، سیکرٹری ہیلتھ نے ہڑتالی ڈاکٹرز کو ہڑتال ختم کرنے کے لئے مذاکرات کے لئے بلا لیا ۔ لاہور کے سرکاری ہسپتال میں آج دوسرے روز بھی ینگ ڈاکٹرز اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں ۔ شہر بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز بند ہیں ۔ دور دراز اور لاہور سے آنے والے مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ ہڑتالی ڈاکٹروں سے معاملات نمٹانے کے لئے سیکرٹری ہیلتھ نے انہیں مذاکرات کے لئے بلا لیا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم)سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا)کے سیکریٹری تعلیم مختیار احمد سومرو سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد سپلا نے اپنا احتجاج موخر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ بھر کے لیکچررز اور پروفیسرز ڈی جے سائنس کالج میں جمع ہوئے تھے اور وہ سی ایم ہاؤس تک احتجاجی مارچ کرنا چاہتے تھے جب اس بات کا علم سیکریٹری تعلیم مختیار سومرو کو ہوا تو انہوں نے سپلا کے پانچ مرکزی عہدیداروں کو اپنے دفتر میں طلب کرلیا اس موقع پر ڈی جے سائنس کالج کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا، تاہم کسی بھی لیکچرر یا پروفیسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، سیکریٹری تعلیم نے سپلا کے تمام مطالبات وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو کو ارسال کردیے اوریقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے جس کے بعد سپلانے احتجاج موخر کردیا۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد) اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے 2 مئی کو مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات کی جس میں پاناما لیکس سے متعلق حکومت کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے گئے خط کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ پریس بریفنگ کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک میں سب کا احتساب ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھا گیا خط بے مقصد ہے، جوڈیشل کمیشن کے لئے ہماری مشاورت کے بغیر ٹی او آرز بھیجے جنہیں دیکھ کر شکوک و شبہات میں اضافہ ہوا ہمیں حکومتی ٹی او آرز قبول نہیں ، پانامالیکس کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیئے اور سب سے پہلے وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہونا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق پوزیشن جماعتوں کا اجلاس 2 مئی کو اعتزاز احسن کے گھر پر طلب کرلیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا اور سپریم کورٹ بار کے ممبران اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت بااختیار کمیشن بنانا چاہتی ہے تو تمام جماعتوں کو ایک ساتھ بٹھا کر ٹی او آرز طے کرے، اپوزیشن کی بیشتر جماعتوں نے حکومتی ٹی او آرز کو مسترد کردیا۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم کے سینئررہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بلا امتیاز احتساب ایم کیوایم کی بنیادی پالیسی ہے اس لیے ملک میں سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے، ایم کیوایم نے سب سے زیادہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور پاناما لیکس کے انکشافات انتہائی اہم ہیں اس حوالے سے کمیشن کا معاملہ ٹی او آرز پر رکا ہوا ہے لہٰذا اس معاملے پر قومی مشاورت سے راستہ نہ نکالا گیا تو عدم استحکام بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے ملک کو نقصان ہوگا۔