Monday, 18 November 2024

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) پیرس میں 13نومبر 2015 کو ایک کنسرٹ ہال، ایک اسٹیڈیم، ریسٹورنٹ اور بارز پر ہونے والے حملوں میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے، صالح عبدالسلام کو اس سال18مارچ کو ڈرامائی انداز میں برسلز میں گرفتارکیا گیا۔ یہ گرفتاری برسلزمیں ہونے والے دھماکوں سے4 دن پہلے عمل میں آئی تھی جن میں 32 افراد ہلاک ہوئے تھے پولیس کا خیال ہے کہ دونوں شہروں میں ہونے والے حملوں کے پیچھے ایک ہی گروہ کا ہاتھ تھا۔26 سالہ صالح عبد السلام کی پیدائش بیلجیئم میں ہوئی تھی لیکن وہ ایک فرانسیسی شہریہے پیرس حملوں کے بعد وہ4 ماہ تک برسلزمیں چھپا رہا۔گرفتاری کے بعد عبد السلام سے پیرس حملے میں مبینہ کردارکے بارے میں پوچھ گچھ گئی تھی اور اب اُسے فرانس کے حوالے کیا گیا ہے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے شہر ملواکی  میں 26 سالہ خاتون پیٹرس پرائس اپنی گاڑی میں 2 بچوں کے ہمراہ ہائی وے سے جارہی تھیں اور پچھلی سیٹ پر بیٹھا ان کا بیٹا اصلی پستول سے کھیل رہا تھا کہ اچانک اتفاقی گولی چل گئی جو پیٹرس پرائس کی کمر میں جالگی جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ حادثے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تاہم اس وقت تک پیٹرس پرائس دم توڑ چکی تھیں پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ پیٹرس پرائس اپنے بوائے فرینڈ کی کار چلا رہی تھیں جو پیشے کے اعتبار سے سیکیورٹی گارڈ تھا اور گاڑی کے پچھلے حصے میں اس کی لوڈڈ پستول موجود تھی جس سے کھیلتے ہوئے 2 سالہ بچے سے اچانک گولی چل گئی جب کہ گولی پیٹرس پرائس کی کمر میں لگی جس نے ان کی ریڑھ کی ہڈی کو متاثر کیا اور زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی واضح رہے کہ 2 ماہ قبل فلوریڈا میں بھی اسی قسم کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں دوران ڈرائیونگ پچھلی سیٹ پر بیٹھے 4 سالہ بچے سے اچانک گولی چلنے سے خاتون ہلاک ہوگئی تھی۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) شنہشاہ ظرافت کا خطاب پانے والے منور ظریف کی برسی آج منائی جائے گی ۔ان کے مداح قرآن خوانی اور اجتماعی دعاؤں کی تقریبات منعقد کریں گے جب کہ ان کی قبر پر پھول بھی چڑھائے جائیں گے۔

منور ظریف 25 دسمبر 1940 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے وہ معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے۔ انھوں نے اپنے 16 سالہ فلمی کیرئیر میں 300سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ان کی مشہور فلموں میں ’’بنارسی ٹھگ‘‘، ’’جیرا بلیڈ‘‘، ’’موج میلہ‘‘، ’’شوقن میلے دی‘‘، ’’منجھی کتھے ڈاواں‘‘، ’’دامن اور چنگاری‘‘، ’’چکر باز‘‘، ’’ہمراہی‘‘، ’’بد تمیز‘‘، ’’نوکر ووہٹی دا‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔

جس وقت انھوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تو یہ روایت تھی کہ کامیڈین جوڑی کی صورت میں فلموں میں جلوہ افروز ہوتے تھے اس وقت مرزا اشرف اور یعقوب ، چارلی اور غوری کی جوڑی بہت مقبول تھی۔ انھوں نے رنگیلا کے ساتھ جوڑی بنائی اور پرستاروں کے دلوں میں گھر کر لیا۔ انھوں نے کامیڈی ہیرو کاا چھوتا تصور پیش کیا۔

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عبدالرشید قتل کیس میں سابق پرویز مشرف کے وکیل نے اپنے موکل کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست واپس لے لی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے عبدالرشید قتل کیس میں پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل ملک طاہرنے موقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے خلاف درخواست کی ضرورت نہیں، انہوں نے اپنے موکل کی ٹرائل کورٹ میں حاضری سے استثنیٰ کے لیے نئی درخواست دائر کردی ہے، اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ پرویزمشرف کے وارنٹ گرفتاری کےخلاف درخواست واپس لینے دی جائے۔ جس پر عدالت نے درخواست منظورکرلی۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے لال مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید اوران کی والدہ کے قتل سے متعلق مقدمے میں پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکھے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ذکیہ جمالی نے پاکستان نیوی کی پہلی کمیشن آفیسر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا. لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی نے 2012 میں پاکستان نیوی کے ایجوکیشنل برانچ میں بحیثیت سب لیفٹیننٹ شمولیت اختیار کی ،لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی بنیادی تربیت مکمل کرنے کے بعد اورماڑہ میں پاک بحریہ کے زیر انتظام چلنے والے کیڈٹ کالج میں خدمات انجام دے رہی ہیں.لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی پاکستان کا فخر اور بلوچستان کی خواتین کے لئے عزم اور حوصلے کی زندہ مثال ہیں ۔ذکیہ جمالی کا تعلق بلوچستان کے ضلع جعفر آباد کے علاقہ اوستہ محمد سے ہے، لیفٹیننٹ ذکیہ جمالی اردو میں ایم اے کیا ہے جبکہ بلوچستان یونیورسٹی سے گریجویشن میں گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکی ہیں۔

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی سیاسی و کاروباری شخصیات کے خفیہ آف شور اکاؤنٹس اور کمپنیوں کی تفصیلات جاری کرنے والی پاناما لیکس ایک بار پھر طوفان برپا کرنے کے لیے تیار ہے جس میں مزید سیکڑوں پاکستانی سیاسی و کاروباری شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔ انٹر نیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس ( آئی سی آئی جے) نے پاناما سے تعلق رکھنے والی لاء فرم موساک فونسیکا سے حاصل کردہ ڈیٹا سے مزید 2 لاکھ دستاویزات 9 مئی کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں دنیا کے 200 ممالک سے تعلق رکھنے والی ان کمپنیوں، فلاحی اداروں، فاؤنڈیشنز اور شخصات سے متعلق معلومات شامل ہوں گی جنہوں نے ہانگ کانگ سے لے کر امریکی جزیرے نو ویڈا تک 21 مختلف ممالک میں اپنے خفیہ اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔ آئی سی آئی جے کی رپورٹ کے مطابق آئندہ ماہ افشا ہونے والی دستاویزات اس قدر بڑی ہوں گی کہ آج سے پہلے اتنے بڑے پیمانے پر اس قسم کی خفیہ دستاویزات کبھی شائع نہیں کی گئی ہوں گی تاہم کسی بھی شخص کا ذاتی ڈیٹا اور بینک کی معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق خفیہ آف شور خفیہ اکاؤنٹس اور کمپنیاں بنانے والوں میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی 400 سیاسی و کاروباری شخصیات کے نام بھی شامل ہیں جن کا تعلق کراچی اور لاہور سے ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی آئی سی آئی جے 10 لاکھ سے زائد دستاویزات جاری کر چکی ہے جس میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے صاحبزادوں حسین اور حسن نواز اور بیٹی مریم نواز کے آف شور اکاؤنٹس کا بھی تذکرہ تھا۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ثانیہ مرزا نے این آر آئی آف ایئر ایوارڈ بھی جیت لیا۔ ٹینس کوئن کو پ±روقار تقریب میں سال کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ثانیہ مرزا کے ستارے شہرت اور اعزازات کے حوالے سے بلندیوں پر ہیں۔ اس سے پہلے ثانیہ مرزا کو بااثر اسپورٹس شخصیات کے ٹاپ 100 میں شامل کیا گیا جبکہ وہ بھارت کا سب سے بڑا سول ایوارڈ پدما شری بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔

 

ایمز ٹی وی (کھیل) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے نام ایک خط میں رافیل نڈال نے لکھا ہے کہ لوگوں کو بغیر شواہد کے نہیں بولنا چاہیے۔ براہ کرم ڈوپنگ سے متعلق میرے تمام ٹیسٹوں کو منظر عام پر لایا جائے۔ نڈال نے آئی ٹی ایف سے کہا کہ مستقبل میں جب بھی ان کے ٹیسٹ ہوں اور جیسے ہی نتائج سامنے آئیں اس کے بارے میں بتایا جائے۔ رافیل کا خط موصول ہونے کے بعد آئی ٹی ایف نے کہا ہے کہ 14 بار گرینڈ سلیم فاتح رافیل ںڈال کبھی بھی ممنوعہ ادویات کی جانچ میں مثبت نہیں پائے گئے اور وہ اپنی رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

ایمز ٹی وی (کراچی) رینجرز نے یاسین آباد قبرستان سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔ لانڈھی نمبر 1 میں ڈکیتی کی سی سی ٹی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہوگئی ۔ بھینس کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ، کراچی میں رینجرز نے عزیز آباد کے یاسین آباد قبرستان میں کارروائی کرکے قبرستان میں چھپایا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق کارروائی سیاسی جماعت کے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کی گئی تاہم برآمد ہونے والا اسلحہ نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 1 میں واقع جنرل سٹور میں رات گئے ڈکیتی کی واردات ہوئی ۔ سی سی ٹی وی میں ٹوپی پہنا ڈاکو کاؤنٹر سے رقم لوٹتے دیکھا جاسکتا ہے ۔ دو ڈاکوئوں نے دکان میں موجود تمام افراد اور کیش کائونٹر کا صفایا کیا جبکہ دو ہیلمٹ پہنے ڈاکو دکان کے باہر پہرا دیتے رہے ۔ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے چند منٹوں میں واردات کی اور مسروقہ رقم اور دکانداروں کا اسلحہ لیکر باآسانی فرار ہوگئے ۔ دوسری جانب بھینس کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے امجد خان نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔

ایمز ٹی وی (ہری پور) سینٹرل جیل میں سزائے موت کے 2 مجرمان کو علی الصبح بھانسی دے دی گئی۔ ہری پورکی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے دو مجرموں فرہاد اورعلی رضا کو علی الصبح تختہ دارپرلٹکا دیا گیا۔ دونوں مجرموں کوسزا بھی سیشن کورٹ چارسدہ نے ہی سنا ئی تھی۔ مجرم فرہاد نے 1997 میں2 افراد کو قتل کیا تھا جب کہ مجرم علی رضا نے 2004 میں اپنے قریبی رشتہ دار کو قتل کیا تھا۔ دونوں مجرموں کی رحم کی اپیلیں بھی سپریم کورٹ سے مستردہوچکی تھیں، تختہ دار پر لٹکائے جانے والے دونوں مجرموں کو تعلق چارسدہ سے ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں 2014 سے اے پی ایس پرحملوں کے بعد سے قتل کے مجرموں کو سزائے موت دینے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اب تک 500 سے زائد ملزمان کو تختہ دارپرلٹکا دیا گیا ہے۔