Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے 30 جون 2016 کو ختم ہونے والی ٹیکس کریڈٹ کی سہولت میں توسیع کیے جانے کا امکان ہے جبکہ سرامکس ٹائلوں کے خام مال کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کم کرکے 5 فیصد مقرر کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایاکہ امریکن بزنس کونسل پاکستان کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے، ٹیکس شرح پر نظرثانی اور ایس آر اوز واپس لینے سے متعلق آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاسوں میں انہیں حتمی شکل دینے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ٹائلوں ودیگر اشیا کے خام مال پر بتدریج 10، 15 اور 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد ہے جس سے اشیا کی پیداواری لاگت میں اضافہ اور مقامی انڈسٹری متاثر ہورہی ہے کیونکہ پیداواری لاگت زیادہ ہونے سے مقامی ٹائلوں و دیگر اشیا کا درآمدی مصنوعات سے مسابقت کرنا مشکل ہورہا ہے جبکہ بہت سی اشیا کی ڈمپنگ سے بھی مقامی انڈسٹری پر منفی اثر پڑتا ہے۔ دستاویز کے مطابق ایف بی آر کو سفارش کی گئی ہے کہ ٹائل ودیگر صنعتوں کے خام مال پرعائد کسٹمز ڈیوٹی کی 2 کٹیگریز بنائی جائیں، جس خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی کی شرح 10فیصد ہے اسے صفر کیا جائے جبکہ 10اور 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی والے خام مال کے لیے ریٹ گھٹا کر5 فیصد کر دیا جائے۔ ایف بی آر کو یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس کی شیکشن 65 ڈی اور ای کے تحت ٹیکس کریڈٹ کی سہولت میں غیرمعینہ مدت کے لیے توسیع کی جائے ، یہ سہولت 30 جون 2016 کو ختم ہورہی ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور آئندہ ہفتے اجلاسوں میں انہیں حتمی شکل دینے پر غور ہوگا۔

ایمز ٹی وی (تجارت) عالمی منڈیوں کی دیکھا دیکھی مقامی مارکیٹ میں سٹیل مصنوعات کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ عالمی منڈی میں اسٹیل کی قیمتوں میں اضافے کے سبب مقامی مارکیٹ میں اس کی مختلف مصنوعات کی قیمیں بڑھ چکی ہیں ۔ درآمدی سریے کی قیمت 8 ہزار روپے اضافے سے 68 ہزار فی میٹرک ٹن، اسٹیل کی چادر 12 ہزار روپے اضافے سے 82 ہزار فی میٹرک ٹن جبکہ ہاٹ رول کی قیمت 13 ہزار 650 روپے اضافے سے 44 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے سبب چین نے پیداوارمیں کٹوتی کی جس کے باعث عالمی منڈیوں میں سٹیل مصنوعات کی قیمتیں 50 فیصد سے زائد جبکہ ڈیرھ ماہ میں مقامی سطح پر ان کی قیمتوں میں 20 سے 25 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے.

ایمز ٹی وی( گلگت بلتستان)گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کو سیکریٹری سیاحت و کھیل محمد جہانزیب اعوان اور دیگر اعلیٰ آفیسران نے محکمے کی کارکردگی اور ان کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ محکمہ سیاحت و کھیل کو مزید فعال بنانے کے لیئے تمام تر وسائل بروئے کار لایا جائیگا۔گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے کہا کہ محکمہ سیاحت کو مضبوط بنا یا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی فروغ کے لیئے عملی اقدامات اٹھایا جا سکے۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ نلتر ویلی کو سیاحوں کے لیئے بین القوامی معیار کا ایک بہترین مقام بنا یا جائے گا اور بین القوامی سطح پر سہولیات فراہم کی جائینگی۔ سیاحت کی فروغ کے لیئے صوبائی حکومت نے ایک بہترین پالیسی مرتب کیا جا چکا ہے جس کو گلگت بلتستان کونسل سیشن میں جلد منظور کرایا جائے گا تاکہ گلگت بلتستان میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کی آمد کو ممکن بنایا جاسکے۔ گلگت بلتستان میں سالانہ لاکھوں سیاح رخ کرتے ہیں ان کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔گورنر گلگت بلتستان نے محکمہ سیاحت کے اعلیٰ افیسران کوکہا کہ تاریخی اور ثقافتی رسومات کو منانے کی ضرورت ہے گلگت بلتستان میں ثقافتی تہوار کو منانے کے لیئے محکمہ سیاحت فوفاہ کو اپنے سالانہ کیلینڈر میں شامل کریں۔گورنر گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک ٹوریزم کو مزید بڑھانے کے لیئے لاہور سے گلگت اور گلگت سے لاہور ہوائی جہاز سروس چلانے کے لیئے متعلقہ اداروں کو درخواست کیا جا چکا ہے مستقبل میں ان پروازوں کے اپریشن سے لاہور اور ملحقہ شہرو ں سے سیاح گلگت بلتستان کا رخ کرینگے۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت اور کاشغر کو سسٹرز سٹیز بنانے اور خنجراب پاس کو آل ویدر بنانے کے لیئے حکومت چائنا کے اعلیٰ حکام کو درخواست کی گئی ہے جس سے گلگت بلتستان میںچائنا سے سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو گااور گلگت بلتستان میں معاشی انقلاب آئے گا گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ سیاحت کو بطور صنعت چلایا جائے گا اور سیاحت کے اس شعبے سے گلگت بلتستان کے ہزاروں افراد منسلک ہیں اس شعبے کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس شعبے میں درپیش مسائل کے حل کے لیئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے اعلانات کے مطابق گلگت بلتستان میں مختلف منصوبے شروع کئے جارہے جس سے علاقے کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنایا جائے گا۔ -

ایمزٹی وی (تعلیم) سندھ مدرستہ الاسلام کی جانب سے 20 اپریل 2016 کو شائع ہونے والی ایک خبر کی تردید کردی گئی ۔ ذرائع کے مطابق دو روز قبل خبر میں کہاگیا تھاکہ‘‘ سندھ ہائی کورٹ نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ملازمین کودومئی تک مستقل کرنے کاحکم دیدیا ہے اور عدالت عالیہ نے واضح کیاہے کہ ملازمین کومستقل نہ کیے جانے پرتین مئی کووائس چانسلرپرفردجرم عائد کی جائے گی ۔’ ’یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کی وضاحت کے مطابق عدالت میں زیر سماعت مذکورہ مقدمے کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 3 مئی تک کے لیے ملتوی ہوئی تھی اور عدالتی حکم میں ایسے کوئی ریمارکس نہیں ہیں جن میں فرد جرم یا ملازمین کو مستقل کیے جانے کی بات کی گئی ہو -

ایمز ٹی وی (گلگت بلتستان )گورنر گلگت بلتستان کا چپورسن گوجال میں عوام کو اپنی مدد آپ کے تحت سڑکیں صاف کرنے کے بعد بھی دھمکی امیز الفاظ سے مخاطب ہونا عوام کی ذخموں میں نمک پاشی کے برابر ہے۔چپورسن میں قابل کاشت ذمینوں کےلئے واحد کوہل تباہ ہوگیا ہے عوام ایک ہفتہ تک گلگت سے منقطع رہنے کے بعد بھی گورنر نے صرف انتخابی دورہ کرکے واپس آیا ہے۔ایک طرف حکومت میرٹ کی بات کرتی ہے دوسری جانب بارشوں کے نقصانات کا جائزہ لیکر عوام کو معاوضہ دینے کے بجائے گورنر انتخابی دورہ کررہا ہے اور سرکاری وسائل کو ضائع کررہا ہے۔ہیلی کاپٹر سمیت دیگر اخراجات کے میں سرکاری خزانہ کو چونا لگا یاگیا مگر عوام کے لئے کچھ فائدہ نہیں ہوا۔چیف الیکشن کمیشن حلقہ چھ ہنزہ میں گورنر کے سرکاری پروٹوکول میں مسلم لیگ کے الیکشن کمپین کو روکے الیکشن کے اعلان سے پہلے گورنر حلقہ میں سرکاری اخراجات کے ذریعے حکمران جماعت کےلئے میدان بنا رہا ہے اگر یہی عمل جاری رہاتو حالات کے ذمہ داری الیکشن کمیشن اور حکومت پر عائد ہوگی۔۔ان خیالات کا اظہار عوامی ورکرز پارٹی ہنزہ کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری ایک بیان میں کیا گیا۔اجلاس کی صدارت عوامی ورکرز پارٹی مرکزی رہنما سلطان مدد نے کیا۔اجلاس میں ائی ڈبلیو پی کے رہنما اکرام اللہ بیگ جمال،شیر افضل،ظہور الہی،کامریڈ ناصر،سید تاجک،امجد ،واجد اللہ،ذلفقار علی و دیگر نے شرکت کئے۔عوامی ورکرز پارٹی نے یکم مئی کے بعد حکومت کے ناکامیوں کے خلاف سرگرمیاں شروع کرے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ شمشال،چپورسن ،مسگر،سنٹرل ہنزہ اور شناکی میں حکومت نام کے کوئی چیز نظر نہیں اتی ہے عوام کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (تجا رت) سپارکو اور چائناگریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کے درمیان پاکستان ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ(پی آر ایس ایس ون) سسٹم کے آغاز کیلیے معاہدہ بدھ کواسلام آباد میں طے پایا۔ معاہدے پر وفاقی وزیراحسن اقبال اور چینی کمپنی کے صدر ین لمپنگ نے دستخط کیے۔ اس موقع پرمنصوبہ بندی اور ترقیات کے وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہاکہ یہ ایک تاریخی معاہدہ ہے جودونوں ملکوں کے درمیان خلائی ترقی میں تعاون کے ذریعے سماجی و معاشی اور سائنسی میدان میں ترقی کے نئے راستے کھولے گا،علاوہ ازیں دیگرامورمیں بھی دوطرفہ تاریخی رشتے کومضبوط کریگا، انھوں نے کہا کہ پی آرایس ایس ون پہلا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ ہو گا

ایمز ٹی وی (سائنس) ڈیجیٹل ڈیٹا کو ہیکرز کے حملوں سے محفوظ بنانے کیلئے امریکی فوجی ہیڈکوارٹر پینٹاگون کو بھی بالآخر ہیکرز کی ضرورت پیش آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پینٹاگون کو آج کل ایسے ہیکرز درکار ہیں جو اپنے کا م میں یکتا ہوں اور پینٹا گون کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کیلئے سکیورٹی سسٹم میں موجود خامیوں کی نشاندہی کر سکیں۔ قبل ازیں گوگل‘ فیس بک‘ مائیکرو سوفٹ اور یاہو بگ باو¿نٹی پروگرام کے تحت پہلے ہی ہیکرز کو مدعو کر چکے ہیں تاکہ وہ کسی قسم کے بگ یا کسی مسئلے کی نشاندہی کر سکیں اور ویب سائٹ کو محفوظ بنایا جاسکے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے 12 افسران کو کرپشن کے الزام پر برطرف کردیا۔ بد عنوانی کے الزامات پر برطرف ہونے والوں میں ایک لیفٹننٹ جنرل، 5 بریگیڈیئر ،3 کرنل اور ایک میجر سمیت دیگر نچلے رینک کے افسران شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق برطرف افسران میں لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خٹک اور میجر جنرل اعجاز شاہد شامل ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے ذریعے برطرف کیے جانے والے دیگر افسران میں بریگیڈیئر رشید، بریگیڈیئر سیف اللہ، بریگیڈیئر عامر ، بریگیڈیئراسد شہزادہ کے نام بھی سامنے آئے ہیں جبکہ لیفٹننٹ کرنل حیدر اور میجر نجیب کے نام بھی برطرف افسران میں شامل ہیں۔ برطرف کیے جانے والے افسران نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) بلوچستان میں خدمات انجام دیں، ان افسران کو ایف سی سے حاصل ہونے والی مراعات بھی واپس کرنا ہوں گی۔ فوج کی جانب سے افسران کے نام کی تصدیق نہیں کی گئی جبکہ ان کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات بھی سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی آرمی چیف نےکوہاٹ میں سگنل ریجمنٹل سینٹر کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے بلاتفریق سب کا احتساب ضروری ہے.

ایمزٹی وی (تعلیم) جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کی تاریخ کا اعلان کردیا۔جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کے اعلامیے کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی ،ایم ایس اور ایم ڈی میں داخلوں کے لئے داخلہ فارم 28 اپریل2016 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ داخلے کے خواہشمند امیدوار داخلہ فارم جامعہ کراچی کی ویب سائٹ (www.uok.edu.pk )سے ڈان لوڈ کرکے 3000 روپے کے پے آرڈر بنام یونیورسٹی آف کراچی اوردستاویزات کے ساتھ مجوزہ شعبہ جات میں جمع کراسکتے ہیں۔جبکہ پی ایچ ڈی(لا) اور ایم ایس ایم ڈی کے لئے 6000 روپے کے پے آرڈر کے ساتھ اسکول آف لااور بی اے ایس آر کے آفس میں جمع کراسکتے ہیں۔داخلہ ٹیسٹ کے لئے اہل امیدواروں کی فہرست 10 مئی 2016 ء کو جامعہ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔