Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (بز نس)ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کے باوجود غیرملکی سرمایہ کاری کی صورتحال غیراطمینان بخش ہے، غیرملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال اب تک 70فیصد تک کمی ہو چکی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2015 سے مارچ 2016کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 56کروڑ 72لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 1ارب 87کروڑ 26لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 1ارب 30کروڑ 55لاکھ ڈالر یا 69.7 فیصد کم ہے، ان 9 ماہ میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 33.4فیصد کمی سے 91کروڑ 82لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 61 کروڑ 11لاکھ ڈالر رہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 15فیصد کے اضافے سے 95کروڑ 74لاکھ ڈالر رہی تاہم پورٹ فولیو انویسٹمنٹ سے غیرملکی سرمایہ کاری کے بڑے پیمانے پر انخلا کے سبب براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ بھی ناکافی رہا۔

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’فین‘‘ کی زبردست پذیرائی کے بعد فلم کا سیکیول بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان ’’دل والے‘‘ کی ناکامی کے بعد کافی مایوس دکھائی دے رہے تھے اور فلمی ناقدین کی جانب سے بالی ووڈ کنگ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جارہا تھا لیکن اب کنگ خان کی نئی فلم ’’فین‘‘ نے ہر طرف دھوم مچادی ہے اور فلم میں شاہ رخ خان کو کافی پذیرائی مل رہی ہے تاہم فلمی شائقین کی جانب سے اس زبردست پذیرائی کے بعد فلم کا سیکیول بنانے کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’’فین‘‘ کی کامیابی کے بعد شاہ رخ خان اور پروڈیوسر ادتیا چوپڑا نے فلمی شائقین کے مثبت رد عمل کو سامنے رکھتے ہوئے ’’فین‘‘ کا سیکیول بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ کنگ خان کی فلم ’’فین ‘‘ نے پہلے روز بھارت بھر میں 19 کروڑ 20 لاکھ اور دوسرے روز 15 کروڑ 40 لاکھ سے زائد کا بزنس کیا تھا جب کہ فلم نے اب تک دنیا بھر میں 100 کروڑ تک کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

ایمز ٹی وی(گلگت بلتستان) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے گلگت بلتستان میں گندم اور بجلی کا جو بحران پیدا ہوا ہے، اس سے حکومت نے سبق حاصل کیا ہے، آئندہ اس طرح کے بحران کا مقابلہ کرنے کےلئے حکومت اہم اقدامات کرے گی، انہوں نے کہا کہ اب سکردو میں بھی پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ گندم کے بلک ڈپو بھی قائم کئے جائینگے، گلگت میں پی ایس او کو اپنے بلک ڈپو کو توسیع دینے کے احکامات دئیے گئے ہیں، اس نے اس منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ آرگنائزیشن گلگت بلتستان میں تین پراجیکٹ پر کام شروع کریگی، اس میں سے ایک منصوبے کے تحت دس ہزار بوری گندم ذخیرہ کرنے کا ایک ڈپو بھی تعمیر کیا جائے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ بہت جلد اسلام آباد جائینگے جہاں وہ پاسکو کے حکام سے ملیں گے اور اس بات کو یقینی بنائینگے کہ گلگت بلتستان میں تین ماہ کےلئے گندم کا سٹاک موجود ہو۔ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ کی کوششیں لائق تحسین ہیں، گلگت بلتستان دنیا سے کٹا ہوا علاقہ تصور کیا جاتا ہے، جس کا دنیا سے رابطہ صرف اور صرف شاہراہ قراقرم کے ذریعے ہے، حال ہی میں بارشوں نے اس عظیم شاہراہ کا جو حشر کیا وہ سب کے سامنے ہے، سڑک ڈیڑھ سو سے زائد مقامات پر تباہ ہوئی، اس کی بحالی ایک مشکل کام تھا، دو ہفتے تک سڑک بند رہنے سے جہاں گلگت بلتستان کے سینکڑوں ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار رہے، شاہراہ قراقرم کے مختلف حصوں میں پھنسے رہے، وہاں گلگت بلتستان کو سپلائی بھی بند ہوگئی، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آٹے اور تیل کے علاوہ پٹرول و ڈیزل بھی ختم ہوگیا، بنیادی ضروریات کی نایابی نے علاقے میں قحط کی صورت حال پیدا کردی، صرف شاہراہ قراقرم ہی بند نہیں ہوئی، بلکہ مختلف اضلاع کی رابطہ سڑکیں بھی نابود ہوگئیں،

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی مارکیٹ ختم ہورہی ہے ،ہمیں اپنی فلموں کو معیاری اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمیں متحد ہوکر اپنی فلموں کی حکمرانی قائم کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ اب مسلسل بھارتی فلموں کے فلاپ ہونے سے پاکستان میں بھارتی فلموں کی مارکیٹ ختم ہورہی ہے ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھاکر اپنی فلموں کا معیار بہتر کرنا ہوگا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی میں ہم نے کچھ بے مقصد فلمیں بناکر بہت نقصان اٹھایا ہے اب ہمیں عالمی معیار کی فلمیں بنانا ہوں گی۔

ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور سونم کپور رواں برس بھی فرانس میں منعقد ہونے والے 69 ویں کانز انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایک بار پھر جلوے بکھیرنے کو تیار ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے 69 ویں بین الاقوامی سالانہ فلمی میلے کانز فلم فیسٹیول میں بالی ووڈ کی دو اداکارائیں ایشوریا رائے اورسونم کپور ایک بار پھرریڈ کارپٹ پرجلوے بکھیریں گی، فیسٹول 11 مئی سے 22 مئی تک جاری رہے گا جس میں اداکارہ اور سپر ماڈل ایشوریہ رائے بچن اور سونم کپور بین الاقوامی کمپنی کی مصنوعات کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر جلوہ افروز ہوں گی۔ واضح رہے کہ ایشوریہ رائے اور سونم کپور اس سے قبل بھی اس بین الاقوامی فلمی میلے میں جلوے بکھیر چکی ہیں جب کہ سونم کپور لگاتار 5 سال سے ریڈ کارپٹ پر جلوہ افروز ہوتی ہیں۔

ایمز ٹی وی (کھیل) کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم اس سال آسٹریلوی دورے میں جو تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی ان میں سے ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ ہوگا۔ یہ میچ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کسی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں حصہ لے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے آسٹریلوی دوروں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلوی دورے میں تین ٹیسٹ میچ برسبین، میلبرن اور سڈنی میں کھیلے گی ۔ واضح رہے کہ برسبین میں ٹیسٹ میچوں کے انعقاد کو اس سال 85 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ میں بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا جانا ہے لیکن جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹرز کو رات میں گلابی گیند کے ساتھ کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے اور وہ اس کے لیے تیار نہیں۔ تاہم کرکٹ آسٹریلیا کو توقع ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم ایڈیلیڈ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرلینڈ اس ہفتے دبئی میں جنوبی افریقی کرکٹ حکام سے ملاقات کر کے انہیں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ جیمز سدر لینڈ نے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی حمایت کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کی ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخ کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی۔ یہ تجربہ خاصا کامیاب رہا تھا جس کے بعد اب کرکٹ آسٹریلیا نے اس سیزن میں دو ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ رکھے ہیں۔

ایمز ٹی وی(کھیل) راشد لطیف نے شہریار خان اور نجم سیٹھی میں سے کسی ایک کو جانے کا مشورہ دیدیا، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ دونوں کی عزت کرتا ہوں لیکن اسی میں ملکی کرکٹ کی بہتری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں راشد لطیف نے کہاکہ میں پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی دونوں کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن کرکٹ کی بہتری کے لیے ان میں سے کسی ایک کو جانا ہوگا، سابق کپتان نے کہاکہ ہم گذشتہ کئی سال سے مسائل کی نشاندہی کررہے تھے کہ زوال کا سفر شروع ہوچکا،اب اس میں تیزی آگئی ہے، نتائج اس کے گواہ ہیں، اسٹاف میں ہائی پروفائل لوگ لانے سے کھیل کے معاملات ٹھیک نہیں ہونگے، 200ٹیسٹ کھیلنے والوں کی خدمات حاصل کرنے کا بھی پاکستان کرکٹ کوئی فائدہ نہیں پہنچنا، گراس روٹ سطح پر کام کرنا ہوگا، پی سی بی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹس میں لیول فور کوچز لائیں گے،اتنے کوالیفائیڈ افراد ہیں ہی نہیں تو کہاں سے آئیں گے؟ اس سطح کی قابلیت حاصل کرنے کے لیے ڈھائی سال کا کورس ہوتا ہے، ہم نے کتنے کوچ تیار کیے ہیں؟ راشد لطیف نے کہا کہ پی سی بی نے اپنے پلان میں اسکول کرکٹ شروع کرنے کی بات بھی کی ہے،ایسی کوئی چیز بورڈ کے آئین میں موجود نہیں، کہاں سے اتنے بڑے پیمانے پر انتظامات اور چھوٹے بڑے معاملات پر نظر رکھیں گے، ہمارے بیشتر کرکٹرز لوئر اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کی مالی مشکلات کو دور کرنے کے لیے وسائل فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کریں تو زیادہ ٹیلنٹ سامنے آنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے پاکستان کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے متحدہ عرب امارات کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عاقب جاوید نے یو اے ای کی کوچنگ سے استعفیٰ دے دیا ہے اور انھیں پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کا ڈائریکٹر بنا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید نے قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لئے ایک بار پھر درخواست دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک دو روز میں عاقب جاوید کی چیرمین شہریار خان اور مدثر نذر سے ملاقات بھی متوقع ہے جس میں سابق کرکٹر کو قومی ٹیم کی کوچنگ کے لئے راضی کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عاقب جاوید نے 2012 میں یو اے ای کی کوچنگ شروع کی تھی جب کہ انھوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے لئے وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل کمیٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیٹی پہلے ہی غیر ملکی کرکٹرز کو لانے کی کوشش میں ہے اس لئے کوچنگ کے لئے درخواست نہیں دوں گا۔

ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خفیہ ایجنسی کے دفتر کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی فوسز کے اہلکاروں سمیت 28 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کابل میں وزارت دفاع کی عمارت کے قریب کار میں سوار خودکش بمبار نے افغان خفیہ ادارے کے دفتر کے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد خودکش بمبار کے ساتھیوں نے فائرنگ کرنا شروع کردی جس کے نتیجے میں 28 افراد موقع پر ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کابل پولیس چیف عبدالرحمان رحیمی کے مطابق انتہائی حساس علاقے میں تخریبی کارروائی کرنے والے تمام حملہ آوروں کو مارا جاچکا ہے جب کہ حملے میں 28 افراد ہلاک اور 327 زخمی ہوئے جب کہ حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔ دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی اور کہا کہ حملہ افغانستان کے دل میں کیا گیا جو کسی صورت قابل برداشت نہیں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر باراک اوباما ایسی کسی قانون سازی پر دستخط نہیں کریں گے جس سے سعودی عرب جیسے ملکوں پر قانونی چارہ جوئی کی اجازت ملتی ہو کہ اس کے اہل کاروں نے 11 ستمبر 2001 کے امریکی سرزمین پر دہشت گرد حملوں میں کسی طرح کا کوئی کردار ادا کیا۔ وائس آف امریکا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جوش ارنسٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا کو اعتماد ہے کہ سعودی عرب امریکا میں اپنے اثاثے فروخت نہیں کرے گا۔ ہمیں اس بات پر بھی اعتماد ہے کہ سعودی عرب عالمی معیشت کو خطرے میں نہیں ڈالے گا کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، انھوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کی ذمے داری ہے کہ عالمی معیشت کو کوئی خطرہ نہ ہو، ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار اعلیٰ کے استثنیٰ کے پورے نظریے کو خطرہ لاحق ہے، اس سے کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ خود امریکا کیلیے اہم نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ قانون سازی کے بارے میں تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے اس خیال کو ذہن میں لانا مشکل ہوگا کہ جس طرح سے اس کا مسودہ بنایا جا رہا ہے، صدر اوباما اس پر دستخط کریں گے، انھوں نے کہا کہ اقتدار اعلیٰ کے استثنیٰ کا سوال ایسا ہے۔ جس سے امریکا کی استعداد کو تحفظ فراہم ہوتا ہے کہ وہ دنیا کے تمام ملکوں سے مل کر کام کریگا، اس اصول سے ہٹنے سے امریکا، ہمارے ٹیکس دہندگان، ہمارے فوجی اور سفارت کاروں کو خطرہ لاحق ہوگا، ترجمان نے سعودی عرب کو دہشت گردی کے انسداد کے حوالے سے امریکا کا اہم پارٹنر قرار دیا، انھوں نے تسلیم کیا کہ دونوں ملک ہر چیز سے اتفاق نہیں کرتے تاہم نااتفاقی کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے، انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت تسلیم کرتی ہے کہ عالمی مالیاتی نظام کی ہموار کارکردگی ہمارے دونوں ملکوں اور ہماری معیشتوں کیلیے سود مند ہے اور اس ضمن میں عدم استحکام دونوں کے مفاد میں نہیں ہے۔