Monday, 18 November 2024


ایمزٹی وی (تعلیم) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مقیم یونیورسٹی کے عراقی طالب علم کو عربی بولنے پر طیارے سے باہر نکال دیا گیا ۔ اس حوالے سےخیرالدین کا کہنا ہے کہ اُس وقت وہ موبائل فون پر اپنے انکل سے بات کر رہا تھا اور انہیں بتا رہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کی تقریر سننے گیا تھا ، گفتگو کے دوران جب اس نے انشاءاللہ کہا تو طیارے میں موجود ایک خاتون نے اسے گھورنا شروع کر دیا ۔ تاہم تھوڑی دیر بعد عملے میں شامل عربی بولنے والا اہلکار طالبعلم کو طیارے سے باہر لے آیا ۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کرکٹ میں ’بزرگی‘ کے نئے ریکارڈز قائم کرنے کو تیار ہیں، آئندہ ماہ 42 ویں سالگرہ منانے والے بیٹسمین انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں اترے تو میراں بخش کے بعد پہلے طویل العمر پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے۔ مصباح صرف انگلش ٹیم سے ہی نہیں بلکہ ویسٹ انڈیز، کیویز اور کینگروز سب سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اگلے ماہ کی 28 تاریخ کو 42 برس کے ہوجائیں گے، وہ 14 جولائی سے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے خود کو تیار کررہے ہیں، اگر مصباح لارڈز میں شیڈول پہلا ٹیسٹ کھیلے تو پھر وہ انگلینڈ کے جان ایمبوری کے بعد 42 برس کی عمر میں ٹیسٹ کھیلنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے، ایمبوری نے آخری ٹیسٹ 1995 میں کھیلا تھا۔ اسی طرح مصباح 42 برس کی عمر میں ملک کی ٹیسٹ کرکٹ میں نمائندگی کرنے والے تیسرے پاکستانی ہوں گے، آخری بار میراں بخش نے 47 سال کی عمر میں 1955 میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ مصباح اب تک 61 ٹیسٹ کھیل چکے مگر اس وقت فٹنس اور فارم کے مسائل میں الجھے ہوئے ہیں۔ پنڈلی کی تکلیف بھی ان کے آڑے آرہی ہے۔ اس کے باوجود یہ بھی ایک حقیقت کہ 40 برس کی عمر کو پہنچنے کے بعد سے ان کی ٹیسٹ ایوریج 50 کو چھورہی ہے، 2010 میں قیادت سنبھالنے کے بعد پاکستان ٹیم کو 42 ٹیسٹ میچز میں سے صرف 11 میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ دریں اثنا مصباح الحق نے کہا ہے کہ اگر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلنے کے قابل ہوا تو ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بھی کھیلنا چاہوں گا، انھوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا تعلق فارم اور فٹنس سے نہیں نہ ہی ہونا چاہیے، کھیل کو الوداع اس وقت کہنا چاہیے جب آپ عروج پر ہوں، اسی سے آپ کو احترام بھی ملتا ہے، مجھے امید ہے کہ جب میں رخصت ہوں گا تو ٹیم محفوظ ہاتھوں میں موجود اور اپنے قدم مضبوطی سے جما چکی ہوگی۔

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ) بالی وڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم’فین‘ جس کا انتظار ہر جگہ بے چینی سے ہو رہا تھا، آج دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کر دی گئی۔ نئی فلم کے بارے میں شاہ رخ کے فینز اس لئے بھی پرجوش تھے کہ انہیں ’فین‘ میں ایک نہیں بلکہ دو، دو شاہ رخ دیکھنے کو ملیں گے۔

منیش شرما کی ڈائریکٹ کردہ ’فین‘ شاہ رخ خان کی روایتی رومینٹک فلموں سے ہٹ کر ہے۔’فین‘ میں شاہ رخ خان نے بیک وقت سپراسٹار اور اس کے غیر معمولی پرستار کے رول نبھائے ہیں۔

سپراسٹار آیان کھنہ اور ان کے بیس پچیس سالہ ’فین‘ گورو کے روپ میں شاہ رخ نے اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔

شاہ رخ کے دو مختلف عمروں کے کرداروں میں میک اپ کے ذریعے حقیقت کا رنگ دیا ہے ہالی وڈ کے مشہور میک اپ آرٹسٹ گریگ کینم نے، جبکہ فلم کے لئے جدید ترین وی ایف ایکس کے ذریعے ایسے اسپیشل ایفکٹس تخلیق کئے گئے ہیں جو اس سے قبل کبھی نہیں کئے گئے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ بھارتی فلم سنسر بورڈ کے ارکان بھی شاہ رخ کو25سالہ نوجوان گورو کے روپ میں پہچان نہیں سکے۔

فلم’فین‘ کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر’ڈی این اے‘ اور دیگر میڈیا سے گفتگو میں شاہ رخ کا کہنا تھا کہ”خود کو نوجوان کے کردار میں پردے پر دیکھنا ایک مختلف تجربہ تھا جس نے عجیب احساسات سے دوچار کیا۔“

فلم نے ریلیز سے پہلے ہی اتنی مقبولیت حاصل کی کہ لندن کے مادام تساوٴ میوزیم میں گورو کے مومی مجسمے کی نمائش کی گئی۔

سالوں بعد، ’فین‘ وہ پہلی فلم ہے جس میں شاہ رخ خان نے گورو کی شکل میں منفی کردار ادا کیا ہے۔ فلم کی بھارت میں ریلیز کے بعد این ڈی ٹی وی، ہندوستان ٹائمز اور دیگر بھارتی میڈیا تبصروں میں شاہ رخ خان کی اداکاری کو ان کے کیرئیر کا بہترین کام قرار دیا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (ا نٹر ٹینمنٹ )دہلی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اچانک بےہوش ہونے والے اداکار رندیپ ہوڈا کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جہاں پیر کو ان کا آپریشن کیا جانا ہے۔

رندیپ ان دنوں فلم ’سلطان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی دوران اتوار کی شام وہ پیٹ میں درد کے سبب بے ہوش ہو گئے تھے۔

فلم کی ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رندیپ اپینڈکس کے درد میں مبتلا تھے اور یہی ان کی بےہوشی کی وجہ بنا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’رنديپ اس مرض میں کافی دنوں سے مبتلا تھے اور کچھ دنوں سے اس مرض کی وجہ سے کچھ زیادہ ہی پریشان تھے لیکن شوٹنگ کے شیڈول کی وجہ سے وہ اسے نظر انداز کر رہے تھے۔‘

ایمز ٹی وی (بز نس)دنیا میں پرسنل کمپیوٹرز کی فروخت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ تحقیقی فرم گارٹنر کے سروے کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی جنوری تا مارچ کے دوران فروخت 9.6 فیصد کمی سے صرف 6کروڑ47لاکھ یونٹس رہ گئی۔

واضح رہے کہ یہ پی سیز کی فروخت میں کمی کی مسلسل چھٹی سہ ماہی ہے، قبل ازیں انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن (آئی ڈی سی) نے فروخت 11.5فیصد کمی سے 6 کروڑ 6 لاکھ کمپیوٹرز رہنے کی خبر دی تھی۔ تجزیہ کاروں نے متبادل ڈیوائسز، اسٹاک، کمیوڈیٹی اور کرنسی مارکیٹس میں اتارچڑھاؤ کے باعث پہلے ہی جنوری تاجون کی مدت میں پی سی فروخت کم رہنے کا امکان ظاہر کردیاتھا۔

آئی ڈی سی ورلڈوائڈ پی سی ٹریکرریسرچ منیجر جے چاؤ نے کہاکہ مختصرمدتی تناظر میں پی سی مارکیٹ کو محدود صارف دلچسپی اور دیگر ڈیوائسز سے مسابقت کا سامنا رہے گا تاہم 2015 کے مقابلے میں مجموعی آئی ٹی اخراجات میں اضافہ ہوگا۔ گارٹنرکے تجزیہ کاروں کے مطابق نئے گھرانے پی سی کے بجائے اسمارٹ فون کو ترجیح دے رہے ہیں تاہم سال کی دوسری ششماہی میں پی سی کی فروخت بڑھ سکتی ہے۔

ایمز ٹی وی(بز نس)پاکستان ریلویز نے گزشتہ ایک سال میں اربوں روپے مالیت کی 3ہزار 500ایکڑ سے زائد قیمتی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروالی ہے جبکہ 4ہزار 301.655ایکڑ اراضی ملک بھر تجاوزات ختم کرنے کے لیے جامع پالیسی مرتب کی ہے۔

سپریم کورٹ کی ہدایت پر پاکستان ریلویز حکام کا ملک بھر میں ریلویز کی قیمتی زمین پر قبضہ مافیا کے خلاف کمپین کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ایک ہزار سے زائد افراد کو ناجائز تجاوزات پر گرفتار کیا گیاہے۔ پاکستان ریلویز کی دستاویز کے مطابق پاکستان ریلویز تجاوزات سے واگزار ہونے والی اراضی پر شارٹ ٹرم لیزنگ کے پلان پر عمل کر رہی ہے جس کے مطابق ریلویز نے رواں مالی سال 2015-16میں ریلوے اراضی کی لیزنگ سے ایک ارب پچاس کروڑ روپے کا پلان تیار کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹر میں موجود پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ جون 2016تک پاکستان ریلویز کی تمام اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹراز کرلیا جائے گا جس کے بعد ریلویز زمینوں پر تجاوزات کو ختم کرنے میں آسانی ہوگی۔

پاکستان ریلویز دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلویز کی ملک بھر میں اس وقت تک چار ہزار تین سو ایک اعشاریہ چھ سو پچپن ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیہ کا قبضہ ہے۔ ریلویز دستاویزات کے مطابق سرکاری اداروں کی جانب سے ملک بھر میں 540.668ایکڑ اراضی پر جبکہ دفاعی اداروں کاپاکستان ریلویز کی کل 251.238ایکڑ اراضی جبکہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 3509.749ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔ ریلویز دستاویز کے مطابق پنجاب میں پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے 1837.371ایکڑ، خیبر پختون خوا میں13.077 ایکڑ،سندھ میں 1097.235 ایکڑ اراضی اور بلوچستان میں 562.066ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔

دفاعی اداروں کی جانب سے پنجاب میں 172.925 ایکڑ، خیبرپختونخوا میں 14.730ایکڑ،سندھ میں 15.360ایکڑ اراضی اور بلوچستان میں 48.223 ایکڑ اراضی پر قبضہ ہے۔ دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے پنجاب میں 271.403ایکڑ،خیبرپختونخوا میں 224.556 ایکڑ، سندھ میں 34.325ایکڑ اور بلوچستان میں 620.48ایکڑ ریلوے اراضی پر قبضہ ہے۔ پاکستان ریلویز نے ریلوے کی زمینوں کی 99سال کی لیز کے بجائے مڈٹرم لیز آفر کرنے کا سلسلہ شروع کیاہوا ہے۔