Friday, 15 November 2024

ایمزٹی وی(کراچی)وزارت داخلہ نے سانحہ صفورا کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کی منظوری دے دی جب کہ اس حوالے سے خط بھی لکھ دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سانحہ صفورا کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے خط جنرل ہیڈکوارٹر کو لکھ دیا۔ سندھ حکومت کی سفارش پر جی ایچ کیو کو لکھے گئے خط میں سانحہ صفورا کے ملزمان کا ٹرائل فوجی عدالت میں کرنے کو کہا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 13 مئی کو کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں مسلح افراد نے بوہری برادری کی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے تھے

ایمزٹی وی(راولپنڈی) صبا ٹرسٹ و صبا ہوم کے زیر اہتمام امداد برائے زلزلہ زدگان کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بچی کی تعلیم پورے معاشرے کی تعلیم کے مترادف ہے اور بے سہارا بچیوں کی تعلیم افضل عبادت ہے۔اس موقع پر ان کا مزید کہناتھا کہ ہر مذہب انسانی خدمت کی تلقین کرتاہے اور ہر شخص کے اندر انسانی خدمت کا جذبہ موجزن ہوناچاہیئے۔ یہی انسانیت کی معراج ہے۔انہوں نے صبا ٹرسٹ وصباہوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا بچیوں کو بہترین تعلیم وتربیت اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کرکے دوسروں کے لئے ایک مثال قائم کر رکھی ہے۔بچیاں قوم کی مستقبل ہیں ہمیں قوم کی بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا چاہیئے تاکہ ہمارا ملک ترقی کی منازل طے کر سکے۔ اس موقع پر صبا ہومز ایجوکیشن کے مینجر کرنل (ر) جانثار، ایل ڈی ایس چرچ اسلام آباد کے جنرل منیجر محمد ضیاءاور ڈاکٹر غضنفر مہدی سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن قائم ہوچکا ہے اور آج کا بلوچستان 10 سال پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ اسلام آباد میں مستونگ کیڈٹ کالج کے طلبا سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا انتہائی اہم صوبہ ہے، جہاں تمام جماعتیں مل کرحکومتی امورچلا رہی ہیں۔اس حوالے سے وزیراعظم نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا چاہتے ہیں جس سے ترقی کےعمل سےحالات مزید بہترہوں گے، اس لئے بلوچستان کی ترقی کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جارہےہیں۔ گوادر سے خیبرپختونخواتک شاہراہیں تعمیر ہورہی ہیں، شاہراہوں کی تعمیرسےفاصلےکم ہوں گےاورلوگ قریب آئیں گے۔ پاکستان کے طلبا کا مستقبل انتہائی روشن ہے، بلوچستان میں میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیز سمیت دیگر اچھے تعلیمی ادارے بھی بننے چاہئیں۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آبادمیں اساتذہ کے دھرنےکے باعث فاٹا کے تمام اسکولوں اورکالجوں میں آج چوتھے روز بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فاٹا ٹیچرز ایسوسی ایشن کی اپیل پر کرم ایجنسی ،شمالی و جنوبی وزیرستان ،خیبر ایجنسی اور باجوڑ ایجنسی کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں چوتھے روز بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں۔ اسلام آباد کے ڈی چوک پر سیکڑوں اساتذہ دھرنا دیے بیٹھے ہیں ،اساتذہ کا کہنا ہے کہ اپ گریڈیشن اور ٹیچرز کی کمی کا مسئلہ حل ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائےگا۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی ایک ماڈل پکسی فاکس نے اپنی کمر پتلی کرنے کیلئے ہزاروں ڈالرز خرچ کر دیئے ہیں، انہوں نے پتلی کمر حاصل کرنے کی خاطر اپنی 6 پسلیاں نکلوا دی ہیں اور اب ان کی کمر محض 16 انچ کی رہ گئی ہے۔ پانچ گھنٹے کے اس آپریشن کے بعد فاکس کو چھ ہفتے کا صحت یابی کا وقت دیا گیا تھا لیکن فاکس دو ہفتے بعد ہی اپنی انتہائی نازک کمر کے ساتھ اپنی معمول کی مصروفیات انجام دینے لگی ہیں۔

سویڈش ماڈل پکسی فاکس نے بتایا کہ انہیں بھی بچپن سے کارٹونز اور فلمیں دیکھنے کا شوق تھا اور بعد میں یہ ان کا جنون بن گیا۔ میں بچپن سے خود کو باربی ڈول کی طرح دیکھنا چاہتی تھی۔ پتلی کمر کے حصول کے بعد لوگ انھیں حیرانی سے دیکھتے ہیں تعریفی کلمات ادا کرتے ہیں۔ اپنے چہرے کو باربی ڈول کی طرح تبدیل کرنے کے لیے پکسی فاکس اب تک ناک، آنکھ اور بھنوؤں اور پپوٹوں کی سرجری کرا چکی ہیں۔

اس کے علاوہ دیرپا میک اپ، ہونٹ اور رخسار کے لیے فلرز اور بوٹیکس اور دیگر کاسمیٹکس کی ادائیگی پر پکسی فاکس ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر خرچ کر چکی ہیں۔

ایمزٹی وی(ایجوکیشن) جامعہ کراچی نے بی اے( پرائیوٹ )کے سالانہ امتحانات برائے 2015 کے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کردیا۔اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی نے کہا ہے کہ بی اے پرائیوٹ کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 3200روپے کے پے آرڈر بنام جامعہ کراچی برائے سال اول و دوم اور 5600روپے کے پے آرڈر برائے سال اول ودوئم باہم کے ساتھ11 دسمبر 2015 تک بینک کاﺅ نٹر واقع سلور جوبلی گیٹ جامعہ کراچی پر جمع کراسکتے ہیں۔ایسے طلبہ جو 2009سے قبل کی رجسٹریشن کے حامل ہیں انہیں امتحانی فیس کے علاوہ3000روپے اضافی چارجز بھی جمع کرانے ہوں گے۔

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)فیس بک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکربرگ نے پیرس اور سان برنارڈینو میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے جواب میں پُرتشدد حملوں سے خوف زدہ مسلمانوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ان حملوں کے تناظر میں مارک نے اپنے ذاتی فیس بک اکاؤنٹ پیج پر کہا کہ وہ مسلمانوں کو اس بات کی یقین دہانی کروانا چاہتے ہیں کہ وہ انھیں خوش آمدید کہیں گے.مارک زکربرگ نے مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’ہم آپ کے حقوق کے تحفظ کے لیے لڑیں گے اور آپ کے لیے پُرامن اور محفوظ ماحول ترتیب دیں گے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جرمن وفاقی وزارت برائے تعلیم اور تحقیق کی جانب سے سائنس کے مختلف شعبوں میں پائیدار تحقیق کے سلسلے میں ہر سال گرین ٹیلنٹس ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ رواں برس ایوارڈ پانے والے نوجوان سائنس دانوں میں پاکستانی سائنس دان نعیم رشید کا نام بھی شامل ہے، جنھیں پائیدار ترقی پر اپنے منفرد خیالات اور تحقیق کے لیے جامع نقطہ نظر پیش کرنے پر 'گرین ٹیلنٹس ایواڈ 2015 ' حاصل کیا ہے۔

برلن میں ہونے والی ساتویں گرین ٹیلنٹس ایوارڈ کی ایک شاندار تقریب میں فیڈرل منسٹری آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر ولفرائیڈ کروس نے پائیدار ماحولیاتی توانائی پر بہترین تحقیقی منصوبہ پیش کرنے والے 27 نوجوان سائنس دانوں کو ایوارڈ سے نوازا۔

ڈاکٹر نعیم رشید نے کوریا ایڈوانسڈ انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے سول اور ماحولیاتی انجنیئرنگ میں پی ایچ ڈی کیا ہے وہ پاکستان میں کامسٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تدریس کے شعبے سے منسلک ہیں اور اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر انھوں نے سستے ذرائع سے توانائی کی پیداوار پر اپنی تحقیق کو مرکوز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

32 سالہ ڈاکٹر رشید نے توانائی کے بحران اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کے موثر استعمال کا منصوبہ اپنی تحقیق میں پیش کیا ہے۔ ان کی تحقیق کا مقصد ایک نئی ٹیکنالوجی، مثال کے طور پر مائیکرو بیل ایندھن سیل بنانا بھی ہے جو مائیکرو ایلجی کو بائیو ایندھن کی پیداوار میں استعمال کر سکے۔

ڈاکٹر رشید کے مطابق توانائی، پائیدار ترقی اور ایک ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک لازمی جزو ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ان کے اپنے ملک میں توانائی کا بحران ہے جبکہ دوسری طرف خراب معیار کے پانی کے استعمال سے سالانہ ہزاروں افراد کی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں ان کا خیال ہے کہ فضلہ پانی کو قابل استعمال بنانے کی سہولیات میں کمی نے اس مسئلے کو انسانی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بنا دیا ہے۔

جیوری کی جانب سے نئی ٹیکنالوجی کے لیے ڈاکٹر نعیم کے عزم کو سراہا گیا ہے مزید برآں اعلیٰ سطحی جیوری پائیدار توانائی کے نظام کے لیے ان کی سائنسی تلاش کے منصوبے سے بے حد متاثر ہوئی ہے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرنے والے افغان صدر اشرف غنی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطاق آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں افغانستان میں امن اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیاہے ۔ اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر کو انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، آپریشنل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرے گا۔ افغانستان سے باہمی احترام اور مفاد پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں جبکہ افغان صدر نے کہاکہ دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈٹیکنالوجی) نیدر لینڈز کے سائنس دانوں نے ریڈیو لہروں کی مدد سے چلنے والا انتہائی چھوٹا سینسر بنایا ہے جو معلومات کی ترسیل کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

آئندہوون یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے محققوں کا کہنا ہے کہ اس سینسر کی مدد سے ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے والی گھریلو مشینیں بنانے میں جدت لائی جا سکے گی۔ مختلف شہروں، سمارٹ گھروں اور دفاتر میں بڑی تعداد میں چھوٹی چپس لگا دی گئی ہیں جو درجہ حرارت، روشنی اور فضا میں موجود آلودگی کا اندازہ لگا سکتی ہیں۔اس عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ ان سینسروں کو بیٹری فری بنانا ہے۔

تحقیق کار پروفیسر پیٹر بیلٹس کا کہنا ہے کہ ’اگر ہمیں بار بار ان کی بیٹری تبدیل کرنا پڑے تو پھر گھروں میں ایسے سینکڑوں سینسروں کی ضرورت نہیں ہے۔‘ انہوں نے بتایا کہ جو سینسر ان کی ٹیم نے بنائے ہیں ان کی مدد سے درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ روشنی، حرکت اور نمی کا اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔ یہ سینسر دو مربع ملی میٹر کا ہے اور اس کا وزن 1.6 ملی گرام ہے۔ سینسر کے ساتھ ایک اینٹینا لگا ہوا ہے جو وائرلیس راؤٹر سے توانائی لیتا ہے۔ یہ توانائی کو جمع کرنے کے بعد درجہ حرارت کا اندازہ لگا کر سگنل واپس راؤٹر کو بھیج دیتا ہے۔

اس وقت اس چھوٹی سی چپ کی رینج صرف 2.5 سنٹی میٹر تک ہے تاہم محققوں کو یقین ہے کہ اسے ایک میٹر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ یہ سینسر عمارتوں میں لگانے کے لیے بنایا گیا ہے اور یہ پینٹ، پلاسٹک اور کسی بھی ٹھوس تہہ کے نیچے سے بھی کام کر سکتا ہے۔ پروفیسر بیلٹس کے مطابق اس ایک سینسر کی قیمت تقریباً 20 امریکی سینٹ ہو گی۔