ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف چین روانہ ہو گئے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال اور طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔ وزیرا عظم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور ان سے علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے جبکہ چینی اعلیٰ قیادت سے ملاقات میں اقتصادی راہداری منصوبے پر پیش رفت بھی زیر غور آئے گی۔ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی مستقل رکنیت ملنے کا امکان ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کو گزشتہ ماہ ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے خلاف متنازعہ بیان دینے کی پاداش میں تاحال تنقید کا نشانہ بنایا جا رہاہے تاہم اداکار آشوتوش کا کہنا ہے کہ عامر خان کے مذکورہ بیان پر انھیں تنقید کا نشانہ بنا نا کسی صورت درست نہیں ہے۔
آشوتوش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے پیش نظر کوئی بھی ایسا کہہ سکتا ہے لہٰذا اس پر اتنی کڑی تنقید ٹھیک نہیں۔انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ایسا متنازعہ بیان کن حالات کے تحت دیا گیا۔ علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے خلاف احتجاجاً ایوارڈ واپس کرنے والوں کا فیصلہ بالکل درست ہے۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)افریقی ریاست گیمبیا کے صدر یحییٰ جامح نے مسلم اکثریت ہونے کے ناطے اپنے ملک کو اسلامی جمہوریہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے ریاست کے نوآبادیاتی ماضی سے چھٹکارا مل جائے گاذرائع کے مطابق ریاستی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے صدر یحیٰ جامع کا کہنا تھا کہ اس اعلان سے گیمبیا کی ’’مذہبی شناخت اور اقدار‘‘ کا اظہار ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس اعلان کے باعث شہریوں پر کسی مخصوص لباس کی پابندی عائد نہیں کی جائے گی اور دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔واضح رہے کہ گیمبیا میں 90 فیصد آبادی مسلمان ہے، ماضی میں برطانیہ کے نوآبادیاتی نظام کا حصہ رہنے والی اس ریاست کی معیشت کا زیادہ تر دارو مدار سیاحت پر ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی ) کراچی میں شفیق موڑ کے قریب ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق شفیق موڑ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا ،جسے طبی امداد کے لیے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ سولجر بازار پولیس نے شبہ میں ڈمپر کے ڈرائیور سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے پی سی بی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، ہر روز نئی تاریخ دینے والے بورڈ کے پاس ڈیڈ لائنز کا اسٹاک بھی ختم ہوگیا، طویل انتظار کے بعد حکام نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم او یو کے تحت رواں ماہ میں پاکستان کو بھارت کی میزبانی کرنا تھی جس کیلیے یو اے ای کا انتخاب بھی کیا جاچکا تھا، پورا سال طویل ٹال مٹول کے بعد دبئی میں دونوں ملکوں کے بورڈ سربراہان کی ملاقات میں بی سی سی آئی کی جانب سے سری لنکا میں سیریز کھیلنے کی تجویز سامنے آئی، تاہم حتمی فیصلہ حکومتوں کی اجازت سے مشروط تھا، پاکستان کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے باجود بھارت کی طرف کوئی جواب موصول نہ ہوا، پی سی بی نے 15دسمبر سے مجوزہ سیریز کو 24تک موخر کرنے کے دوران بھی کئی ڈیڈلائن دیں۔
ایک انٹرویومیں چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ انھیں بی سی سی آئی سے ہفتہ کی شام تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، لہٰذا وہ سیریز کا باب بند کرنے جا رہے ہیں، اس حوالے سے پیر کو اعلان کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے بھارت سے کھیلنے کی ہر ممکن کوشش کی، حتٰی کہ بی سی سی آئی کی خواہش پر وینیو بھی تبدیل کرتے ہوئے یواے ای کے بجائے سری لنکا میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی، میچز کی تعداد کم کرنے کیلیے بھی تیار ہوگئے، تاہم ہماری کوششیں رائیگاں گئیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی)جناح ایئرپورٹ پر سیکیورٹی حکام نے نائیجیریا سے آنے والے غیر ملکی مسافر کو حراست میں لے کر کوکین بر آمد کرلی ۔ کراچی کے جناح ایئر پورٹ پر نائیجیریا سے آنے والے ایک غیر ملکی مسافر کو ائیرپورٹ سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے کر اس کے پیٹ سے کوکین بھرے کیپسول اگلوا لیے ،کسٹم حکام نے غیر ملکی مسافر کو اینٹی نارکو ٹیکس فورس کے حوالے کردیا ۔ اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا غیر ملکی شخص نائیجیریا کا شہری ہے اور اس کے پاس سے 1.2 کلو کوکین برآمد ہوئی ہے ۔ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے جلد ہی مکروہ دھندے میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا ۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) موٹاپا دنیا بھر کے انسانوں کے لیے خظرہ بنتا جارہا ہے اور لوگ اس کے باعث سست روی کا شکا ہونے لگے ہیں لیکن ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس موٹاپے سے سب سے زیادہ خطرہ خواتین کی صحت اور آنے والی نسلوں کو ہے جس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
برطانوی چیف میڈیکل نے اپنی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ موٹاپا خواتین کے ساتھ ساتھ ان کے آنے والے بچوں کی صحت کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موٹاپے سے نمٹنا ایک قومی ترجیح ہونی چاہیے اور ساتھ ہی خواتین کو اس قابل بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ صحت مند اور فعال زندگی گزار سکیں۔ 51 فیصد کی صحت خواتین کے نام سے شائع ہونے والی رپورٹ میں انگلینڈ میں خواتین کی بہتر صحت کے لیے 17 تجاویز پیش کی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ موٹاپے کا مرض اتنا سنجیدہ مسئلہ ہے کہ اسے قومی سطح پر آبادی کے لیے ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے اور خاص طور پر خواتین پر توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ موٹاپا ان کی زندگی کا دورانیہ کم کرنے کا سبب بھی بن رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف انگلینڈ میں 2013 میں 34 سے 44 سال کی عمر کے درمیان کی 64 فیصد خواتین اور 45 سال سے 54 سال عمر کے درمیان کی 71 فیصد خواتین یا تو موٹاپے کا شکار تھیں یا پھر فربہ ہونے کی طرف مائل تھیں۔ رپورٹ میں اس مسئلے پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ خواتین کو اپنے بچوں اور ان کی نسلوں کی خاطر دوران حمل اپنی جسمانی اور دماغی صحت کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
ایمز ٹی وی (سائنس اینڈٹیکنالوجی) فضاؤں میں اڑتے چھوٹے چھوٹے ڈرونز مختلف کام سر انجام دیتے نظر آتے ہیں لیکن اکثر لوگ انہیں شوق میں اڑاتے ہیں جس سے اس بات کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ یہ ڈرونز دہشت گردی کے لیے بھی استعمال ہو سکتے ہیں اسی لیے جاپان نے ان ڈرونز کے لیے پولیس کا ڈرون اسکواڈ تیار کیا ہے جو ان ڈرونز کو سیکورٹی زون میں آنے سے خبردار کرے گا اور اگریہ باز نہ آئے تو انہیں جال میں پھنسا کر گرا دے گا۔
ٹوکیو پولیس کو یہ خیال کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم ہاؤس کے چھت پر اترنے والے ایک نامعلوم ڈرون کے بعد آیا جس میں تابکاری شعاعوں والا خطرناک میٹریل موجود تھا۔ پولیس کے مطابق یہ ڈرون اسکواڈ اہم عمارات کے گرد پیٹرولنگ کرے گا اور اگر جیسے ہی کوئی مشتبہ ڈرون نظرآئے گا تو لاؤڈ اسپییکر کے ذریعے اسے خبردار کیا جائے گا کہ وہ عمارت سے دور ہوجائے اور اگر ایسا کرنے پر بھی وہ ڈرون عمل نہیں کرے گا تو پولیس ڈرون اسکواڈ اس کا پیچھا کرکے اس پر جال پھینک کر اسے گرا دے گا۔ جاپان سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اہلکارکا کہنا ہے کہ دہشت گرد ڈرون میں دھماکا خیز مواد رکھ کر اسے دہشت گردی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں اس لیے انہیں امید ہے کہ اس اسکواڈ کی مدد سے اس خطرے سے نمٹا جا سکے گا۔
جاپان میں ڈرون بنانے والی ایک فرم کا کہنا ہے کہ جاپان میں ایئرپورٹ، پاور پلانٹ، شاہراؤں پر 150 میٹر سے اوپراور دیگر اہم عمارتوں کے قریب پرواز غیر قانونی ہے۔ جاپانی لیگل فرم کے مطابق جاپانی پولیس کے ڈرون اسکوا ڈ کا جال کے ذریعے ڈرون کو گرانا ایک دلچسپ طریقہ ہے اس سے ڈرون کے غیر قانونی اڑان کو روکنے میں مدد ملے گی۔
ایمز ٹی وی (بزنس ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے معاشی منظر نامہ مجموعی طور پرمثبت نظرآرہاہے، مہنگائی ہدف سے کم اور مالیاتی کھاتہ بہتر رہنے کی توقع ہے، مالیاتی خسارہ کم کرنے کیلیے ٹیکس وصولیوں میں 19.9فیصد اضافہ نمو کے ہدف کی وجہ سے 3104ارب روپے ٹیکس وصولیاں دشوار ہیں، مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 5.5فیصد کا ہدف حاصل کرنے کے لیے زراعت، صنعت وخدمات تینوں شعبوں میں بہتری ناگزیر ہے۔
بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے زراعت کے شعبے کو پہنچنے والا نقصان جی ڈی پی کیلیے خطرہ ہے۔ مالی سال2014-15میں بیشتر اہم معاشی اہداف حاصل نہ ہوسکے، گزشتہ چند سال کے مقابلے میں جی ڈی پی کی شرح نمو 2014-15کیلیے مقررہ 5.1فیصد کے ہدف کے مقابلے میں4.2 فیصد تک محدود رہی، زراعت کی شرح نمو3.3فیصد کے بجائے 2.9فیصد، صنعتی ترقی 6.8فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.6فیصد، خدمات کے شعبے کی نمو5.2فیصد کے بجائے5فیصد رہی۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل اورکموڈٹیز کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے افراط زر کی شرح8فیصد کے اندازے کے بجائے4.5فیصد تک محدود رہی۔ حکومت مالی سال 2014-15میں بھی مجموعی قرضوں کو جی ڈی پی کے 60 فیصد تک محدودکرنے کے ایکٹ کی پابندی نہ کرسکی۔18ویں ترمیم اور7ویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت قابل تقسیم پول جاری کرنے کے بعد وفاق کے وسائل محدودہوگئے ہیں جوصرف سودی ادائیگیاں اوردفاعی اخراجات پورے کرسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2014-15 میں مجموعی سرکاری قرضے جی ڈی پی کے 64.8فیصد رہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان ایشیا کی سب سے زیادہ پرکشش خواتین کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔
معروف برطانوی شوبز اخبار نے ایشیا کی 50 سب سے زیادہ پر کشش خواتین کی فہرست جاری کردی جس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا ایشیا کی سب سے زیادہ پرکشش خاتون ہیں جس کے بعد دوسرا نمبر بھارتی ٹی وی اداکارہ ثانیا ارانی اور تیسرا پر اداکارہ دھرشتی دھمی کا ہے۔
بالی ووڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون چوتھے ، باربی ڈول کترینہ کیف پانچویں نمبر پر براجمان ہیں جب کہ پاکستانی ڈراموں کے بعد بالی ووڈ میں کنگ شاہ رخ خان کی فلم سے اپنا کیرئیر شروع کرنے والی اداکارہ ماہر ہ خان نے کئی نامور اداکاراؤں مادھوری ڈکشٹ، عالیہ بھٹ، پرینیتی چوپڑا، بپاشاباسو اور شردھا کپور کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فہرست میں 10 ویں نمبر پر اپنی جگہ بنائی ہے۔